دانیال 17:2-23
دانیال 17:2-23 اُردو ہم عصر ترجُمہ (UCV)
تَب دانی ایل گھر لَوٹا اَور اَپنے رفیق حننیاہؔ، میشاایلؔ اَور عزریاہؔ کو یہ ماجرا سُنایا۔ اَور دانی ایل سے درخواست کی کہ وہ آسمانی خُدا سے اُس راز کے متعلّق رحمت طلب کریں تاکہ وہ اَور اُس کے رفیق بابیل کے دُوسرے دانِشوروں کے ساتھ قتل نہ کئے جایٔیں۔ پھر اُس رات کو دانی ایل پر رُویا میں یہ راز ظاہر کیا گیا۔ تَب دانی ایل نے آسمانی خُدا کی تمجید کی اَور دانی ایل نے کہا: ”خُدا کے نام کی اَبد تک تمجید ہو؛ کیونکہ حِکمت اَور قُدرت اُسی کی ہے۔ وقتوں اَور موسموں کو وُہی بدلتا ہے؛ وُہی بادشاہوں کو قائِم کرتا ہے اَور اُنہیں معزول بھی کرتا ہے۔ وہ حکیموں کو حِکمت اَور صاحبِ بصیرت کو عِرفان بخشتا ہے۔ وہ گہری اَور خُفیہ چیزوں کو آشکارا کرتا ہے؛ وُہی جانتا ہے کہ تاریکی میں کیا ہے، اَور نُور اُس کے ساتھ ہمیشہ قائِم رہتاہے۔ اَے میرے آباؤاَجداد کے خُدا، میں تمہارا شُکر اَور تیری تمجید کرتا ہُوں؛ آپ نے مُجھے حِکمت اَور قُدرت بخشی، اَور ہم نے آپ سے جو طلب کیا اُسے آپ نے مُجھ پر ظاہر کیا، آپ نے ہم پر بادشاہ کا خواب ظاہر کیا۔“
دانیال 17:2-23 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)
پھر وہ اپنے گھر واپس گیا اور اپنے دوستوں حننیاہ، میسائیل اور عزریاہ کو تمام صورتِ حال سنائی۔ وہ بولا، ”آسمان کے خدا سے التجا کریں کہ وہ مجھ پر رحم کرے۔ منت کریں کہ وہ میرے لئے بھید کھولے تاکہ ہم دیگر دانش مندوں کے ساتھ ہلاک نہ ہو جائیں۔“ رات کے وقت دانیال نے رویا دیکھی جس میں اُس کے لئے بھید کھولا گیا۔ تب اُس نے آسمان کے خدا کی حمد و ثنا کی، ”اللہ کے نام کی تمجید ازل سے ابد تک ہو۔ وہی حکمت اور قوت کا مالک ہے۔ وہی اوقات اور زمانے بدلنے دیتا ہے۔ وہی بادشاہوں کو تخت پر بٹھا دیتا اور اُنہیں تخت پر سے اُتار دیتا ہے۔ وہی دانش مندوں کو دانائی اور سمجھ داروں کو سمجھ عطا کرتا ہے۔ وہی گہری اور پوشیدہ باتیں ظاہر کرتا ہے۔ جو کچھ اندھیرے میں چھپا رہتا ہے اُس کا علم وہ رکھتا ہے، کیونکہ وہ روشنی سے گھرا رہتا ہے۔ اے میرے باپ دادا کے خدا، مَیں تیری حمد و ثنا کرتا ہوں! تُو نے مجھے حکمت اور طاقت عطا کی ہے۔ جو بات ہم نے تجھ سے مانگی وہ تُو نے ہم پر ظاہر کی، کیونکہ تُو نے ہم پر بادشاہ کا خواب ظاہر کیا ہے۔“
دانیال 17:2-23 کِتابِ مُقادّس (URD)
تب دانی ایل نے اپنے گھر جا کر حننیاؔہ اور مِیسااؔیل اور عزریاؔہ اپنے رفِیقوں کو اِطلاع دی۔ تاکہ وہ اِس راز کے باب میں آسمان کے خُدا سے رحمت طلب کریں کہ دانی ایل اور اُس کے رفِیق بابل کے باقی حکِیموں کے ساتھ ہلاک نہ ہوں۔ پِھر رات کو خواب میں دانی ایل پر وہ راز کُھل گیا اور اُس نے آسمان کے خُدا کو مُبارک کہا۔ دانی ایل نے کہا خُدا کا نام تا ابد مُبارک ہو کیونکہ حِکمت اور قُدرت اُسی کی ہے۔ وُہی وقتوں اور زمانوں کو تبدِیل کرتا ہے۔ وُہی بادشاہوں کو معزُول اور قائِم کرتا ہے وُہی حکِیموں کو حِکمت اور دانِش مندوں کو دانِش عِنایت کرتا ہے۔ وُہی گہری اور پوشِیدہ چِیزوں کو ظاہِر کرتا ہے اور جو کُچھ اندھیرے میں ہے اُسے جانتا ہے اور نُور اُسی کے ساتھ ہے۔ مَیں تیرا شُکر کرتا ہُوں اور تیری سِتایش کرتا ہُوں اَے میرے باپ دادا کے خُدا جِس نے مُجھے حِکمت اور قُدرت بخشی اور جو کُچھ ہم نے تُجھ سے مانگا تُو نے مُجھ پر ظاہر کِیا کیونکہ تُو نے بادشاہ کا مُعاملہ ہم پر ظاہِر کِیا ہے۔