اعمال 13:13-52

اعمال 13:13-52 اُردو ہم عصر ترجُمہ (UCV)

پافُسؔ سے پَولُسؔ اَور اُن کے ساتھی جہاز کے ذریعہ پَمفِیلہ کے علاقہ پِرگہؔ، میں پہُنچے جہاں یُوحنّا نے اُنہیں خیرباد کہا اَور یروشلیمؔ کو واپس تشریف لے گیٔے۔ اَور وہ پِرگہؔ سے روانہ ہوکر پِسدِیہؔ کے شہر انطاکِیہؔ میں آئے۔ سَبت کے دِن وہ یہُودی عبادت گاہ میں داخل ہویٔے اَور جا بیٹھے۔ جَب توریت اَور نبیوں کے صحیفوں میں سے تِلاوت ہو چُکی تو یہُودی عبادت گاہ کے قائدین نے اُن کو یہ پیغام بھیجا، ”بھائیو، اگر لوگوں کی حوصلہ اَفزائی کے لیٔے آپ کچھ کہنا چاہتے ہو تو براہِ کرم بَیان کیجئے۔“ اِس پر پَولُسؔ نے کھڑے ہوکر ہاتھ سے اِشارہ کرتے ہویٔے فرمایا: ”اَے بنی اِسرائیلؔ اَور اَے خُدا سے ڈرنے والے غَیر اِسرائیلیوں میری سُنو! اُمّت اِسرائیلؔ کے خُدا نے ہمارے آباؤاَجداد کو چُنا اَور جَب وہ مُلک مِصر میں پردیسیوں کی طرح رہتے تھے، اُنہیں طاقت بخشی وہ اَپنی طاقت کے ساتھ اُن کو اُس مُلک سے باہر لے گیا۔ پھر قریب چالیس بَرس تک اُس نے بیابان میں اُن کے طرزِ عَمل کو برداشت کیا؛ اَور خُدا نے کنعانؔ میں سات غَیریہُودی قوموں کو غارت کرکے اُن کی سرزمین اَپنے لوگوں کو بطور مِیراث عطا فرمائی۔ اِن واقعات کو پیش آنے میں تقریباً چار سَو پچاس بَرس لگ گیٔے۔ ”اِس کے بعد، خُدا نے اُن کے لیٔے سمُوئیل نبی کے زمانہ تک قاضی مُقرّر کیٔے۔ پھر لوگوں نے بادشاہ مُقرّر کرنے کی درخواست کی اَور خُدا نے قیشؔ کے بیٹے ساؤلؔ کو بادشاہ مُقرّر کیا، جو بِنیامین کے قبیلہ سے تھا، آپ نے چالیس بَرس تک حُکومت کی۔ پھر ساؤلؔ کو معزول کرنے کے بعد خُدا نے داویؔد کو اُن کا بادشاہ مُقرّر کیا۔ خُدا نے داویؔد کے بارے میں گواہی دی: ’مُجھے یِشائی کا بیٹا داویؔد مِل گیا ہے، جو میرا ایک دِل پسند آدمی ہے؛ وُہی میری تمام خواہشات کو پُوری کرےگا۔‘ ”خُدا نے اَپنے وعدہ کے مُطابق، داویؔد کی نَسل سے ایک مُنجّی یعنی یِسوعؔ کو اِسرائیلؔ کے پاس بھیجا۔ یِسوعؔ کی آمد سے قبل، یُوحنّا نے اِسرائیلؔ کی ساری اُمّت کو تبلیغ کی کہ تَوبہ کرو اَور پاک ‏غُسل لو۔ جَب یُوحنّا کی خدمت کی مُدّت پُوری ہونے کو تھی، تو آپ نے فرمایا: ’تُم مُجھے کیا سمجھتے ہو؟ میں وہ نہیں ہُوں جو تُم دیکھتے ہو۔ لیکن ایک شخص ہے جو میرے بعد آنے والا ہے اَور مَیں اِس لائق بھی نہیں کہ اُن کے جُوتوں کے تسمے بھی کھول سکوں۔‘ ”اَے ساتھیو، فرزندانِ اَبراہامؔ اَور خُدا سے ڈرنے والے غَیر اِسرائیلیوں، اِس نَجات کے کلام کو ہمارے پاس بھیجا گیا ہے۔ اہلِ یروشلیمؔ نے اَور اُس کے حاکموں نے یِسوعؔ کو نہیں پہچانا، پھر بھی سزائے موت کا فتویٰ دے کر اُنہُوں نے نبیوں کی اُن باتوں کو پُورا کر دیا جو ہر سَبت کو پڑھ کر سُنایٔی جاتی ہیں۔ اگرچہ وہ اُنہیں موت کی سزا کے لائق ثابت نہ کر سکے، پھر بھی اُنہُوں نے پِیلاطُسؔ سے درخواست کی کہ اُنہیں قتل کیا جائے۔ اَور جَب اُنہُوں نے سَب کچھ جو یِسوعؔ کے بارے میں لِکھّا ہُوا تھا، پُورا کر دیا تو اُنہیں صلیب پر سے اُتار کر ایک قبر میں رکھ دیا۔ لیکن خُدا نے اُنہیں مُردوں میں سے زندہ کر دیا، اَورجو لوگ گلِیل سے آپ کے ساتھ یروشلیمؔ آئےتھے، وہ اُنہیں کیٔی دِنوں تک نظر آتے رہے۔ اَب وُہی اُمّت کے لیٔے حُضُور اَقدس یِسوعؔ کے گواہ ہیں۔ ”ہم تُمہیں وہ خُوشخبری سُناتے ہیں: جِس کا وعدہ خُدا نے ہمارے آباؤاَجداد کے ساتھ کیا تھا خُدا نے اَپنی اَولاد، یعنی ہمارے لیٔے یِسوعؔ کو پھر سے زندہ کرکے اَپنے وعدہ کو پُورا کر دیا۔ چنانچہ زبُور پاک کے دُوسرے باب میں لِکھّا ہے: ” ’تُو میرا بیٹا ہے؛ آج سے میں تیرا باپ بَن گیا ہُوں۔‘ “ یہ حقیقت کہ خُدا نے آپ کو مُردوں میں سے جِلا دیا تاکہ وہ پھر کبھی نہ مَریں۔ خُدا کے کلام میں یُوں بَیان کیا گیا ہے، ” ’میں تُمہیں پاک اَور سچّی نِعمتیں بخشوں گا جِن کا وعدہ مَیں نے داویؔد سے کیا تھا۔‘ “ ایک اَور زبُور میں حضرت داویؔد فرماتے ہیں: ” ’خُدا اَپنے مُقدّس کے جِسم کے سَڑنے کی نَوبَت ہی نہ آنے دیں گے۔‘ ”جَب کہ داویؔد اَپنی پُشت میں خُدا کا مقصد پُورا کرنے کے بعد، موت کی نیند سَو گیٔے؛ اَپنے آباؤاَجداد کے ساتھ دفن ہویٔے اَور آپ کا جِسم سڑ گیا۔ لیکن جسے خُدا نے مُردوں میں سے جی اُٹھایا اُن کے سَڑنے کی نَوبَت تک نہ آئی۔ ”پس اَے عزیزو، جان لو کہ یِسوعؔ کے وسیلہ سے ہی تُمہیں گُناہوں کی مُعافی کی مُنادی کی جاتی ہے۔ حضرت مَوشہ کی شَریعت کے باعث جِن باتوں سے تُم بَری نہیں ہو سکتے تھے، اُن سَب سے ہر ایک ایمان لانے والا اُس کے وسیلہ سے بَری ہوتاہے۔ باخبر رہو، اَیسا نہ ہو کہ نبیوں کی یہ بات تُم پر صادق آئے: ” ’دیکھو، تُم جو دُوسروں کی تحقِیر کرتے ہو، تعجُّب کرو اَور نِیست ہو جاؤ، کیونکہ مَیں تمہارے دِنوں میں ایک اَیسا کام کرنے پر ہُوں کہ اگر کویٔی اُس کا ذِکر تُم سے کرے بھی، تُو تُم ہرگز یقین نہ کروگے۔‘“ جَب پَولُسؔ اَور بَرنباسؔ یہُودی عبادت گاہ سے نکل کر جانے لگے، تو لوگ اُن سے درخواست کرنے لگے کہ اگلے سَبت کو بھی اِن ہی باتوں کا ذِکر کیا جائے۔ جَب مَجلِس بَرخواست ہویٔی، تو بہت سے یہُودی اَور کیٔی نَو مُرید پَولُسؔ اَور بَرنباسؔ کے پیچھے ہو لیٔے، رسولوں نے اُن سے مزید گُفتگو کی اَور اُنہیں خُدا کے فضل میں بڑھتے چلے جانے کی ترغِیب دی۔ اگلے سَبت کو تقریباً سارا شہر خُداوؔند کا کلام سُننے کے لیٔے جمع ہو گیا۔ جَب یہُودیوں نے اِتنے بڑے ہُجوم کو دیکھا، تو بُغض سے بھر گیٔے۔ یہُودی پَولُسؔ کی باتوں کی مُخالفت کرنے اَور آپ سے بدسلُوکی کرنے لگے۔ لہٰذا پَولُسؔ اَور بَرنباسؔ نے دِلیری سے اُنہیں جَواب میں فرمایا: ”لازِم تھا کہ ہم پہلے تُمہیں خُدا کا کلام سُناتے۔ جَب کہ تُم اُسے مُسترد کر رہے ہو اَور اَپنے آپ کو اَبدی زندگی کے لائق نہیں سمجھتے ہو، تو دیکھو ہم غَیریہُودیوں کی طرف رُجُوع کرتے ہیں۔ کیونکہ خُداوؔند نے ہمیں یہ حُکم دیا ہے: ” ’مَیں نے تُجھے غَیریہُودیوں کے لیٔے نُور مُقرّر کیا ہے، تاکہ تُو زمین کی اِنتہا تک نَجات کو پہُنچانے کا باعث بنے۔‘ “ جَب غَیریہُودیوں نے یہ سُنا تو بہت خُوش ہویٔے اَور خُداوؔند کے کلام کی تمجید کرنے لگے؛ اَور جنہیں خُدا نے اَبدی زندگی کے لیٔے چُن رکھا تھا، وہ ایمان لے لایٔے۔ اَور خُداوؔند کا کلام اُس سارے علاقہ میں پھیل گیا۔ لیکن یہُودی رہنماؤں نے بعض خُدا کی عقیدت مند عورتوں اَور شہر کے دبدبے والے مَردوں کو اُکسایا اَور اُنہُوں پَولُسؔ اَور بَرنباسؔ کے خِلاف ظُلم و سِتم برپا کیا، اَور اُنہیں اَپنی ریاست سے بے دخل کر دیا۔ پَولُسؔ اَور بَرنباسؔ نے اِحتِجاج کے طور پر اَپنے پاؤں کی گَرد بھی جھاڑ دی اَور وہاں سے اِکُنِیُم کو چلے گیٔے۔ مگر شاگرد بڑی خُوشی اَور پاک رُوح سے بھرے ہویٔے تھے۔

اعمال 13:13-52 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)

پھر پولس اور اُس کے ساتھی جہاز پر سوار ہوئے اور پافس سے روانہ ہو کر پرگہ شہر پہنچ گئے جو پمفیلیہ میں ہے۔ وہاں یوحنا مرقس اُنہیں چھوڑ کر یروشلم واپس چلا گیا۔ لیکن پولس اور برنباس آگے نکل کر پسدیہ میں واقع شہر انطاکیہ پہنچے جہاں وہ سبت کے دن یہودی عبادت خانے میں جا کر بیٹھ گئے۔ توریت اور نبیوں کے صحیفوں کی تلاوت کے بعد عبادت خانے کے راہنماؤں نے اُنہیں کہلا بھیجا، ”بھائیو، اگر آپ کے پاس لوگوں کے لئے کوئی نصیحت کی بات ہے تو اُسے پیش کریں۔“ پولس کھڑا ہوا اور ہاتھ کا اشارہ کر کے بولنے لگا، ”اسرائیل کے مردو اور خدا ترس غیریہودیو، میری بات سنیں! اِس قوم اسرائیل کے خدا نے ہمارے باپ دادا کو چن کر اُنہیں مصر میں ہی طاقت ور بنا دیا جہاں وہ اجنبی تھے۔ پھر وہ اُنہیں بڑی قدرت کے ساتھ وہاں سے نکال لایا۔ جب وہ ریگستان میں پھر رہے تھے تو وہ چالیس سال تک اُنہیں برداشت کرتا رہا۔ اِس کے بعد اُس نے ملکِ کنعان میں سات قوموں کو تباہ کر کے اُن کی زمین اسرائیل کو ورثے میں دی۔ اِتنے میں تقریباً 450 سال گزر گئے۔ یشوع کی موت پر اللہ نے اُنہیں سموایل نبی کے دور تک قاضی دیئے تاکہ اُن کی راہنمائی کریں۔ پھر اِن سے تنگ آ کر اُنہوں نے بادشاہ مانگا، اِس لئے اُس نے اُنہیں ساؤل بن قیس دے دیا جو بن یمین کے قبیلے کا تھا۔ ساؤل چالیس سال تک اُن کا بادشاہ رہا، پھر اللہ نے اُسے ہٹا کر داؤد کو تخت پر بٹھا دیا۔ داؤد وہی آدمی ہے جس کے بارے میں اللہ نے گواہی دی، ’مَیں نے داؤد بن یسّی میں ایک ایسا آدمی پایا ہے جو میری سوچ رکھتا ہے۔ جو کچھ بھی مَیں چاہتا ہوں اُسے وہ کرے گا۔‘ اِسی بادشاہ کی اولاد میں سے عیسیٰ نکلا جس کا وعدہ اللہ کر چکا تھا اور جسے اُس نے اسرائیل کو نجات دینے کے لئے بھیج دیا۔ اُس کے آنے سے پیشتر یحییٰ بپتسمہ دینے والے نے اعلان کیا کہ اسرائیل کی پوری قوم کو توبہ کر کے بپتسمہ لینے کی ضرورت ہے۔ اپنی خدمت کے اختتام پر اُس نے کہا، ’تمہارے نزدیک مَیں کون ہوں؟ مَیں وہ نہیں ہوں جو تم سمجھتے ہو۔ لیکن میرے بعد وہ آ رہا ہے جس کے جوتوں کے تسمے مَیں کھولنے کے لائق بھی نہیں ہوں۔‘ بھائیو، ابراہیم کے فرزندو اور خدا کا خوف ماننے والے غیریہودیو! نجات کا پیغام ہمیں ہی بھیج دیا گیا ہے۔ یروشلم کے رہنے والوں اور اُن کے راہنماؤں نے عیسیٰ کو نہ پہچانا بلکہ اُسے مجرم ٹھہرایا۔ یوں اُن کی معرفت نبیوں کی وہ پیش گوئیاں پوری ہوئیں جن کی تلاوت ہر سبت کو کی جاتی ہے۔ اور اگرچہ اُنہیں سزائے موت دینے کی وجہ نہ ملی توبھی اُنہوں نے پیلاطس سے گزارش کی کہ وہ اُسے سزائے موت دے۔ جب اُن کی معرفت عیسیٰ کے بارے میں تمام پیش گوئیاں پوری ہوئیں تو اُنہوں نے اُسے صلیب سے اُتار کر قبر میں رکھ دیا۔ لیکن اللہ نے اُسے مُردوں میں سے زندہ کر دیا اور وہ بہت دنوں تک اپنے اُن پیروکاروں پر ظاہر ہوتا رہا جو اُس کے ساتھ گلیل سے یروشلم آئے تھے۔ یہ اب ہماری قوم کے سامنے اُس کے گواہ ہیں۔ اور اب ہم آپ کو یہ خوش خبری سنانے آئے ہیں کہ جو وعدہ اللہ نے ہمارے باپ دادا کے ساتھ کیا، اُسے اُس نے عیسیٰ کو زندہ کر کے ہمارے لئے جو اُن کی اولاد ہیں پورا کر دیا ہے۔ یوں دوسرے زبور میں لکھا ہے، ’تُو میرا فرزند ہے، آج مَیں تیرا باپ بن گیا ہوں۔‘ اِس حقیقت کا ذکر بھی کلامِ مُقدّس میں کیا گیا ہے کہ اللہ اُسے مُردوں میں سے زندہ کر کے کبھی گلنے سڑنے نہیں دے گا: ’مَیں تمہیں اُن مُقدّس اور اَن مٹ مہربانیوں سے نوازوں گا جن کا وعدہ داؤد سے کیا تھا۔‘ یہ بات ایک اَور حوالے میں پیش کی گئی ہے، ’تُو اپنے مُقدّس کو گلنے سڑنے کی نوبت تک پہنچنے نہیں دے گا۔‘ اِس حوالے کا تعلق داؤد کے ساتھ نہیں ہے، کیونکہ داؤد اپنے زمانے میں اللہ کی مرضی کی خدمت کرنے کے بعد فوت ہو کر اپنے باپ دادا سے جا ملا۔ اُس کی لاش گل کر ختم ہو گئی۔ بلکہ یہ حوالہ کسی اَور کا ذکر کرتا ہے، اُس کا جسے اللہ نے زندہ کر دیا اور جس کا جسم گلنے سڑنے سے دوچار نہ ہوا۔ بھائیو، اب میری یہ بات جان لیں، ہم اِس کی منادی کرنے آئے ہیں کہ آپ کو اِس شخص عیسیٰ کے وسیلے سے اپنے گناہوں کی معافی ملتی ہے۔ موسیٰ کی شریعت آپ کو کسی طرح بھی راست باز قرار نہیں دے سکتی تھی، لیکن اب جو بھی عیسیٰ پر ایمان لائے اُسے ہر لحاظ سے راست باز قرار دیا جاتا ہے۔ اِس لئے خبردار! ایسا نہ ہو کہ وہ بات آپ پر پوری اُترے جو نبیوں کے صحیفوں میں لکھی ہے، ’غور کرو، مذاق اُڑانے والو! حیرت زدہ ہو کر ہلاک ہو جاؤ۔ کیونکہ مَیں تمہارے جیتے جی ایک ایسا کام کروں گا جس کی جب خبر سنو گے تو تمہیں یقین نہیں آئے گا‘۔“ جب پولس اور برنباس عبادت خانے سے نکلنے لگے تو لوگوں نے اُن سے گزارش کی، ”اگلے سبت ہمیں اِن باتوں کے بارے میں مزید کچھ بتائیں۔“ عبادت کے بعد بہت سے یہودی اور یہودی ایمان کے نومرید پولس اور برنباس کے پیچھے ہو لئے، اور دونوں نے اُن سے بات کر کے اُن کی حوصلہ افزائی کی کہ اللہ کے فضل پر قائم رہیں۔ اگلے سبت کے دن تقریباً تمام شہر خداوند کا کلام سننے کو جمع ہوا۔ لیکن جب یہودیوں نے ہجوم کو دیکھا تو وہ حسد سے جل گئے اور پولس کی باتوں کی تردید کر کے کفر بکنے لگے۔ اِس پر پولس اور برنباس نے اُن سے صاف صاف کہہ دیا، ”لازم تھا کہ اللہ کا کلام پہلے آپ کو سنایا جائے۔ لیکن چونکہ آپ اُسے مسترد کر کے اپنے آپ کو ابدی زندگی کے لائق نہیں سمجھتے اِس لئے ہم اب غیریہودیوں کی طرف رُخ کرتے ہیں۔ کیونکہ خداوند نے ہمیں یہی حکم دیا جب اُس نے فرمایا، ’مَیں نے تجھے دیگر اقوام کی روشنی بنا دی ہے تاکہ تُو میری نجات کو دنیا کی انتہا تک پہنچائے‘۔“ یہ سن کر غیریہودی خوش ہوئے اور خداوند کے کلام کی تمجید کرنے لگے۔ اور جتنے ابدی زندگی کے لئے مقرر کئے گئے تھے وہ ایمان لائے۔ یوں خداوند کا کلام پورے علاقے میں پھیل گیا۔ پھر یہودیوں نے شہر کے لیڈروں اور یہودی ایمان رکھنے والی کچھ بارسوخ غیریہودی خواتین کو اُکسا کر لوگوں کو پولس اور برنباس کو ستانے پر اُبھارا۔ آخرکار اُنہیں شہر کی سرحدوں سے نکال دیا گیا۔ اِس پر وہ اُن کے خلاف گواہی کے طور پر اپنے جوتوں سے گرد جھاڑ کر آگے بڑھے اور اکنیُم شہر پہنچ گئے۔ اور انطاکیہ کے شاگرد خوشی اور روح القدس سے بھرے رہے۔

اعمال 13:13-52 کِتابِ مُقادّس (URD)

پِھر پَولُسؔ اور اُس کے ساتھی پافُسؔ سے جہاز پر روانہ ہو کر پمفِیلیہؔ کے پِرؔگہ میں آئے اور یُوحنّاؔ اُن سے جُدا ہو کر یروشلِیمؔ کو واپس چلا گیا۔ اور وہ پِرگہؔ سے چل کر پِسِدیہؔ کے انطاکِیہؔ میں پُہنچے اور سبت کے دِن عِبادت خانہ میں جا بَیٹھے۔ پِھر تَورَیت اور نبِیوں کی کِتاب کے پڑھنے کے بعد عِبادت خانہ کے سرداروں نے اُنہیں کہلا بھیجا کہ اَے بھائِیو! اگر لوگوں کی نصِیحت کے واسطے تُمہارے دِل میں کوئی بات ہو تو بیان کرو۔ پس پَولُسؔ نے کھڑے ہو کر اور ہاتھ سے اِشارہ کر کے کہا اَے اِسرائیِلیو اور اَے خُدا ترسو! سُنو۔ اِس اُمّت اِسرائیل کے خُدا نے ہمارے باپ دادا کو چُن لِیا اور جب یہ اُمّت مُلکِ مِصرؔ میں پردیسِیوں کی طرح رہتی تھی اُس کو سر بُلند کِیا اور زبردست ہاتھ سے اُنہیں وہاں سے نِکال لایا۔ اور کوئی چالِیس برس تک بیابان میں اُن کی عادتوں کی برداشت کرتا رہا۔ اور کنعاؔن کے مُلک میں سات قَوموں کو غارت کر کے تخمِیناً ساڑھے چار سَو برس میں اُن کا مُلک اِن کی مِیراث کر دِیا۔ اور اِن باتوں کے بعد سموئیل نبی کے زمانہ تک اُن میں قاضی مُقرّر کِئے۔ اِس کے بعد اُنہوں نے بادشاہ کے لِئے درخواست کی اور خُدا نے بِنیمِینؔ کے قبِیلہ میں سے ایک شخص ساؤُلؔ قِیسؔ کے بیٹے کو چالِیس برس کے لِئے اُن پر مُقرّر کِیا۔ پِھر اُسے معزُول کر کے داؤُد کو اُن کا بادشاہ بنایا جِس کی بابت اُس نے یہ گواہی دی کہ مُجھے ایک شخص یسّیؔ کا بیٹا داؤُدؔ میرے دِل کے مُوافِق مِل گیا۔ وُہی میری تمام مرضی کو پُورا کرے گا۔ اِسی کی نسل میں سے خُدا نے اپنے وعدہ کے مُوافِق اِسرائیل کے پاس ایک مُنّجی یعنی یِسُوعؔ کو بھیج دِیا۔ جِس کے آنے سے پہلے یُوحنّاؔ نے اِسرائیل کی تمام اُمّت کے سامنے تَوبہ کے بپتِسمہ کی مُنادی کی۔ اور جب یُوحنّاؔ اپنا دَور پُورا کرنے کو تھا تو اُس نے کہا کہ تُم مُجھے کیا سمجھتے ہو؟ مَیں وہ نہیں بلکہ دیکھو میرے بعد وہ شخص آنے والا ہے جِس کے پاؤں کی جُوتِیوں کا تَسمہ مَیں کھولنے کے لائِق نہیں۔ اَے بھائِیو! ابرہامؔ کے فرزندو اور اَے خُدا ترسو! اِس نجات کا کلام ہمارے پاس بھیجا گیا۔ کیونکہ یروشلِیم ؔکے رہنے والوں اور اُن کے سرداروں نے نہ اُسے پہچانا اور نہ نبِیوں کی باتیں سمجھیں جو ہر سبت کو سُنائی جاتی ہیں۔ اِس لِئے اُس پر فتویٰ دے کر اُن کو پُورا کِیا۔ اور اگرچہ اُس کے قتل کی کوئی وجہ نہ مِلی تَو بھی اُنہوں نے پِیلاطُسؔ سے اُس کے قتل کی درخواست کی۔ اور جو کُچھ اُس کے حق میں لِکھا تھا جب اُس کو تمام کر چُکے تو اُسے صلِیب پر سے اُتار کر قبر میں رکھّا۔ لیکن خُدا نے اُسے مُردوں میں سے جِلایا۔ اور وہ بُہت دِنوں تک اُن کو دِکھائی دِیا جو اُس کے ساتھ گلِیلؔ سے یروشلِیمؔ میں آئے تھے۔ اُمّت کے سامنے اب وُہی اُس کے گواہ ہیں۔ اور ہم تُم کو اُس وعدہ کے بارے میں جو باپ دادا سے کِیا گیا تھا یہ خُوشخبری دیتے ہیں۔ کہ خُدا نے یِسُوعؔ کو جِلا کر ہماری اَولاد کے لِئے اُسی وعدہ کو پُورا کِیا۔ چُنانچہ دُوسرے مزمُور میں لِکھا ہے کہ تُو میرا بیٹا ہے۔ آج تُو مُجھ سے پَیدا ہُؤا۔ اور اُس کے اِس طرح مُردوں میں سے جِلانے کی بابت کہ پِھر کبھی نہ مَرے اُس نے یُوں کہا کہ مَیں داؤُدؔ کی پاک اور سچّی نِعمتیں تُمہیں دُوں گا۔ چُنانچہ وہ ایک اَور مزمُور میں بھی کہتا ہے کہ تُو اپنے مُقدّس کے سڑنے کی نَوبت پُہنچنے نہ دے گا۔ کیونکہ داؤُدؔ تو اپنے وقت میں خُدا کی مرضی کا تابِع دار رہ کر سو گیا اور اپنے باپ دادا سے جا مِلا اور اُس کے سڑنے کی نَوبت پُہنچی۔ مگر جِس کو خُدا نے جِلایا اُس کے سڑنے کی نَوبت نہیں پُہنچی۔ پس اَے بھائِیو! تُمہیں معلُوم ہو کہ اُسی کے وسِیلہ سے تُم کو گُناہوں کی مُعافی کی خبر دی جاتی ہے۔ اور مُوسیٰؔ کی شرِیعت کے باعِث جِن باتوں سے تُم بَری نہیں ہو سکتے تھے اُن سب سے ہر ایک اِیمان لانے والا اُس کے باعِث بَری ہوتا ہے۔ پس خبردار! اَیسا نہ ہو کہ جو نبِیوں کی کِتاب میں آیا ہے وہ تُم پر صادِق آئے کہ اَے تحقِیر کرنے والو! دیکھو۔ تعجُّب کرو اور مِٹ جاؤ کیونکہ مَیں تُمہارے زمانہ میں ایک کام کرتا ہُوں۔ اَیسا کام کہ اگر کوئی تُم سے بیان کرے تو کبھی اُس کا یقِین نہ کرو گے۔ اُن کے باہر جاتے وقت لوگ مِنّت کرنے لگے کہ اگلے سبت کو بھی یہ باتیں ہمیں سُنائی جائیں۔ جب مجلِس برخاست ہُوئی تو بُہت سے یہُودی اور خُدا پرست نومُرِید یہُودی پَولُسؔ اور برنباسؔ کے پِیچھے ہو لِئے۔ اُنہوں نے اُن سے کلام کِیا اور ترغِیب دی کہ خُدا کے فضل پر قائِم رہو۔ دُوسرے سبت کو تقرِیباً سارا شہر خُدا کا کلام سُننے کو اِکٹّھا ہُؤا۔ مگر یہُودی اِتنی بِھیڑ دیکھ کر حَسد سے بھر گئے اور پَولُسؔ کی باتوں کی مُخالفت کرنے اور کُفر بَکنے لگے۔ پَولُسؔ اور برنباؔس دِلیر ہو کر کہنے لگے کہ ضرُور تھا کہ خُدا کا کلام پہلے تُمہیں سُنایا جائے لیکن چُونکہ تُم اُس کو ردّ کرتے ہو اور اپنے آپ کو ہمیشہ کی زِندگی کے ناقابِل ٹھہراتے ہو تو دیکھو ہم غَیر قَوموں کی طرف مُتوجِّہ ہوتے ہیں۔ کیونکہ خُداوند نے ہمیں یہ حُکم دِیا ہے کہ مَیں نے تُجھ کو غَیر قَوموں کے لِئے نُور مُقرّر کِیا تاکہ تُو زمِین کی اِنتِہا تک نجات کا باعِث ہو۔ غَیر قَوم والے یہ سُن کر خُوش ہُوئے اور خُدا کے کلام کی بڑائی کرنے لگے اور جِتنے ہمیشہ کی زِندگی کے لِئے مُقرّر کِئے گئے تھے اِیمان لے آئے۔ اور اُس تمام عِلاقہ میں خُدا کا کلام پَھیل گیا۔ مگر یہُودِیوں نے خُدا پرست اور عِزّت دار عَورتوں اور شہر کے رئِیسوں کو اُبھارا اور پَولُسؔ اور برنباسؔ کو ستانے پر آمادہ کر کے اُنہیں اپنی سرحدّوں سے نِکال دِیا۔ یہ اپنے پاؤں کی خاک اُن کے سامنے جھاڑ کر اکُنیُمؔ کو گئے۔ مگر شاگِرد خُوشی اور رُوحُ القُدس سے معمُور ہوتے رہے۔