۱-تِھسّلُنیکیوں 11:5-24
۱-تِھسّلُنیکیوں 11:5-24 اُردو ہم عصر ترجُمہ (UCV)
اِس لیٔے تُم ایک دُوسرے کی حوصلہ اَفزائی کرو اَور ترقّی کا باعث بنو، جَیسا کہ تُم کر بھی رہے ہو۔ اَب اَے بھائیوں اَور بہنوں! ہم تُم سے درخواست کرتے ہیں کہ اُن لوگوں کی قدر کرو جو تمہارے درمیان سخت محنت کرتے ہیں اَور خُداوؔند میں جو تمہارے پیشوا ہیں اَور تُمہیں نصیحت کرتے ہیں۔ اُن کی خدمت کے سبب سے مَحَبّت کے ساتھ اُن کی خُوب عزّت کیا کرو۔ اَور آپَس میں ایک دُوسرے کے ساتھ اَمن اَور سلامتی سے رہو۔ اَور اَے بھائیوں اَور بہنوں! ہم تُمہیں نصیحت کرتے ہیں کہ کاہل اَور بے قاعدہ چلنے والوں کو سمجھاؤ، بُزدل کو ہِمّت دو اَور کمزوروں کی مدد کرو اَور سَب کے ساتھ تحمُّل سے پیش آؤ۔ خبردار! کویٔی شخص کسی سے بدی کے بدلے بدی نہ کرے بَلکہ ہر وقت آپَس میں اَور سَب کے ساتھ نیکی کرنے کی کوشش میں لگے رہو۔ ہر وقت خُوش رہو۔ بِلا ناغہ دعا کرو۔ ہر حالات میں شُکر گُزاری کرو کیونکہ خُداوؔند المسیؔح عیسیٰ میں تمہارے لیٔے خُدا کی یہی مرضی ہے۔ پاک رُوح کو مت بُجھاؤ۔ نبُوّتوں کی حقارت نہ کرو۔ ہر بات کو آزماؤ، جو اَچھّی ہو اُسے پکڑے رہو۔ ہر طرح کی بدی سے دُور رہو۔ اَمن کا خُدا خُود ہی تُمہیں مُکمّل طور سے پاک کرے؛ اَور تمہاری رُوح، جان اَور جِسم کو پُوری طرح ہمارے خُداوؔند عیسیٰ المسیؔح کے آنے تک بے عیب محفوظ رکھے۔ تمہارا بُلانے والا سچّا ہے۔ اَور وہ اَیسا ہی کرے گا۔
۱-تِھسّلُنیکیوں 11:5-24 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)
اِس لئے ایک دوسرے کی حوصلہ افزائی اور تعمیر کرتے رہیں، جیسا کہ آپ کر بھی رہے ہیں۔ بھائیو، ہماری درخواست ہے کہ آپ اُن کی قدر کریں جو آپ کے درمیان سخت محنت کر کے خداوند میں آپ کی راہنمائی اور ہدایت کرتے ہیں۔ اُن کی خدمت کو سامنے رکھ کر پیار سے اُن کی بڑی عزت کریں۔ اور ایک دوسرے کے ساتھ میل ملاپ سے زندگی گزاریں۔ بھائیو، ہم اِس پر زور دینا چاہتے ہیں کہ اُنہیں سمجھائیں جو بےقاعدہ زندگی گزارتے ہیں، اُنہیں تسلی دیں جو جلدی سے مایوس ہو جاتے ہیں، کمزوروں کا خیال رکھیں اور سب کو صبر سے برداشت کریں۔ اِس پر دھیان دیں کہ کوئی کسی سے بُرائی کے بدلے بُرائی نہ کرے بلکہ آپ ہر وقت ایک دوسرے اور تمام لوگوں کے ساتھ نیک کام کرنے میں لگے رہیں۔ ہر وقت خوش رہیں، بلاناغہ دعا کریں، اور ہر حالت میں خدا کا شکر کریں۔ کیونکہ جب آپ مسیح میں ہیں تو اللہ یہی کچھ آپ سے چاہتا ہے۔ روح القدس کو مت بجھائیں۔ نبوّتوں کی تحقیر نہ کریں۔ سب کچھ پرکھ کر وہ تھامے رکھیں جو اچھا ہے، اور ہر قسم کی بُرائی سے باز رہیں۔ اللہ خود جو سلامتی کا خدا ہے آپ کو پورے طور پر مخصوص و مُقدّس کرے۔ وہ کرے کہ آپ پورے طور پر روح، جان اور بدن سمیت اُس وقت تک محفوظ اور بےالزام رہیں جب تک ہمارا خداوند عیسیٰ مسیح واپس نہیں آ جاتا۔ جو آپ کو بُلاتا ہے وہ وفادار ہے اور وہ ایسا کرے گا بھی۔
۱-تِھسّلُنیکیوں 11:5-24 کِتابِ مُقادّس (URD)
پس تُم ایک دُوسرے کو تسلّی دو اور ایک دُوسرے کی ترقّی کا باعِث بنو۔ چُنانچہ تُم اَیسا کرتے بھی ہو۔ اور اَے بھائِیو! ہم تُم سے درخواست کرتے ہیں کہ جو تُم میں مِحنت کرتے اور خُداوند میں تُمہارے پیشوا ہیں اور تُم کو نصِیحت کرتے ہیں اُنہیں مانو۔ اور اُن کے کام کے سبب سے مُحبّت کے ساتھ اُن کی بڑی عِزّت کرو۔ آپس میں میل مِلاپ رکھّو۔ اور اَے بھائِیو! ہم تُمہیں نصِیحت کرتے ہیں کہ بے قاعِدہ چلنے والوں کو سمجھاؤ۔ کم ہِمّتوں کو دِلاسا دو۔ کمزوروں کو سنبھالو۔ سب کے ساتھ تحمُّل سے پیش آؤ۔ خبردار! کوئی کِسی سے بدی کے عِوض بدی نہ کرے بلکہ ہر وقت نیکی کرنے کے درپَے رہو۔ آپس میں بھی اور سب سے۔ ہر وقت خُوش رہو۔ بِلاناغہ دُعا کرو۔ ہر ایک بات میں شُکرگُذاری کرو کیونکہ مسِیح یِسُوع میں تُمہاری بابت خُدا کی یہی مرضی ہے۔ رُوح کو نہ بُجھاؤ۔ نبُوّتوں کی حقارت نہ کرو۔ سب باتوں کو آزماؤ۔ جو اچھّی ہو اُسے پکڑے رہو۔ ہر قِسم کی بدی سے بچے رہو۔ خُدا جو اِطمِینان کا چشمہ ہے آپ ہی تُم کو بِالکُل پاک کرے اور تُمہاری رُوح اور جان اور بدن ہمارے خُداوند یِسُوع مسِیح کے آنے تک پُورے پُورے اور بے عَیب محفُوظ رہیں۔ تُمہارا بُلانے والا سچّا ہے۔ وہ اَیسا ہی کرے گا۔