دانیال 18:5-21

دانیال 18:5-21 اُردو ہم عصر ترجُمہ (UCV)

”اَے بادشاہ، خُداتعالیٰ نے آپ کے باپ نبوکدنضرؔ کو سلطنت، عظمت، جلال اَور شان بخشی تھی۔ چونکہ خُداتعالیٰ نے اُنہیں اِس قدر عالی مرتبہ بخشا تھا اِس لیٔے تمام لوگ اَور قومیں اَور مُختلف زبانیں بولنے والے لوگ اُن سے ڈرتے اَور خوف کھاتے تھے۔ بادشاہ نے جنہیں چاہا، اُنہیں قتل کروا دیا، جنہیں وہ بچانا چاہا، اُنہیں بچا لیا۔ جنہیں سرفراز کرنا چاہا، اُنہیں سرفراز کیا اَور جنہیں ذلیل کرنا چاہا، اُنہیں ذلیل کیا۔ لیکن جَب اُس کے دِل میں غُرور آیا اَور اُس کا دِل غُرور سے سخت ہو گیا، تَب اُسے تختِ شاہی سے معزول کر دیا گیا اَور اُس کی جاہ و حشمت چھین لی گئی۔ اَور اُسے لوگوں کے درمیان سے نکال دیا گیا اَور اُسے حَیوان کا دِل دیا گیا۔ وہ گورخروں کی صحبت میں رہا اَور بَیلوں کی مانند گھاس کھاتا رہا اَور اُس کا جِسم آسمان کی شبنم سے بھیگتا رہا جَب تک کہ اُس نے اقرار کر لیا کہ خُداتعالیٰ اِنسان کی مملکتوں پر حُکمرانی کرتا ہے اَور وہ جسے چاہتاہے اُسے اُس پر قائِم کرتا ہے۔

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں دانیال 5

دانیال 18:5-21 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)

اے بادشاہ، جو سلطنت، عظمت اور شان و شوکت آپ کے باپ نبوکدنضر کو حاصل تھی وہ اللہ تعالیٰ سے ملی تھی۔ اُسی نے اُنہیں وہ عظمت عطا کی تھی جس کے باعث تمام قوموں، اُمّتوں اور زبانوں کے افراد اُن سے ڈرتے اور اُن کے سامنے کانپتے تھے۔ جسے وہ مار ڈالنا چاہتے تھے اُسے مارا گیا، جسے وہ زندہ چھوڑنا چاہتے تھے وہ زندہ رہا۔ جسے وہ سرفراز کرنا چاہتے تھے وہ سرفراز ہوا اور جسے پست کرنا چاہتے تھے وہ پست ہوا۔ لیکن وہ پھول کر حد سے زیادہ مغرور ہو گئے، اِس لئے اُنہیں تخت سے اُتارا گیا، اور وہ اپنی قدر و منزلت کھو بیٹھے۔ اُنہیں انسانی سنگت سے نکال کر بھگایا گیا، اور اُن کا دل جانور کے دل کی مانند بن گیا۔ اُن کا رہن سہن جنگلی گدھوں کے ساتھ تھا، اور وہ بَیلوں کی طرح گھاس چرنے لگے۔ اُن کا جسم آسمان کی اوس سے تر رہتا تھا۔ یہ حالت اُس وقت تک رہی جب تک کہ اُنہوں نے اقرار نہ کیا کہ اللہ تعالیٰ کا انسانی سلطنتوں پر اختیار ہے، وہ اپنی ہی مرضی سے لوگوں کو اُن پر مقرر کرتا ہے۔

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں دانیال 5