YouVersion Logo
تلاش

اعمال 1:15-12

اعمال 1:15-12 UCV

بعض لوگ یہُودیؔہ سے انطاکِیہؔ پہُنچے اَور بھائیوں کو یہ تعلیم دینے لگے: ”اگر حضرت مُوسیٰ کی رائج کی ہویٔی رَسم کے مُطابق تمہارا ختنہ نہیں ہُوا، تو تُم نَجات نہیں پا سکتے۔“ اِس پر پَولُسؔ اَور بَرنباسؔ کی اُن لوگوں سے سخت بحث و تکرار ہویٔی۔ چنانچہ جماعت نے پَولُسؔ اَور بَرنباسؔ، اَور بعض دیگر اَشخاص کو اِس غرض سے مُقرّر کیا کہ وہ یروشلیمؔ جایٔیں اَور وہاں اِس مسٔلہ پر رسولوں اَور بُزرگوں سے بات کریں۔ تَب جماعت نے اُنہیں روانہ کیا، اَور جَب وہ فینیکےؔ اَور سامریہؔ کے علاقوں سے گزر رہے تھے، تو اُنہُوں نے وہاں کے مَسیحی بھائیوں کو بتایا کہ کِس طرح غَیریہُودی بھی المسیؔح پر ایمان لایٔے اَور جماعت میں شامل ہو گئے۔ یہ خبر سُن کر سارے بھایٔی نہایت خُوش ہوئے۔ جَب وہ یروشلیمؔ آئے تو جماعت، رسولوں اَور بُزرگوں نے اُن کا خیرمقدم کیا، تَب اُنہُوں نے سَب کچھ بَیان کیا کہ خُدا نے اُن کے ذریعہ کیا کیا کام اَنجام دئیے۔ فریسیوں کے فرقہ کے بعض لوگ جو ایمان لا چُکے تھے کھڑے ہوکر کہنے لگے، ”غَیریہُودی میں سے ایمان لانے وَالوں کا ختنہ کیا جائے اَور اُنہیں حضرت مُوسیٰ کی شَریعت پر عَمل کرنے کا حُکم دیا جائے۔“ لہٰذا رسول اَور بُزرگ اِس بات پر غور کرنے کے لیٔے جمع ہویٔے۔ کافی بحث و تکرار کے بعد، پطرس نے کھڑے ہوکر اُنہیں یُوں مُخاطِب کیا: ”اَے بھائیو، تُم جانتے ہو کہ بہت عرصہ پہلے خُدا نے تُم لوگوں میں سے مُجھے چُنا تاکہ غَیریہُودی بھی میری زبان سے خُوشخبری کا کلام سُنیں اَور ایمان لائیں۔ خُدا، جو دل کا حال جانتا ہے، اُس نے ہماری طرح اُنہیں بھی پاک رُوح دیا اَور گواہی دے کر ظاہر کر دیا، کہ وہ بھی اُس کی نظر میں مقبُول ٹھہرے ہیں۔ خُدا نے ہم میں اَور اُن میں کویٔی اِمتیاز نہیں کیا کیونکہ اُن کے ایمان لانے کے باعث اُس نے اُن کے دل بھی پاک کیٔے۔ تو اَب تُم خُدا کو آزمائے کے لیٔے مَسیحی شاگردوں کی گردن پر اَیسا جؤا کیوں رکھتے ہو جسے ہم ہی اُٹھا سکے اَور نہ ہمارے آباؤاَجداد برداشت کر سکے؟ حالانکہ! ہمارا ایمان تُو یہ ہے کہ خُداوؔند عیسیٰ کے فضل کی بدولت جِس طرح وہ نَجات پائیں گے، اُسی طرح ہم بھی پائیں گے۔“ ساری جماعت پر خَاموشی چھاگئی اَور لوگ بَرنباسؔ اَور پَولُسؔ کا بَیان سُننے لگے کہ خُدا نے اُن کے ذریعہ غَیریہُودی میں کیسے کیسے معجزے اَور عجِیب نِشان دکھائے۔

پڑھیں اعمال 15