دانیال 1:5-4
دانیال 1:5-4 اُردو ہم عصر ترجُمہ (UCV)
بیلشضرؔ بادشاہ نے اَپنے ایک ہزار اُمرا کی بڑی دھوم دھام سے ضیافت کی اَور اُن کے ساتھ مَے نوشی کی۔ جَب بیلشضرؔ مَے نوشی کر رہاتھا تَب اُس نے حُکم دیا کہ سونے اَور چاندی کے وہ برتن لایٔے جایٔیں جنہیں اُس کا باپ نبوکدنضرؔ، یروشلیمؔ کی بیت المُقدّس میں سے نکال لایاتھا تاکہ بادشاہ اَور اُس کے اُمرا اَور اُس کی بیویاں اَور داشتائیں اُن میں شراب پیئیں۔ چنانچہ وہ سونے کے برتن لایٔے گیٔے جنہیں یروشلیمؔ کی خُدا کی بیت المُقدّس میں سے نکالا گیا تھا اَور بادشاہ اَور اُس کے اُمرا، اُس کی بیویوں اَور داشتاؤں نے اُن میں مَے پی۔ وہ مَے نوشی کرکے، سونے اَور چاندی اَور کانسے، لوہے، لکڑی اَور پتّھر کے معبُودوں کی حَمد و سِتائش کرتے رہے۔
دانیال 1:5-4 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)
ایک دن بیل شَضَر بادشاہ اپنے بڑوں کے ہزار افراد کے لئے زبردست ضیافت کر کے اُن کے ساتھ مَے پینے لگا۔ نشے میں اُس نے حکم دیا، ”سونے چاندی کے جو پیالے میرے باپ نبوکدنضر نے یروشلم میں واقع اللہ کے گھر سے چھین لئے تھے وہ میرے پاس لے آؤ تاکہ مَیں اپنے بڑوں، بیویوں اور داشتاؤں کے ساتھ اُن سے مَے پی لوں۔“ چنانچہ یروشلم میں واقع اللہ کے گھر سے لُوٹے ہوئے پیالے اُس کے پاس لائے گئے، اور سب اُن سے مَے پی کر سونے، چاندی، پیتل، لوہے، لکڑی اور پتھر کے اپنے بُتوں کی تمجید کرنے لگے۔
دانیال 1:5-4 کِتابِ مُقادّس (URD)
بیلشضر بادشاہ نے اپنے ایک ہزار اُمرا کی بڑی دُھوم دھام سے ضِیافت کی اور اُن کے سامنے مَے نوشی کی۔ بیلشضر نے مَے سے مسرُور ہو کر حُکم کِیا کہ سونے اور چاندی کے ظرُوف جو نبُوکدؔنضر اُس کا باپ یروشلِیم کی ہَیکل سے نِکال لایا تھا لائیں تاکہ بادشاہ اور اُس کے اُمرا اور اُس کی بِیویاں اور حرمیں اُن میں مَے خواری کریں۔ تب سونے کے ظرُوف کو جو ہَیکل سے یعنی خُدا کے گھر سے جو یروشلِیم میں ہے لے گئے تھے لائے اور بادشاہ اور اُس کے اُمرا اور اُس کی بِیویوں اور حرموں نے اُن میں مَے پی۔ اُنہوں نے مَے پی اور سونے اور چاندی اور پِیتل اور لوہے اور لکڑی اور پتّھر کے بُتوں کی حمد کی۔