YouVersion Logo
تلاش

۲-تِھسّلُنیکیوں 3:2-17

۲-تِھسّلُنیکیوں 3:2-17 اُردو ہم عصر ترجُمہ (UCV)

نہ ہی کسی طرح کسی کے فریب میں آنا کیونکہ وہ دِن نہیں آئے گا جَب تک کہ لوگ خُدا کے خِلاف ایمان سے برگشتہ نہ ہو جایٔیں، اَور وہ مَردِ گُناہ یعنی ہلاکت کا فرزند ظاہر نہ ہو جائے۔ وہ ہر نام نہاد خُدا یا عبادت کے لائق کسی بھی چیز کی جو خُدا یا معبُود کہلاتی ہے اُس کی مُخالفت کرے گا، وہ خُود کو اِن سَب سے بڑا معبُود ٹھہرائے گا اَور یہاں تک کہ وہ خُدا کے مَقدِس میں بَیٹھ کر اَپنے خُدا ہونے کا اعلان کر دے گا۔ کیا تُمہیں یاد نہیں کہ جَب میں تمہارے پاس تھا تو تُمہیں یہ باتیں بتایا کرتاتھا؟ اَور تُم جانتے ہو کہ اَپنے مُقرّرہ وقت سے پہلے ظاہر ہونے سے، اُسے کون سِی چیز روکے ہوئے ہے۔ کیونکہ بے دینی کی باطنی طاقت پہلے سے ہی کام کر رہی ہے؛ لیکن ایک روکنے والا ہے اَور جَب تک وہ راستہ سے ہٹایا نہ جائے وہ اُسے روکے رہے گا۔ اُس وقت وہ بے دین ظاہر ہوگا، جسے خُداوؔند عیسیٰ اَپنی پھُونک سے مار ڈالیں گے اَور اَپنی آمد کی تجلّی سے نِیست کر دیں گے۔ یہ بے دین شیطان کی سِی قُوّت کے ساتھ آئے گا۔ اَور ہر طرح کے فرضی معجزات، نِشانات اَور عجِیب کاموں کو دکھائے گا، ہلاک ہونے وَالوں کو ہر قِسم کا فریب دے گا۔ وہ اِس لیٔے ہلاک ہوں گے کہ اُنہُوں نے حق کی مَحَبّت کو قبُول نہ کیا جسے قبُول کرتے تو نَجات پاتے۔ اِس سبب سے خُدا اُن پر گمراہی کا اَیسا اثر ڈالے گا کہ وہ جھُوٹ کو سچ تسلیم کرنے لگیں گے۔ اَورجو لوگ حق پر یقین نہیں کرتے بَلکہ ناراستی کو پسند کرتے ہیں وہ سَب سزا پائیں گے۔ اَے بھائیو اَور بہنوں! تُم جو خُداوؔند کے پیارے ہو، تمہارے لیٔے خُدا کا شُکر اَدا کرتے رہنا ہمارا فرض ہے کیونکہ اُس نے تُمہیں پہلے ہی سے چُن لیا تھا کہ تُم پاک رُوح سے پاکیزگی حاصل کرکے اَور حق پر ایمان لاکر نَجات پاؤ۔ جِس کے لیٔے اُس نے تُمہیں ہماری خُوشخبری کے ذریعہ بُلایا، تاکہ ہمارے خُداوؔند عیسیٰ المسیؔح کے جلال میں شریک ہو۔ چنانچہ اَے بھائیوں اَور بہنوں، اُس سچّائی پر ثابت قدم رہو جو روایتی تعلیمات تُم نے ہم سے زبانی یا ہمارے خط کے ذریعہ حاصل کی ہیں۔ اَب ہمارا خُداوؔند عیسیٰ المسیؔح خُود اَور ہمارا باپ خُدا، جِس نے ہم سے مَحَبّت رکھی اَور اَپنے فضل سے اَبدی تسلّی اَور اَچھّی اُمّید بخشی، تمہارے دلوں کو تسلّی عطا فرمائے اَور ہر نیک کام اَور کلام میں تُمہیں مضبُوط کرے۔

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں ۲-تِھسّلُنیکیوں 2

۲-تِھسّلُنیکیوں 3:2-17 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)

کوئی بھی آپ کو کسی بھی چال سے فریب نہ دے، کیونکہ یہ دن اُس وقت تک نہیں آئے گا جب تک آخری بغاوت پیش نہ آئے اور ”بےدینی کا آدمی“ ظاہر نہ ہو جائے، وہ جس کا انجام ہلاکت ہو گا۔ وہ ہر ایک کی مخالفت کرے گا جو خدا اور معبود کہلاتا ہے اور اپنے آپ کو اُن سب سے بڑا ٹھہرائے گا۔ ہاں، وہ اللہ کے گھر میں بیٹھ کر اعلان کرے گا، ”مَیں اللہ ہوں۔“ کیا آپ کو یاد نہیں کہ مَیں آپ کو یہ بتاتا رہا جب ابھی آپ کے پاس تھا؟ اور اب آپ جانتے ہیں کہ کیا کچھ اُسے روک رہا ہے تاکہ وہ اپنے مقررہ وقت پر ظاہر ہو جائے۔ کیونکہ یہ پُراسرار بےدینی اب بھی اثر کر رہی ہے۔ لیکن یہ اُس وقت تک ظاہر نہیں ہو گی جب تک وہ شخص ہٹ نہ جائے جو اب تک اُسے روک رہا ہے۔ پھر ہی ”بےدینی کا آدمی“ ظاہر ہو گا۔ لیکن جب خداوند عیسیٰ آئے گا تو وہ اُسے اپنے منہ کی پھونک سے مار ڈالے گا، ظاہر ہونے پر ہی وہ اُسے ہلاک کر دے گا۔ ”بےدینی کے آدمی“ میں ابلیس کام کرے گا۔ جب وہ آئے گا تو ہر قسم کی طاقت کا اظہار کرے گا۔ وہ جھوٹے نشان اور معجزے پیش کرے گا۔ یوں وہ اُنہیں ہر طرح کے شریر فریب میں پھنسائے گا جو ہلاک ہونے والے ہیں۔ لوگ اِس لئے ہلاک ہو جائیں گے کہ اُنہوں نے سچائی سے محبت کرنے سے انکار کیا، ورنہ وہ بچ جاتے۔ اِس وجہ سے اللہ اُنہیں بُری طرح سے فریب میں پھنسنے دیتا ہے تاکہ وہ اِس جھوٹ پر ایمان لائیں۔ نتیجے میں سب جو سچائی پر ایمان نہ لائے بلکہ ناراستی سے لطف اندوز ہوئے مجرم ٹھہریں گے۔ میرے بھائیو، واجب ہے کہ ہم ہر وقت آپ کے لئے خدا کا شکر کریں جنہیں خداوند پیار کرتا ہے۔ کیونکہ اللہ نے آپ کو شروع ہی سے نجات پانے کے لئے چن لیا، ایسی نجات کے لئے جو روح القدس سے پاکیزگی پا کر سچائی پر ایمان لانے سے حاصل ہوتی ہے۔ اللہ نے آپ کو اُس وقت یہ نجات پانے کے لئے بُلا لیا جب ہم نے آپ کو اُس کی خوش خبری سنائی۔ اور اب آپ ہمارے خداوند عیسیٰ مسیح کے جلال میں شریک ہو سکتے ہیں۔ بھائیو، اِس لئے ثابت قدم رہیں اور اُن روایات کو تھامے رکھیں جو ہم نے آپ کو سکھائی ہیں، خواہ زبانی یا خط کے ذریعے۔ ہمارا خداوند عیسیٰ مسیح خود اور خدا ہمارا باپ جس نے ہم سے محبت رکھی اور اپنے فضل سے ہمیں ابدی تسلی اور ٹھوس اُمید بخشی آپ کی حوصلہ افزائی کرے اور یوں مضبوط کرے کہ آپ ہمیشہ وہ کچھ بولیں اور کریں جو اچھا ہے۔

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں ۲-تِھسّلُنیکیوں 2

۲-تِھسّلُنیکیوں 3:2-17 کِتابِ مُقادّس (URD)

کِسی طرح سے کِسی کے فریب میں نہ آنا کیونکہ وہ دِن نہیں آئے گا جب تک کہ پہلے برگشتگی نہ ہو اور وہ گُناہ کا شخص یعنی ہلاکت کا فرزند ظاہِر نہ ہو۔ جو مُخالفت کرتا ہے اور ہر ایک سے جو خُدا یا معبُود کہلاتا ہے اپنے آپ کو بڑا ٹھہراتا ہے۔ یہاں تک کہ وہ خُدا کے مَقدِس میں بَیٹھ کر اپنے آپ کو خُدا ظاہِر کرتا ہے۔ کیا تُمہیں یاد نہیں کہ جب مَیں تُمہارے پاس تھا تو تُم سے یہ باتیں کہا کرتا تھا؟ اب جو چِیز اُسے روک رہی ہے تاکہ وہ اپنے خاص وقت پر ظاہِر ہو اُس کو تُم جانتے ہو۔ کیونکہ بے دِینی کا بھید تو اب بھی تاثِیر کرتا جاتا ہے مگر اب ایک روکنے والا ہے اور جب تک کہ وہ دُور نہ کِیا جائے روکے رہے گا۔ اُس وقت وہ بے دِین ظاہِر ہو گا جِسے خُداوند یِسُوع اپنے مُنہ کی پُھونک سے ہلاک اور اپنی آمد کی تجّلی سے نیست کرے گا۔ اور جِس کی آمد شَیطان کی تاثِیر کے مُوافِق ہر طرح کی جُھوٹی قُدرت اور نِشانوں اور عجِیب کاموں کے ساتھ۔ اور ہلاک ہونے والوں کے لِئے ناراستی کے ہر طرح کے دھوکے کے ساتھ ہو گی اِس واسطے کہ اُنہوں نے حق کی مُحبّت کو اِختیار نہ کِیا جِس سے اُن کی نجات ہوتی۔ اِسی سبب سے خُدا اُن کے پاس گُمراہ کرنے والی تاثِیر بھیجے گا تاکہ وہ جُھوٹ کو سچ جانیں۔ اور جِتنے لوگ حق کا یقِین نہیں کرتے بلکہ ناراستی کو پسند کرتے ہیں وہ سب سزا پائیں۔ لیکن تُمہارے بارے میں اَے بھائِیو! خُداوند کے پیارو ہر وقت خُدا کا شُکر کرنا ہم پر فرض ہے کیونکہ خُدا نے تُمہیں اِبتدا ہی سے اِس لِئے چُن لِیا تھا کہ رُوح کے ذرِیعہ سے پاکِیزہ بن کر اور حق پر اِیمان لا کر نجات پاؤ۔ جِس کے لِئے اُس نے تُمہیں ہماری خُوشخبری کے وسِیلہ سے بُلایا تاکہ تُم ہمارے خُداوند یِسُوع مسِیح کا جلال حاصِل کرو۔ پس اَے بھائِیو! ثابِت قدم رہو اور جِن روایتوں کی تُم نے ہماری زُبانی یا خَط کے ذرِیعہ سے تعلِیم پائی ہے اُن پر قائِم رہو۔ اب ہمارا خُداوند یِسُوع مسِیح خُود اور ہمارا باپ خُدا جِس نے ہم سے مُحبّت رکھّی اور فضل سے اَبدی تسلّی اور اچھّی اُمّید بخشی۔ تُمہارے دِلوں کو تسلّی دے اور ہر ایک نیک کام اور کلام میں مضبُوط کرے۔

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں ۲-تِھسّلُنیکیوں 2