YouVersion Logo
تلاش

۲-سموئیل 18:7-29

۲-سموئیل 18:7-29 کِتابِ مُقادّس (URD)

تب داؤُد بادشاہ اندر جا کر خُداوند کے آگے بَیٹھا اور کہنے لگا اَے مالِک خُداوند مَیں کَون ہُوں اور میرا گھرانا کیا ہے کہ تُو نے مُجھے یہاں تک پُہنچایا؟ تَو بھی اَے مالِک خُداوند یہ تیری نظر میں چھوٹی بات تھی کیونکہ تُو نے اپنے بندہ کے گھرانے کے حق میں بُہت مُدّت تک کا ذِکر کِیا ہے اور وہ بھی اَے مالِک خُداوند آدمِیوں کے طرِیقہ پر۔ اور داؤُد تُجھ سے اَور کیا کہہ سکتا ہے؟ کیونکہ اَے مالِک خُداوند تُو اپنے بندہ کو جانتا ہے۔ تُو نے اپنے کلام کی خاطِر اور اپنی مرضی کے مُطابِق یہ سب بڑے کام کِئے تاکہ تیرا بندہ اُن سے واقِف ہو جائے۔ سو تُو اَے خُداوند خُدا بزُرگ ہے کیونکہ جَیسا ہم نے اپنے کانوں سے سُنا ہے اُس کے مُطابِق کوئی تیری مانِند نہیں اور تیرے سِوا کوئی خُدا نہیں۔ اور دُنیا میں وہ کَون سی ایک قَوم ہے جو تیرے لوگوں یعنی اِسرائیلؔ کی مانِند ہے جِسے خُدا نے جا کر اپنی قَوم بنانے کو چُھڑایا تاکہ وہ اپنا نام کرے (اور تُمہاری خاطِر بڑے بڑے کام) اور اپنے مُلک کے لِئے اور اپنی قَوم کے آگے جِسے تُو نے مِصرؔ کی قَوموں سے اور اُن کے دیوتاؤں سے رہائی بخشی ہَولناک کام کرے؟ اور تُو نے اپنے لِئے اپنی قَوم بنی اِسرائیل کو مُقرّر کِیا تاکہ وہ ہمیشہ کے لِئے تیری قَوم ٹھہرے اور تُو آپ اَے خُداوند اُن کا خُدا ہُؤا۔ اور اب تُو اَے خُداوند خُدا اُس بات کو جو تُو نے اپنے بندہ اور اُس کے گھرانے کے حق میں فرمائی ہے سدا کے لِئے قائِم کر دے اور جَیسا تُو نے فرمایا ہے وَیسا ہی کر۔ اور سدا یہ کہہ کہہ کر تیرے نام کی بڑائی کی جائے کہ ربُّ الافواج اِسرائیلؔ کا خُدا ہے اور تیرے بندہ داؤُد کا گھرانا تیرے حضُور قائِم کِیا جائے گا۔ کیونکہ تُو نے اَے ربُّ الافواج اِسرائیلؔ کے خُدا اپنے بندہ پر ظاہِر کِیا اور فرمایا کہ مَیں تیرا گھرانا بنائے رکھُّوں گا اِس لِئے تیرے بندہ کے دِل میں یہ آیا کہ تیرے آگے یہ مُناجات کرے۔ اور اَے مالِک خُداوند تُو خُدا ہے اور تیری باتیں سچّی ہیں اور تُو نے اپنے بندہ سے اِس نیکی کا وعدہ کِیا ہے۔ سو اب اپنے بندہ کے گھرانے کو برکت دینا منظُور کر تاکہ وہ سدا تیرے رُوبرُو پایدار رہے کہ تُو ہی نے اَے مالِک خُداوند یہ کہا ہے اور تیری ہی برکت سے تیرے بندہ کا گھرانا سدا مُبارک رہے!

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں ۲-سموئیل 7

۲-سموئیل 18:7-29 اُردو ہم عصر ترجُمہ (UCV)

تَب داویؔد بادشاہ اَندر گئے اَور یَاہوِہ کے حُضُور بیٹھ کر کہنے لگے: ”اَے یَاہوِہ قادر مَیں کون ہُوں اَور میرا خاندان کیا ہے کہ آپ نے مُجھے یہ مقام عطا کیا؟ تو بھی اَے یَاہوِہ قادر آپ کی نظر میں یہ گویا کافی نہ تھا کہ آپ نے اَپنے خادِم کے گھرانے کے مُستقبِل کی خبر بھی دے دی۔ اَے یَاہوِہ قادر کیا آپ اِنسان سے اِسی طرح پیش آتے ہیں؟ ”داویؔد آپ سے اِس سے زِیادہ کیا کہہ سَکتا ہے؟ جَب کہ اَے یَاہوِہ قادر آپ اَپنے خادِم کو جانتے ہیں۔ آپ نے اَپنے کلام کی خاطِر اَور اَپنی مرضی کے مُطابق یہ عظیم کام کیا ہے اَور اَپنے خادِم کو اِس سے آگاہ کر دیا ہے۔ ”اَے یَاہوِہ قادر آپ واقعی کتنے عظیم ہیں! اَور جَیسا کہ ہم نے خُود اَپنے کانوں سے سُنا ہے آپ کی مانند کویٔی نہیں اَور آپ کے سِوا کویٔی خُدا نہیں ہے۔ آپ کی قوم اِسرائیل کی مانند کون ہے، یعنی رُوئے زمین پر اَیسی بے نظیر قوم جسے خُدا نے خُود جا کر چھُڑایا تاکہ اُسے اَپنی قوم بنا لے اَور یُوں اَپنے نام کو جلال بخشے اَور اَپنی اُس قوم کے آگے جسے آپ نے مِصر سے نکالا دیگر قوموں اَور اُن کے معبُودوں کو پامال کرکے عظیم اَور مُہیب کارنامے اَنجام دیئے۔ آپ نے اَپنی قوم اِسرائیل کو مُقرّر کر دیا کہ وہ ہمیشہ کے لیٔے آپ کی قوم بنی رہے اَور آپ اَے یَاہوِہ اُن کا خُدا ہو گئے۔ ”اَور اَب اَے یَاہوِہ خُدا اَپنے اُس وعدہ کو ہمیشہ تک قائِم رکھنا جو آپ نے اَپنے خادِم اَور اُس کے گھرانے کے متعلّق کیا ہے اَور جَیسا آپ نے کہا وَیسا ہی کرنا۔ تاکہ ہمیشہ تک آپ کے نام کی عظمت ہو اَور لوگ کہیں، ’قادرمُطلق یَاہوِہ اِسرائیل کے خُدا ہیں!‘ اَور آپ کے خادِم داویؔد کا گھرانا آپ کے حُضُور میں ہمیشہ قائِم رہے! ”اَے قادرمُطلق یَاہوِہ اِسرائیل کے خُدا آپ نے اَپنے خادِم پر ظاہر کیا اَور کہا، ’مَیں تیرے لیٔے ایک خاندان کی بُنیاد رکھوں گا۔‘ لہٰذا آپ کے خادِم کو ہمّت ہُوئی کہ آپ سے یہ دعا کرے۔ اَے یَاہوِہ قادر، آپ ہی خُدا ہیں! آپ کا عہد قابلِ اِعتماد ہے اَور آپ نے اَپنے خادِم سے اِن اَچھّی باتوں کا وعدہ کیا ہے۔ اَب اَپنے خادِم کے گھرانے کو برکت دینا منظُور فرمائیں تاکہ وہ ہمیشہ آپ کی نظر میں قائِم رہے۔ کیونکہ اَے یَاہوِہ قادر آپ نے فرمایاہے اَور آپ کی برکت سے آپ کے خادِم کا گھرانا اَبد تک مُبارک رہے گا۔“

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں ۲-سموئیل 7

۲-سموئیل 18:7-29 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)

تب داؤد عہد کے صندوق کے پاس گیا اور رب کے حضور بیٹھ کر دعا کرنے لگا، ”اے رب قادرِ مطلق، مَیں کون ہوں اور میرا خاندان کیا حیثیت رکھتا ہے کہ تُو نے مجھے یہاں تک پہنچایا ہے؟ اور اب اے رب قادرِ مطلق، تُو مجھے اَور بھی زیادہ عطا کرنے کو ہے، کیونکہ تُو نے اپنے خادم کے گھرانے کے مستقبل کے بارے میں بھی وعدہ کیا ہے۔ کیا تُو عام طور پر انسان کے ساتھ ایسا سلوک کرتا ہے؟ ہرگز نہیں! لیکن مَیں مزید کیا کہوں؟ اے رب قادرِ مطلق، تُو تو اپنے خادم کو جانتا ہے۔ تُو نے اپنے فرمان کی خاطر اور اپنی مرضی کے مطابق یہ عظیم کام کر کے اپنے خادم کو اطلاع دی ہے۔ اے رب قادرِ مطلق، تُو کتنا عظیم ہے! تجھ جیسا کوئی نہیں ہے۔ ہم نے اپنے کانوں سے سن لیا ہے کہ تیرے سوا کوئی اَور خدا نہیں ہے۔ دنیا میں کون سی قوم تیری اُمّت اسرائیل کی مانند ہے؟ تُو نے اِسی ایک قوم کا فدیہ دے کر اُسے غلامی سے چھڑایا اور اپنی قوم بنا لیا۔ تُو نے اسرائیل کے واسطے بڑے اور ہیبت ناک کام کر کے اپنے نام کی شہرت پھیلا دی۔ ہمیں مصر سے رِہا کر کے تُو نے قوموں اور اُن کے دیوتاؤں کو ہمارے آگے سے نکال دیا۔ اے رب، تُو اسرائیل کو ہمیشہ کے لئے اپنی قوم بنا کر اُن کا خدا بن گیا ہے۔ چنانچہ اے رب قادرِ مطلق، جو بات تُو نے اپنے خادم اور اُس کے گھرانے کے بارے میں کی ہے اُسے ابد تک قائم رکھ اور اپنا وعدہ پورا کر۔ تب تیرا نام ابد تک مشہور رہے گا اور لوگ تسلیم کریں گے کہ رب الافواج اسرائیل کا خدا ہے۔ پھر تیرے خادم داؤد کا گھرانا بھی تیرے حضور قائم رہے گا۔ اے رب الافواج، اسرائیل کے خدا، تُو نے اپنے خادم کے کان کو اِس بات کے لئے کھول دیا ہے۔ تُو ہی نے فرمایا، ’مَیں تیرے لئے گھر تعمیر کروں گا۔‘ صرف اِسی لئے تیرے خادم نے یوں تجھ سے دعا کرنے کی جرأت کی ہے۔ اے رب قادرِ مطلق، تُو ہی خدا ہے، اور تیری ہی باتوں پر اعتماد کیا جا سکتا ہے۔ تُو نے اپنے خادم سے اِن اچھی چیزوں کا وعدہ کیا ہے۔ اب اپنے خادم کے گھرانے کو برکت دینے پر راضی ہو تاکہ وہ ہمیشہ تک تیرے حضور قائم رہے۔ کیونکہ تُو ہی نے یہ فرمایا ہے، اور چونکہ تُو اے رب قادرِ مطلق نے برکت دی ہے اِس لئے تیرے خادم کا گھرانا ابد تک مبارک رہے گا۔“

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں ۲-سموئیل 7