YouVersion Logo
تلاش

2 تھِسّلُنیِکیوں 3:2-17

2 تھِسّلُنیِکیوں 3:2-17 UCV

نہ ہی کسی طرح کسی کے فریب میں آنا کیونکہ وہ دِن نہیں آئے گا جَب تک کہ لوگ خُدا کے خِلاف ایمان سے برگشتہ نہ ہو جایٔیں، اَور وہ مَردِ گُناہ یعنی ہلاکت کا فرزند ظاہر نہ ہو جائے۔ وہ ہر نام نہاد خُدا یا عبادت کے لائق کسی بھی چیز کی جو خُدا یا معبُود کہلاتی ہے اُس کی مُخالفت کرے گا، وہ خُود کو اِن سَب سے بڑا معبُود ٹھہرائے گا اَور یہاں تک کہ وہ خُدا کے مَقدِس میں بَیٹھ کر اَپنے خُدا ہونے کا اعلان کر دے گا۔ کیا تُمہیں یاد نہیں کہ جَب میں تمہارے پاس تھا تو تُمہیں یہ باتیں بتایا کرتاتھا؟ اَور تُم جانتے ہو کہ اَپنے مُقرّرہ وقت سے پہلے ظاہر ہونے سے، اُسے کون سِی چیز روکے ہوئے ہے۔ کیونکہ بے دینی کی باطنی طاقت پہلے سے ہی کام کر رہی ہے؛ لیکن ایک روکنے والا ہے اَور جَب تک وہ راستہ سے ہٹایا نہ جائے وہ اُسے روکے رہے گا۔ اُس وقت وہ بے دین ظاہر ہوگا، جسے خُداوؔند عیسیٰ اَپنی پھُونک سے مار ڈالیں گے اَور اَپنی آمد کی تجلّی سے نِیست کر دیں گے۔ یہ بے دین شیطان کی سِی قُوّت کے ساتھ آئے گا۔ اَور ہر طرح کے فرضی معجزات، نِشانات اَور عجِیب کاموں کو دکھائے گا، ہلاک ہونے وَالوں کو ہر قِسم کا فریب دے گا۔ وہ اِس لیٔے ہلاک ہوں گے کہ اُنہُوں نے حق کی مَحَبّت کو قبُول نہ کیا جسے قبُول کرتے تو نَجات پاتے۔ اِس سبب سے خُدا اُن پر گمراہی کا اَیسا اثر ڈالے گا کہ وہ جھُوٹ کو سچ تسلیم کرنے لگیں گے۔ اَورجو لوگ حق پر یقین نہیں کرتے بَلکہ ناراستی کو پسند کرتے ہیں وہ سَب سزا پائیں گے۔ اَے بھائیو اَور بہنوں! تُم جو خُداوؔند کے پیارے ہو، تمہارے لیٔے خُدا کا شُکر اَدا کرتے رہنا ہمارا فرض ہے کیونکہ اُس نے تُمہیں پہلے ہی سے چُن لیا تھا کہ تُم پاک رُوح سے پاکیزگی حاصل کرکے اَور حق پر ایمان لاکر نَجات پاؤ۔ جِس کے لیٔے اُس نے تُمہیں ہماری خُوشخبری کے ذریعہ بُلایا، تاکہ ہمارے خُداوؔند عیسیٰ المسیؔح کے جلال میں شریک ہو۔ چنانچہ اَے بھائیوں اَور بہنوں، اُس سچّائی پر ثابت قدم رہو جو روایتی تعلیمات تُم نے ہم سے زبانی یا ہمارے خط کے ذریعہ حاصل کی ہیں۔ اَب ہمارا خُداوؔند عیسیٰ المسیؔح خُود اَور ہمارا باپ خُدا، جِس نے ہم سے مَحَبّت رکھی اَور اَپنے فضل سے اَبدی تسلّی اَور اَچھّی اُمّید بخشی، تمہارے دلوں کو تسلّی عطا فرمائے اَور ہر نیک کام اَور کلام میں تُمہیں مضبُوط کرے۔

پڑھیں 2 تھِسّلُنیِکیوں 2