YouVersion Logo
تلاش

اعمال 1:15-12

اعمال 1:15-12 اُردو ہم عصر ترجُمہ (UCV)

بعض لوگ یہُودیؔہ سے انطاکِیہؔ پہُنچے اَور بھائیوں کو یہ تعلیم دینے لگے: ”اگر حضرت مُوسیٰ کی رائج کی ہویٔی رَسم کے مُطابق تمہارا ختنہ نہیں ہُوا، تو تُم نَجات نہیں پا سکتے۔“ اِس پر پَولُسؔ اَور بَرنباسؔ کی اُن لوگوں سے سخت بحث و تکرار ہویٔی۔ چنانچہ جماعت نے پَولُسؔ اَور بَرنباسؔ، اَور بعض دیگر اَشخاص کو اِس غرض سے مُقرّر کیا کہ وہ یروشلیمؔ جایٔیں اَور وہاں اِس مسٔلہ پر رسولوں اَور بُزرگوں سے بات کریں۔ تَب جماعت نے اُنہیں روانہ کیا، اَور جَب وہ فینیکےؔ اَور سامریہؔ کے علاقوں سے گزر رہے تھے، تو اُنہُوں نے وہاں کے مَسیحی بھائیوں کو بتایا کہ کِس طرح غَیریہُودی بھی المسیؔح پر ایمان لایٔے اَور جماعت میں شامل ہو گئے۔ یہ خبر سُن کر سارے بھایٔی نہایت خُوش ہوئے۔ جَب وہ یروشلیمؔ آئے تو جماعت، رسولوں اَور بُزرگوں نے اُن کا خیرمقدم کیا، تَب اُنہُوں نے سَب کچھ بَیان کیا کہ خُدا نے اُن کے ذریعہ کیا کیا کام اَنجام دئیے۔ فریسیوں کے فرقہ کے بعض لوگ جو ایمان لا چُکے تھے کھڑے ہوکر کہنے لگے، ”غَیریہُودی میں سے ایمان لانے وَالوں کا ختنہ کیا جائے اَور اُنہیں حضرت مُوسیٰ کی شَریعت پر عَمل کرنے کا حُکم دیا جائے۔“ لہٰذا رسول اَور بُزرگ اِس بات پر غور کرنے کے لیٔے جمع ہویٔے۔ کافی بحث و تکرار کے بعد، پطرس نے کھڑے ہوکر اُنہیں یُوں مُخاطِب کیا: ”اَے بھائیو، تُم جانتے ہو کہ بہت عرصہ پہلے خُدا نے تُم لوگوں میں سے مُجھے چُنا تاکہ غَیریہُودی بھی میری زبان سے خُوشخبری کا کلام سُنیں اَور ایمان لائیں۔ خُدا، جو دل کا حال جانتا ہے، اُس نے ہماری طرح اُنہیں بھی پاک رُوح دیا اَور گواہی دے کر ظاہر کر دیا، کہ وہ بھی اُس کی نظر میں مقبُول ٹھہرے ہیں۔ خُدا نے ہم میں اَور اُن میں کویٔی اِمتیاز نہیں کیا کیونکہ اُن کے ایمان لانے کے باعث اُس نے اُن کے دل بھی پاک کیٔے۔ تو اَب تُم خُدا کو آزمائے کے لیٔے مَسیحی شاگردوں کی گردن پر اَیسا جؤا کیوں رکھتے ہو جسے ہم ہی اُٹھا سکے اَور نہ ہمارے آباؤاَجداد برداشت کر سکے؟ حالانکہ! ہمارا ایمان تُو یہ ہے کہ خُداوؔند عیسیٰ کے فضل کی بدولت جِس طرح وہ نَجات پائیں گے، اُسی طرح ہم بھی پائیں گے۔“ ساری جماعت پر خَاموشی چھاگئی اَور لوگ بَرنباسؔ اَور پَولُسؔ کا بَیان سُننے لگے کہ خُدا نے اُن کے ذریعہ غَیریہُودی میں کیسے کیسے معجزے اَور عجِیب نِشان دکھائے۔

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں اعمال 15

اعمال 1:15-12 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)

اُس وقت کچھ آدمی یہودیہ سے آ کر شام کے انطاکیہ میں بھائیوں کو یہ تعلیم دینے لگے، ”لازم ہے کہ آپ کا موسیٰ کی شریعت کے مطابق ختنہ کیا جائے، ورنہ آپ نجات نہیں پا سکیں گے۔“ اِس سے اُن کے اور برنباس اور پولس کے درمیان نااتفاقی پیدا ہو گئی اور دونوں اُن کے ساتھ خوب بحث مباحثہ کرنے لگے۔ آخرکار جماعت نے پولس اور برنباس کو مقرر کیا کہ وہ چند ایک اَور مقامی ایمان داروں کے ساتھ یروشلم جائیں اور وہاں کے رسولوں اور بزرگوں کو یہ معاملہ پیش کریں۔ چنانچہ جماعت نے اُنہیں روانہ کیا اور وہ فینیکے اور سامریہ میں سے گزرے۔ راستے میں اُنہوں نے مقامی ایمان داروں کو تفصیل سے بتایا کہ غیریہودی کس طرح خداوند کی طرف رجوع لا رہے ہیں۔ یہ سن کر تمام بھائی نہایت خوش ہوئے۔ جب وہ یروشلم پہنچ گئے تو جماعت نے اپنے رسولوں اور بزرگوں سمیت اُن کا استقبال کیا۔ پھر پولس اور برنباس نے سب کچھ بیان کیا جو اُن کی معرفت ہوا تھا۔ یہ سن کر کچھ ایمان دار کھڑے ہوئے جو فریسی فرقے میں سے تھے۔ اُنہوں نے کہا، ”لازم ہے کہ غیریہودیوں کا ختنہ کیا جائے اور اُنہیں حکم دیا جائے کہ وہ موسیٰ کی شریعت کے مطابق زندگی گزاریں۔“ رسول اور بزرگ اِس معاملے پر غور کرنے کے لئے جمع ہوئے۔ بہت بحث مباحثہ کے بعد پطرس کھڑا ہوا اور کہا، ”بھائیو، آپ جانتے ہیں کہ اللہ نے بہت دیر ہوئی آپ میں سے مجھے چن لیا کہ غیریہودیوں کو اللہ کی خوش خبری سناؤں تاکہ وہ ایمان لائیں۔ اور اللہ نے جو دلوں کو جانتا ہے اِس بات کی تصدیق کی ہے، کیونکہ اُس نے اُنہیں وہی روح القدس بخشا ہے جو اُس نے ہمیں بھی دیا تھا۔ اُس نے ہم میں اور اُن میں کوئی بھی فرق نہ رکھا بلکہ ایمان سے اُن کے دلوں کو بھی پاک کر دیا۔ چنانچہ آپ اللہ کو اِس میں کیوں آزما رہے ہیں کہ آپ غیریہودی شاگردوں کی گردن پر ایک ایسا جوا رکھنا چاہتے ہیں جو نہ ہم اور نہ ہمارے باپ دادا اُٹھا سکتے تھے؟ دیکھیں، ہم تو ایمان رکھتے ہیں کہ ہم سب ایک ہی طریقے یعنی خداوند عیسیٰ کے فضل ہی سے نجات پاتے ہیں۔“ تمام لوگ چپ رہے تو پولس اور برنباس اُنہیں اُن الٰہی نشانوں اور معجزوں کے بارے میں بتانے لگے جو اللہ نے اُن کی معرفت غیریہودیوں کے درمیان کئے تھے۔

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں اعمال 15

اعمال 1:15-12 کِتابِ مُقادّس (URD)

پِھر بعض لوگ یہُودیہ سے آ کر بھائِیوں کو تعلِیم دینے لگے کہ اگر مُوسیٰ کی رَسم کے مُوافِق تُمہارا خَتنہ نہ ہو تو تُم نجات نہیں پا سکتے۔ پس جب پَولُس اور برنباؔس کی اُن سے بُہت تکرار اور بحث ہُوئی تو کلِیسیا نے یہ ٹھہرایا کہ پَولُس اور برنباؔس اور اُن میں سے چند اَور شخص اِس مسئلہ کے لِئے رسُولوں اور بزُرگوں کے پاس یروشلِیم جائیں۔ پس کلِیسیا نے اُن کو روانہ کِیا اور وہ غَیر قَوموں کے رجُوع لانے کا بیان کرتے ہُوئے فینِیکے اور سامرؔیہ سے گُذرے اور سب بھائِیوں کو بُہت خُوش کرتے گئے۔ جب یروشلِیم میں پُہنچے تو کلِیسیا اور رسُول اور بزُرگ اُن سے خُوشی کے ساتھ مِلے اور اُنہوں نے سب کُچھ بیان کِیا جو خُدا نے اُن کی معرفت کِیا تھا۔ مگر فرِیسِیوں کے فِرقہ میں سے جو اِیمان لائے تھے اُن میں سے بعض نے اُٹھ کر کہا کہ اُن کا خَتنہ کرانا اور اُن کو مُوسیٰ کی شرِیعت پر عمل کرنے کا حُکم دینا ضرُور ہے۔ پس رسُول اور بزُرگ اِس بات پر غَور کرنے کے لِئے جمع ہُوئے۔ اور بُہت بحث کے بعد پطرؔس نے کھڑے ہو کر اُن سے کہا کہ اَے بھائِیو! تُم جانتے ہو کہ بُہت عرصہ ہُؤا جب خُدا نے تُم لوگوں میں سے مُجھے چُنا کہ غَیر قَومیں میری زُبان سے خُوشخبری کا کلام سُن کر اِیمان لائیں۔ اور خُدا نے جو دِلوں کی جانتا ہے اُن کو بھی ہماری طرح رُوحُ القُدس دے کر اُن کی گواہی دی۔ اور اِیمان کے وسِیلہ سے اُن کے دِل پاک کر کے ہم میں اور اُن میں کُچھ فرق نہ رکھّا۔ پس اب تُم شاگِردوں کی گردن پر اَیسا جُؤا رکھ کر جِس کو نہ ہمارے باپ دادا اُٹھا سکتے تھے نہ ہم خُدا کو کیوں آزماتے ہو؟ حالانکہ ہم کو یقِین ہے کہ جِس طرح وہ خُداوند یِسُوعؔ کے فضل ہی سے نجات پائیں گے اُسی طرح ہم بھی پائیں گے۔ پِھر ساری جماعت چُپ رہی اور پَولُس اور برؔنباس کا بیان سُننے لگی کہ خُدا نے اُن کی معرفت غَیر قَوموں میں کَیسے کَیسے نِشان اور عجِیب کام ظاہِر کِئے۔

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں اعمال 15