کلُسّیِوں 3:1-12

کلُسّیِوں 3:1-12 UCV

جَب ہم تمہارے لیٔے دعا کرتے ہیں تو ہمیشہ اَپنے خُداوؔند یِسوعؔ المسیح کے باپ، یعنی خُدا کا شُکر اَدا کرتے ہیں، کیونکہ ہم نے سُنا ہے کہ تُم خُداوؔند المسیح یِسوعؔ پر ایمان رکھتے ہو اَور سَب مُقدّسین سے کِس قدر مَحَبّت کرتے ہو۔ تمہارا یہ ایمان اَور مَحَبّت اُس چیز کی اُمّید کے سبب سے ہے جو تمہارے لیٔے آسمان پر جمع کرکے رکھی ہُوئی ہے اَور جِس کا ذِکر تُم نے پہلے ہی انجیل کے برحق کلام میں سُنا تھا یہ پیغام جو تمہارے پاس پہُنچ چُکاہے۔ ٹھیک اُسی طرح پُوری دُنیا میں پھیل رہا اَور ترقّی کر رہاہے، جِس طرح یہ تمہارے درمیان بھی اُسی دِن سے کام کر رہاہے جِس دِن تُم نے پہلی مرتبہ اِسے سُن کر خُدا کے فضل کی پُوری حقیقت سمجھ لی تھی۔ تُم نے اُس کی تعلیم ہمارے عزیز ہم خدمت اِپفِراسؔ سے سیکھی، جو ہماری طرف سے تمہارے درمیان المسیح کا وفادار خادِم ہے۔ اِپفِراسؔ نے ہمیں بتایا کہ پاک رُوح نے تمہارے اَندر کیسی مَحَبّت پیدا کی ہے۔ اِس لیٔے جِس دِن سے ہم نے آپ لوگوں سے یہ سَب باتیں سُنی ہیں، ہم بھی تمہارے واسطے خُدا سے بلاناغہ دعا کرتے اَور درخواست کرنے سے باز نہیں آتے کہ تُمہیں خُدا اَپنی مرضی کے علم سے، رُوحانی حِکمت اَور سمجھ سے معموُر کر دے جسے پاک رُوح مُہیّا کرتا ہے۔ تاکہ تمہاری زندگی خُداوؔند کے لائق ہو اَور خُداوؔند کو ہر طرح سے خُوش کرنے والی ہو: اَور سَب نیک کام میں پھلدار بنو، اَور خُدا کے علم و عِرفان میں بڑھتے چلے جاؤ، تُم لوگوں کے لیٔے ہماری دعا ہے کہ تُم خُدا کی جلالی قُدرت سے مِلنے والی ہر طرح کی قُوّت سے مضبُوط ہوتے جاؤ تاکہ تُم میں بےحد تحمُّل اَور صبر پیدا ہو، اَور خُوشی سے خُدا باپ کا شُکر کرتے رہو جِس نے تُمہیں نُور کی بادشاہی میں اَپنے مُقدّس لوگوں کی مِیراث میں شامل ہونے کے لائق بنایا،