YouVersion Logo
تلاش

دانیال 13:5-22

دانیال 13:5-22 کِتابِ مُقادّس (URD)

تب دانی ایل بادشاہ کے حضُور حاضِر کِیا گیا۔ بادشاہ نے دانی ایل سے پُوچھا کِیا تُو وُہی دانی ایل ہے جو یہُوداؔہ کے اسِیروں میں سے ہے جِن کو بادشاہ میرا باپ یہُوداؔہ سے لایا؟ مَیں نے تیری بابت سُنا ہے کہ اِلہٰوں کی رُوح تُجھ میں ہے اور نُور اور دانِش اور کامِل حِکمت تُجھ میں ہیں۔ حکِیم اور نجُومی میرے حضُور حاضِر کِئے گئے تاکہ اِس نوِشتہ کو پڑھیں اور اِس کا مطلب مُجھ سے بیان کریں لیکن وہ اِس کا مطلب بیان نہیں کر سکے۔ اور مَیں نے تیری بابت سُنا ہے کہ تُو تعبِیر اور حلِّ مُشکلات پر قادِر ہے۔ پس اگر تُو اِس نوِشتہ کو پڑھے اور اِس کا مطلب مُجھ سے بیان کرے تو ارغوانی خِلعت پائے گا اور تیری گردن میں زرِّین طَوق پہنایا جائے گا اور تُو مُملکت میں تِیسرے درجہ کا حاکِم ہو گا۔ تب دانی ایل نے بادشاہ کو جواب دِیا کہ تیرا اِنعام تیرے ہی پاس رہے اور اپنا صِلہ کِسی دُوسرے کو دے تَو بھی مَیں بادشاہ کے لِئے اِس نوِشتہ کو پڑُھوں گا اور اِس کا مطلب اُس سے بیان کرُوں گا۔ اَے بادشاہ خُدا تعالیٰ نے نبُوکدؔنضر تیرے باپ کو سلطنت اور حشمت اور شَوکت اور عِزّت بخشی۔ اور اُس حشمت کے سبب سے جو اُس نے اُسے بخشی تمام لوگ اور اُمّتیں اور اہلِ لُغت اُس کے حضُور لرزان و ترسان ہُوئے۔ اُس نے جِس کو چاہا ہلاک کِیا اور جِس کو چاہا زِندہ رکھّا۔ جِس کو چاہا سرفراز کِیا اور جِس کو چاہا ذلِیل کِیا۔ لیکن جب اُس کی طبِیعت میں گھمنڈ سمایا اور اُس کا دِل غُرُور سے سخت ہو گیا تو وہ تختِ سلطنت سے اُتار دِیا گیا اور اُس کی حشمت جاتی رہی۔ اور وہ بنی آدمؔ کے درمِیان سے ہانک کر نِکال دِیا گیا اور اُس کا دِل حَیوانوں کا سا بنا اور گورخروں کے ساتھ رہنے لگا اور اُسے بَیلوں کی طرح گھاس کِھلاتے تھے اور اُس کا بدن آسمان کی شبنم سے تر ہُؤا جب تک اُس نے معلُوم نہ کِیا کہ خُدا تعالیٰ اِنسان کی مُملکت میں حُکمرانی کرتا ہے اور جِس کو چاہتا ہے اُس پر قائِم کرتا ہے۔ لیکن تُو اَے بیلشضر جو اُس کا بیٹا ہے باوُجُودیکہ تُو اِس سب سے واقِف تھا تَو بھی تُو نے اپنے دِل سے عاجِزی نہ کی۔

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں دانیال 5

دانیال 13:5-22 اُردو ہم عصر ترجُمہ (UCV)

چنانچہ دانی ایل کو بادشاہ کے رُوبرو پیش کیا گیا اَور بادشاہ نے پُوچھا، ”کیا تُم وُہی دانی ایل ہو، جو اُن اسیروں میں سے ہے جنہیں میرا باپ یہُوداہؔ سے جَلاوطن کرکے لایاتھا؟ مَیں نے سُنا ہے کہ معبُودوں کی رُوح تُم میں ہے اَور تُم بصیرت، دانش اَور کمال حِکمت کے مالک ہو۔ دانِشور اَور دلفریبیوں کو میرے سامنے پیش کئے گیٔے تاکہ یہ تحریر پڑھیں اَور مُجھے اُس کا مطلب بتائیں لیکن وہ اُسے واضح نہ کر سکے۔ اَب مَیں نے سُنا ہے کہ تُم تعبیریں بتاتے ہو اَور مُشکل مُعاملے سلجھاتے ہو۔ اگر تُم اِس تحریر کو پڑھ سکتے ہو اَور اُس کا مطلب مُجھے بتا دو، تو تُمہیں اَرغوانی لباس سے مُلبّس کیا جائے گا اَور سونے کی مالا تمہارے گلے میں پہنائی جائے گی اَور تُمہیں میری مملکت میں تیسرا اعلیٰ حاکم بنا دیا جائے گا۔“ تَب دانی ایل نے بادشاہ کو جَواب دیا، ”آپ اَپنے تحفے اَپنے ہی پاس رکھیں اَور اَپنے اِنعام کسی دُوسرے شخص کو دے دیں۔ تَو بھی میں یہ تحریر بادشاہ کی خاطِر پڑھوں گا اَور جَناب کو اِس کا مطلب بھی بتاؤں گا۔ ”اَے بادشاہ، خُداتعالیٰ نے آپ کے باپ نبوکدنضرؔ کو سلطنت، عظمت، جلال اَور شان بخشی تھی۔ چونکہ خُداتعالیٰ نے اُنہیں اِس قدر عالی مرتبہ بخشا تھا اِس لیٔے تمام لوگ اَور قومیں اَور مُختلف زبانیں بولنے والے لوگ اُن سے ڈرتے اَور خوف کھاتے تھے۔ بادشاہ نے جنہیں چاہا، اُنہیں قتل کروا دیا، جنہیں وہ بچانا چاہا، اُنہیں بچا لیا۔ جنہیں سرفراز کرنا چاہا، اُنہیں سرفراز کیا اَور جنہیں ذلیل کرنا چاہا، اُنہیں ذلیل کیا۔ لیکن جَب اُس کے دِل میں غُرور آیا اَور اُس کا دِل غُرور سے سخت ہو گیا، تَب اُسے تختِ شاہی سے معزول کر دیا گیا اَور اُس کی جاہ و حشمت چھین لی گئی۔ اَور اُسے لوگوں کے درمیان سے نکال دیا گیا اَور اُسے حَیوان کا دِل دیا گیا۔ وہ گورخروں کی صحبت میں رہا اَور بَیلوں کی مانند گھاس کھاتا رہا اَور اُس کا جِسم آسمان کی شبنم سے بھیگتا رہا جَب تک کہ اُس نے اقرار کر لیا کہ خُداتعالیٰ اِنسان کی مملکتوں پر حُکمرانی کرتا ہے اَور وہ جسے چاہتاہے اُسے اُس پر قائِم کرتا ہے۔ ”لیکن اَے بیلشضرؔ آپ جو نبوکدنضرؔ کے بیٹے ہیں، یہ سَب جانتے ہُوئے بھی خُود کو حلیم نہیں کیا۔

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں دانیال 5

دانیال 13:5-22 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)

یہ سن کر بادشاہ نے دانیال کو فوراً بُلا لیا۔ جب پہنچا تو بادشاہ اُس سے مخاطب ہوا، ”کیا تم وہ دانیال ہو جسے میرے باپ نبوکدنضر بادشاہ یہوداہ کے جلاوطنوں کے ساتھ یہوداہ سے یہاں لائے تھے؟ سنا ہے کہ دیوتاؤں کی روح تم میں ہے، کہ تم بصیرت، فہم اور غیرمعمولی حکمت کے مالک ہو۔ دانش مندوں اور نجومیوں کو میرے سامنے لایا گیا ہے تاکہ دیوار پر لکھے ہوئے الفاظ پڑھ کر مجھے اُن کا مطلب بتائیں، لیکن وہ ناکام رہے ہیں۔ اب مجھے بتایا گیا کہ تم خوابوں کی تعبیر اور پیچیدہ مسئلوں کو حل کرنے میں ماہر ہو۔ اگر تم یہ الفاظ پڑھ کر مجھے اِن کا مطلب بتا سکو تو تمہیں ارغوانی رنگ کا لباس پہنایا جائے گا۔ تمہارے گلے میں سونے کی زنجیر پہنائی جائے گی، اور حکومت میں صرف دو لوگ تم سے بڑے ہوں گے۔“ دانیال نے جواب دیا، ”مجھے اجر نہ دیں، اپنے تحفے کسی اَور کو دیجئے۔ مَیں بادشاہ کو یہ الفاظ اور اِن کا مطلب ویسے ہی بتا دوں گا۔ اے بادشاہ، جو سلطنت، عظمت اور شان و شوکت آپ کے باپ نبوکدنضر کو حاصل تھی وہ اللہ تعالیٰ سے ملی تھی۔ اُسی نے اُنہیں وہ عظمت عطا کی تھی جس کے باعث تمام قوموں، اُمّتوں اور زبانوں کے افراد اُن سے ڈرتے اور اُن کے سامنے کانپتے تھے۔ جسے وہ مار ڈالنا چاہتے تھے اُسے مارا گیا، جسے وہ زندہ چھوڑنا چاہتے تھے وہ زندہ رہا۔ جسے وہ سرفراز کرنا چاہتے تھے وہ سرفراز ہوا اور جسے پست کرنا چاہتے تھے وہ پست ہوا۔ لیکن وہ پھول کر حد سے زیادہ مغرور ہو گئے، اِس لئے اُنہیں تخت سے اُتارا گیا، اور وہ اپنی قدر و منزلت کھو بیٹھے۔ اُنہیں انسانی سنگت سے نکال کر بھگایا گیا، اور اُن کا دل جانور کے دل کی مانند بن گیا۔ اُن کا رہن سہن جنگلی گدھوں کے ساتھ تھا، اور وہ بَیلوں کی طرح گھاس چرنے لگے۔ اُن کا جسم آسمان کی اوس سے تر رہتا تھا۔ یہ حالت اُس وقت تک رہی جب تک کہ اُنہوں نے اقرار نہ کیا کہ اللہ تعالیٰ کا انسانی سلطنتوں پر اختیار ہے، وہ اپنی ہی مرضی سے لوگوں کو اُن پر مقرر کرتا ہے۔ اے بیل شَضَر بادشاہ، گو آپ اُن کے بیٹے ہیں اور اِس بات کا علم رکھتے ہیں توبھی آپ فروتن نہ رہے

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں دانیال 5