کُلسِیوں 3:1-12
کُلسِیوں 3:1-12 اُردو ہم عصر ترجُمہ (UCV)
جَب ہم تمہارے لیٔے دعا کرتے ہیں تو ہمیشہ اَپنے خُداوؔند یِسوعؔ المسیح کے باپ، یعنی خُدا کا شُکر اَدا کرتے ہیں، کیونکہ ہم نے سُنا ہے کہ تُم خُداوؔند المسیح یِسوعؔ پر ایمان رکھتے ہو اَور سَب مُقدّسین سے کِس قدر مَحَبّت کرتے ہو۔ تمہارا یہ ایمان اَور مَحَبّت اُس چیز کی اُمّید کے سبب سے ہے جو تمہارے لیٔے آسمان پر جمع کرکے رکھی ہُوئی ہے اَور جِس کا ذِکر تُم نے پہلے ہی انجیل کے برحق کلام میں سُنا تھا یہ پیغام جو تمہارے پاس پہُنچ چُکاہے۔ ٹھیک اُسی طرح پُوری دُنیا میں پھیل رہا اَور ترقّی کر رہاہے، جِس طرح یہ تمہارے درمیان بھی اُسی دِن سے کام کر رہاہے جِس دِن تُم نے پہلی مرتبہ اِسے سُن کر خُدا کے فضل کی پُوری حقیقت سمجھ لی تھی۔ تُم نے اُس کی تعلیم ہمارے عزیز ہم خدمت اِپفِراسؔ سے سیکھی، جو ہماری طرف سے تمہارے درمیان المسیح کا وفادار خادِم ہے۔ اِپفِراسؔ نے ہمیں بتایا کہ پاک رُوح نے تمہارے اَندر کیسی مَحَبّت پیدا کی ہے۔ اِس لیٔے جِس دِن سے ہم نے آپ لوگوں سے یہ سَب باتیں سُنی ہیں، ہم بھی تمہارے واسطے خُدا سے بلاناغہ دعا کرتے اَور درخواست کرنے سے باز نہیں آتے کہ تُمہیں خُدا اَپنی مرضی کے علم سے، رُوحانی حِکمت اَور سمجھ سے معموُر کر دے جسے پاک رُوح مُہیّا کرتا ہے۔ تاکہ تمہاری زندگی خُداوؔند کے لائق ہو اَور خُداوؔند کو ہر طرح سے خُوش کرنے والی ہو: اَور سَب نیک کام میں پھلدار بنو، اَور خُدا کے علم و عِرفان میں بڑھتے چلے جاؤ، تُم لوگوں کے لیٔے ہماری دعا ہے کہ تُم خُدا کی جلالی قُدرت سے مِلنے والی ہر طرح کی قُوّت سے مضبُوط ہوتے جاؤ تاکہ تُم میں بےحد تحمُّل اَور صبر پیدا ہو، اَور خُوشی سے خُدا باپ کا شُکر کرتے رہو جِس نے تُمہیں نُور کی بادشاہی میں اَپنے مُقدّس لوگوں کی مِیراث میں شامل ہونے کے لائق بنایا،
کُلسِیوں 3:1-12 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)
جب ہم آپ کے لئے دعا کرتے ہیں تو ہر وقت خدا اپنے خداوند عیسیٰ مسیح کے باپ کا شکر کرتے ہیں، کیونکہ ہم نے آپ کے مسیح عیسیٰ پر ایمان اور آپ کی تمام مُقدّسین سے محبت کے بارے میں سن لیا ہے۔ آپ کا یہ ایمان اور محبت وہ کچھ ظاہر کرتے ہیں جس کی آپ اُمید رکھتے ہیں اور جو آسمان پر آپ کے لئے محفوظ رکھا گیا ہے۔ اور آپ نے یہ اُمید اُس وقت سے رکھی ہے جب سے آپ نے پہلی مرتبہ سچائی کا کلام یعنی اللہ کی خوش خبری سنی۔ یہ پیغام جو آپ کے پاس پہنچ گیا پوری دنیا میں پھل لا رہا اور بڑھ رہا ہے، بالکل اُسی طرح جس طرح یہ آپ میں بھی اُس دن سے کام کر رہا ہے جب آپ نے پہلی بار اِسے سن کر اللہ کے فضل کی پوری حقیقت سمجھ لی۔ آپ نے ہمارے عزیز ہم خدمت اِپَفراس سے اِس خوش خبری کی تعلیم پا لی تھی۔ مسیح کا یہ وفادار خادم ہماری جگہ آپ کی خدمت کر رہا ہے۔ اُسی نے ہمیں آپ کی اُس محبت کے بارے میں بتایا جو روح القدس نے آپ کے دلوں میں ڈال دی ہے۔ اِس وجہ سے ہم آپ کے لئے دعا کرنے سے باز نہیں آئے بلکہ یہ مانگتے رہتے ہیں کہ اللہ آپ کو ہر روحانی حکمت اور سمجھ سے نواز کر اپنی مرضی کے علم سے بھر دے۔ کیونکہ پھر ہی آپ اپنی زندگی خداوند کے لائق گزار سکیں گے اور ہر طرح سے اُسے پسند آئیں گے۔ ہاں، آپ ہر قسم کا اچھا کام کر کے پھل لائیں گے اور اللہ کے علم و عرفان میں ترقی کریں گے۔ اور آپ اُس کی جلالی قدرت سے ملنے والی ہر قسم کی قوت سے تقویت پا کر ہر وقت ثابت قدمی اور صبر سے چل سکیں گے۔ آپ خوشی سے باپ کا شکر کریں گے جس نے آپ کو اُس میراث میں حصہ لینے کے لائق بنا دیا جو اُس کے روشنی میں رہنے والے مُقدّسین کو حاصل ہے۔
کُلسِیوں 3:1-12 کِتابِ مُقادّس (URD)
ہم تُمہارے حق میں ہمیشہ دُعا کر کے اپنے خُداوند یِسُوعؔ مسِیح کے باپ یعنی خُدا کا شُکر کرتے ہیں۔ کیونکہ ہم نے سُنا ہے کہ مسِیح یِسُوع پر تُمہارا اِیمان ہے اور سب مُقدّس لوگوں سے مُحبّت رکھتے ہو۔ اُس اُمّید کی ہُوئی چِیز کے سبب سے جو تُمہارے واسطے آسمان پر رکھّی ہُوئی ہے جِس کا ذِکر تُم اُس خُوشخبری کے کلامِ حق میں سُن چُکے ہو۔ جو تُمہارے پاس پُہنچی ہے جَیسے سارے جہان میں بھی پَھل دیتی اور ترقّی کرتی جاتی ہے۔ چُنانچہ جِس دِن سے تُم نے اُس کو سُنا اور خُدا کے فضل کو سچّے طَور پر پہچانا تُم میں بھی اَیسا ہی کرتی ہے۔ اُسی کی تعلِیم تُم نے ہمارے عزِیز ہم خِدمت اِپَفراس سے پائی جو ہمارے لِئے مسِیح کا دِیانت دار خادِم ہے۔ اُسی نے تُمہاری مُحبّت کو جو رُوح میں ہے ہم پر ظاہِر کِیا۔ اِسی لِئے جِس دِن سے یہ سُنا ہے ہم بھی تُمہارے واسطے یہ دُعا کرنے اور درخواست کرنے سے باز نہیں آتے کہ تُم کمال رُوحانی حِکمت اور سمجھ کے ساتھ اُس کی مرضی کے عِلم سے معمُور ہو جاؤ۔ تاکہ تُمہارا چال چلن خُداوند کے لائِق ہو اور اُس کو ہر طرح سے پسند آئے اور تُم میں ہر طرح کے نیک کام کا پَھل لگے اور خُدا کی پہچان میں بڑھتے جاؤ۔ اور اُس کے جلال کی قُدرت کے مُوافِق ہر طرح کی قُوّت سے قَوی ہوتے جاؤ تاکہ خُوشی کے ساتھ ہر صُورت سے صبر اور تحمُّل کر سکو۔ اور باپ کا شُکر کرتے رہو جِس نے ہم کو اِس لائق کِیا کہ نُور میں مُقدّسوں کے ساتھ مِیراث کا حِصّہ پائیں۔