کُلسِیوں 5:3-10
کُلسِیوں 5:3-10 اُردو ہم عصر ترجُمہ (UCV)
پس تُم اَپنی دُنیوی فطرت کو مار ڈالو مثلاً: جنسی بدفعلی، ناپاکی، شَہوت پرستی، بُری خواہشات اَور لالچ کو جو بُت پرستی کے بَرابر ہے۔ کیونکہ اِن ہی کے سبب سے، خُدا کا غضب نازل ہوتاہے۔ ایک وقت تھا، جَب تُم بھی اَپنی پچھلی زندگی اِسی طرح کی غُلامی میں گزارتے تھے۔ مگر اَب اِن سَب چیزوں کو: یعنی غُصّہ، قہر، کینہ، کُفر اَور اَپنے مُنہ سے گالی بکنا چھوڑ دو۔ ایک دُوسرے سے جھُوٹ مت بولو، کیونکہ تُم نے اَپنی پُرانی فطرت کو اُس کی بُری عادتوں سمیت اُتار پھینکا ہے اَور نئی اِنسانیّت کو پہن لیا ہے، جسے خُدا نے اَپنی صورت پر پیدا کیا ہے تاکہ تُم اُس کے عِرفان میں بڑھتے اَور اُس کے مانند بنتے جاؤ۔
کُلسِیوں 5:3-10 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)
چنانچہ اُن دنیاوی چیزوں کو مار ڈالیں جو آپ کے اندر کام کر رہی ہیں: زناکاری، ناپاکی، شہوت پرستی، بُری خواہشات اور لالچ (لالچ تو ایک قسم کی بُت پرستی ہے)۔ اللہ کا غضب ایسی ہی باتوں کی وجہ سے نازل ہو گا۔ ایک وقت تھا جب آپ بھی اِن کے مطابق زندگی گزارتے تھے، جب آپ کی زندگی اِن کے قابو میں تھی۔ لیکن اب وقت آ گیا ہے کہ آپ یہ سب کچھ یعنی غصہ، طیش، بدسلوکی، بہتان اور گندی زبان خستہ حال کپڑے کی طرح اُتار کر پھینک دیں۔ ایک دوسرے سے بات کرتے وقت جھوٹ مت بولنا، کیونکہ آپ نے اپنی پرانی فطرت اُس کی حرکتوں سمیت اُتار دی ہے۔ ساتھ ساتھ آپ نے نئی فطرت پہن لی ہے، وہ فطرت جس کی تجدید ہمارا خالق اپنی صورت پر کرتا جا رہا ہے تاکہ آپ اُسے اَور بہتر طور پر جان لیں۔
کُلسِیوں 5:3-10 کِتابِ مُقادّس (URD)
پس اپنے اُن اعضا کو مُردہ کرو جو زمِین پر ہیں یعنی حرام کاری اور ناپاکی اور شہوَت اور بُری خواہِش اور لالچ کو جو بُت پرستی کے برابر ہے۔ کہ اُن ہی کے سبب سے خُدا کا غضب نافرمانی کے فرزندوں پر نازِل ہوتا ہے۔ اور تُم بھی جِس وقت اُن باتوں میں زِندگی گُذارتے تھے اُس وقت اُن ہی پر چلتے تھے۔ لیکن اب تُم بھی اِن سب کو یعنی غُصّہ اور قہر اور بدخَواہی اور بدگوئی اور مُنہ سے گالی بکنا چھوڑ دو۔ ایک دُوسرے سے جُھوٹ نہ بولو کیونکہ تُم نے پُرانی اِنسانِیّت کو اُس کے کاموں سمیت اُتار ڈالا۔ اور نئی اِنسانِیّت کو پہن لِیا ہے جو معرفت حاصِل کرنے کے لِئے اپنے خالِق کی صُورت پر نئی بنتی جاتی ہے۔