YouVersion Logo
تلاش

اعمال 1:13-12

اعمال 1:13-12 اُردو ہم عصر ترجُمہ (UCV)

انطاکِیہؔ کی جماعت میں کیٔی نبی اَور اُستاد تھے: مثلاً بَرنباسؔ، شمعُونؔ کالا، لُوکِیُسؔ کُرینی، مناہیمؔ (جِس نے چوتھائی مُلک کے حاکم ہیرودیسؔ کے ساتھ پرورِش پائی تھی) اَور ساؤلؔ۔ جَب کہ وہ روزے رکھ کر، خُداوؔند کی عبادت کر رہے تھے تو پاک رُوح نے کہا، ”بَرنباسؔ اَور ساؤلؔ کو اُس خدمت کے لئے الگ کر دو جِس کے لیٔے مَیں نے اُنہیں بُلایا ہے۔“ چنانچہ اُنہُوں نے روزہ رکھا دعا کی، اَور اُن پر ہاتھ رکھ کر اُنہیں روانہ کر دیا۔ وہ دونوں، جو پاک رُوح کی طرف سے بھیجے گیٔے تھے سلُوکیؔہ پہُنچے اَور وہاں سے جہاز پر جَزِیرہ سائپرسؔ چلے گیٔے۔ جَب وہ سَلَمِیسؔ پہُنچے، تو وہاں یہُودی عبادت گاہوں میں خُدا کا کلام سُنانے لگے۔ یُوحنّا اُن کے ساتھ خادِم کے طور پر مَوجُود تھے۔ جَب وہ سارے جزیرے میں گھُوم پھر چُکے تو پافُسؔ پہُنچے۔ وہاں اُن کی مُلاقات ایک یہُودی جادُوگر اَور جھُوٹے نبی سے ہویٔی جِس کا نام برعیسیٰ تھا۔ جو ایک حاکم، سِرگیُسؔ پَولُسؔ کا مُلازم تھا۔ یہ حاکم ایک دانشمند شخص تھا، اُس نے بَرنباسؔ اَور ساؤلؔ کو بُلا بھیجا کیونکہ وہ خُدا کا کلام سُننا چاہتا تھا۔ لیکن الیِماسؔ جادُوگر نے (اُس کے نام کا مطلب ہی یہی ہے) اُن کی مُخالفت کی اَور حاکم کو ایمان لانے سے روکنا چاہا۔ تَب ساؤلؔ نے جِن کا نام پَولُسؔ بھی ہے پاک رُوح سے معموُر ہوکر اُس پر گہری نظر ڈالی اَور فرمایا، ”اَے اِبلیس کے فرزند اَور تو ہر اُس چیز کا دُشمن ہے جو صحیح ہے! تو تمام طرح کی عیّاری اَور مکّاری سے بھرا ہُواہے۔ کیا تو خُداوؔند کی سیدھی راہوں کو بگاڑنے سے کبھی نہیں باز آئے گا؟ اَب خُداوؔند کا ہاتھ تیرے خِلاف اُٹھا ہے۔ تُو اَندھا ہو جائے گا اَور کچھ عرصہ تک سُورج کو نہیں دیکھ سکےگا۔“ اُسی وقت کُہر اَور تاریکی نے اُس پر غلبہ پا لیا اَور وہ اِدھر اُدھر ٹٹولنے لگاتاکہ کویٔی اُس کا ہاتھ پکڑکر اُسے لے چلے۔ وہ حاکم یہ ماجرا دیکھ کر اَور شاگردوں سے خُداوؔند کی تعلیم سُن کر دنگ رہ گیا اَور خُدا پر ایمان لے آیا۔

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں اعمال 13

اعمال 1:13-12 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)

انطاکیہ کی جماعت میں کئی نبی اور اُستاد تھے: برنباس، شمعون جو کالا کہلاتا تھا، لوکیُس کرینی، مناہیم جس نے بادشاہ ہیرودیس انتپاس کے ساتھ پرورش پائی تھی اور ساؤل۔ ایک دن جب وہ روزہ رکھ کر خداوند کی پرستش کر رہے تھے تو روح القدس اُن سے ہم کلام ہوا، ”برنباس اور ساؤل کو اُس خاص کام کے لئے الگ کرو جس کے لئے مَیں نے اُنہیں بُلایا ہے۔“ اِس پر اُنہوں نے مزید روزے رکھے اور دعا کی، پھر اُن پر اپنے ہاتھ رکھ کر اُنہیں رُخصت کر دیا۔ یوں برنباس اور ساؤل کو روح القدس کی طرف سے بھیجا گیا۔ پہلے وہ ساحلی شہر سلوکیہ گئے اور وہاں جہاز میں بیٹھ کر جزیرۂ قبرص کے لئے روانہ ہوئے۔ جب وہ سلمیس شہر پہنچے تو اُنہوں نے یہودیوں کے عبادت خانوں میں جا کر اللہ کا کلام سنایا۔ یوحنا مرقس مددگار کے طور پر اُن کے ساتھ تھا۔ پورے جزیرے میں سے سفر کرتے کرتے وہ پافس شہر تک پہنچ گئے۔ وہاں اُن کی ملاقات ایک یہودی جادوگر سے ہوئی جس کا نام برعیسیٰ تھا۔ وہ جھوٹا نبی تھا اور جزیرے کے گورنر سرگیُس پولس کی خدمت کے لئے حاضر رہتا تھا۔ سرگیُس ایک سمجھ دار آدمی تھا۔ اُس نے برنباس اور ساؤل کو اپنے پاس بُلا لیا کیونکہ وہ اللہ کا کلام سننے کا خواہش مند تھا۔ لیکن جادوگر الیماس (برعیسیٰ کا دوسرا نام) نے اُن کی مخالفت کر کے گورنر کو ایمان سے باز رکھنے کی کوشش کی۔ پھر ساؤل جو پولس بھی کہلاتا ہے روح القدس سے معمور ہوا اور غور سے اُس کی طرف دیکھنے لگا۔ اُس نے کہا، ”ابلیس کے فرزند! تُو ہر قسم کے دھوکے اور بدی سے بھرا ہوا ہے اور ہر انصاف کا دشمن ہے۔ کیا تُو خداوند کی سیدھی راہوں کو بگاڑنے کی کوشش سے باز نہ آئے گا؟ اب خداوند تجھے سزا دے گا۔ تُو اندھا ہو کر کچھ دیر کے لئے سورج کی روشنی نہیں دیکھے گا۔“ اُسی لمحے دُھند اور تاریکی جادوگر پر چھا گئی اور وہ ٹٹول ٹٹول کر کسی کو تلاش کرنے لگا جو اُس کی راہنمائی کرے۔ یہ ماجرا دیکھ کر گورنر ایمان لایا، کیونکہ خداوند کی تعلیم نے اُسے حیرت زدہ کر دیا تھا۔

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں اعمال 13

اعمال 1:13-12 کِتابِ مُقادّس (URD)

انطاکِیہؔ میں اُس کلِیسیا کے مُتعلِّق جو وہاں تھی کئی نبی اور مُعلِّم تھے یعنی برنباسؔ اور شمعُونؔ جو کالا کہلاتا ہے اور لُوکِیُسؔ کُرینی اور مناہیمؔ جو چَوتھائی مُلک کے حاکِم ہیرودیؔس کے ساتھ پَلا تھا اور ساؤُلؔ۔ جب وہ خُداوند کی عِبادت کر رہے اور روزے رکھ رہے تھے تو رُوحُ القُدس نے کہا میرے لِئے برنباسؔ اور ساؤُلؔ کو اُس کام کے واسطے مخصُوص کر دو جِس کے واسطے مَیں نے اُن کو بُلایا ہے۔ تب اُنہوں نے روزہ رکھ کر اور دُعا کر کے اور اُن پر ہاتھ رکھ کر اُنہیں رُخصت کِیا۔ پس وہ رُوحُ القُدس کے بھیجے ہُوئے سِلُوکیہؔ کو گئے اور وہاں سے جہاز پر کُپرُؔس کو چلے۔ اور سَلَمِیسؔ میں پُہنچ کر یہُودِیوں کے عِبادت خانوں میں خُدا کا کلام سُنانے لگے اور یُوحنّاؔ اُن کا خادِم تھا۔ اور اُس تمام ٹاپُو میں ہوتے ہُوئے پافُسؔ تک پُہنچے۔ وہاں اُنہیں ایک یہُودی جادُوگر اور جُھوٹا نبی بریِسُوعؔ نام مِلا۔ وہ سرِگیُسؔ پَولُسؔ صُوبہ دار کے ساتھ تھا جو صاحِبِ تمِیز آدمی تھا۔ اِس نے برنباسؔ اور ساؤُلؔ کو بُلا کر خُدا کا کلام سُننا چاہا۔ مگر الِیماسؔ جادُوگر نے (کہ یِہی اِس کے نام کا تَرجُمہ ہے) اُن کی مُخالفت کی اور صُوبہ دار کو اِیمان لانے سے روکنا چاہا۔ اور ساؤُلؔ نے جِس کا نام پَولُسؔ بھی ہے رُوحُ القُدس سے بھر کر اُس پر غَور سے نظر کی۔ اور کہا کہ اَے اِبلِیس کے فرزند! تُو جو تمام مکّاری اور شرارت سے بھرا ہُؤا اور ہر طرح کی نیکی کا دُشمن ہے کیا خُداوند کی سِیدھی راہوں کو بِگاڑنے سے باز نہ آئے گا؟ اب دیکھ تُجھ پر خُداوند کا غضب ہے اور تُو اندھا ہو کر کُچھ مُدّت تک سُورج کو نہ دیکھے گا اُسی دَم کُہر اور اندھیرا اُس پر چھا گیا اور وہ ڈُھونڈتا پِھرا کہ کوئی اُس کا ہاتھ پکڑ کر لے چلے۔ تب صُوبہ دار یہ ماجرا دیکھ کر اور خُداوند کی تعلِیم سے حَیران ہو کر اِیمان لے آیا۔

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں اعمال 13