۱-تِھسّلُنیکیوں 1:5-11
۱-تِھسّلُنیکیوں 1:5-11 کِتابِ مُقادّس (URD)
مگر اَے بھائِیو! اِس کی کُچھ حاجت نہیں کہ وقتوں اور مَوقعوں کی بابت تُم کو کُچھ لِکھا جائے۔ اِس واسطے کہ تُم آپ خُوب جانتے ہو کہ خُداوند کا دِن اِس طرح آنے والا ہے جِس طرح رات کو چور آتا ہے۔ جِس وقت لوگ کہتے ہوں گے کہ سلامتی اور اَمن ہے اُس وقت اُن پر اِس طرح ناگہاں ہلاکت آئے گی جِس طرح حامِلہ کو درد لگتے ہیں اور وہ ہرگِز نہ بچیں گے۔ لیکن تُم اَے بھائِیو! تارِیکی میں نہیں ہو کہ وہ دِن چور کی طرح تُم پر آ پڑے۔ کیونکہ تُم سب نُور کے فرزند اور دِن کے فرزند ہو۔ ہم نہ رات کے ہیں نہ تارِیکی کے۔ پس اَوروں کی طرح سو نہ رہیں بلکہ جاگتے اور ہوشیار رہیں۔ کیونکہ جو سوتے ہیں رات ہی کو سوتے ہیں اور جو مَتوالے ہوتے ہیں رات ہی کو مَتوالے ہوتے ہیں۔ مگر ہم جو دِن کے ہیں اِیمان اور مُحبّت کا بکتر لگا کر اور نجات کی اُمّید کا خود پہن کر ہوشیار رہیں۔ کیونکہ خُدا نے ہمیں غضب کے لِئے نہیں بلکہ اِس لِئے مُقرّر کِیا کہ ہم اپنے خُداوند یِسُوع مسِیح کے وسِیلہ سے نجات حاصِل کریں۔ وہ ہماری خاطِر اِس لِئے مُؤا کہ ہم جاگتے ہوں یا سوتے ہوں سب مِل کر اُسی کے ساتھ جِئیں۔ پس تُم ایک دُوسرے کو تسلّی دو اور ایک دُوسرے کی ترقّی کا باعِث بنو۔ چُنانچہ تُم اَیسا کرتے بھی ہو۔
۱-تِھسّلُنیکیوں 1:5-11 اُردو ہم عصر ترجُمہ (UCV)
اَب، اَے بھائیوں اَور بہنوں! ہمیں وقت اَور تاریخوں کی بابت تُمہیں لکھنے کی کویٔی ضروُرت نہیں۔ کیونکہ تُم اَچھّی طرح جانتے ہو کہ خُداوؔند کے لَوٹنے کا دِن رات کے چور کی مانند اَچانک آ جایٔےگا۔ جَب لوگ کہہ رہے ہوں گے کہ اَب، ”اَمن اَور سلامتی ہے،“ اُسی وقت اُن پر اَچانک ہلاکت اِس طرح آ جائے گی جِس طرح حاملہ عورت کو دردِزہ شروع ہو جاتا ہے اَور وہ ہر گز نہ بچیں گے۔ لیکن اَے بھائیوں اَور بہنوں! تُم تاریکی میں نہ رہو کہ وہ دِن چور کی مانند اَچانک تُم پر آ جائے اَور تُمہیں حیرت میں ڈال دے۔ کیونکہ تُم سَب نُور کے فرزند اَور دِن کے فرزند ہو؛ ہم نہ تو رات کے ہیں اَور نہ تاریکی کے ہیں۔ لہٰذا ہم دُوسروں کی طرح سوتے نہ رہیں بَلکہ جاگتے اَور ہوشیار رہیں۔ کیونکہ جو سوتے ہیں وہ رات کو سوتے ہیں اَورجو متوالے ہوتے ہیں وہ بھی رات کو ہوتے ہیں۔ چونکہ ہم دِن کے ہیں اِس لیٔے ہم ایمان اَور مَحَبّت کا بکتر لگا کر اَور نَجات کی اُمّید کا خود یعنی ٹوپی پہن کر ہوشیار رہیں۔ کیونکہ خُدا نے ہمیں اَپنے غضب کے لیٔے نہیں بَلکہ ہمارے خُداوؔند عیسیٰ المسیؔح کے وسیلہ سے نَجات حاصل کرنے کے لیٔے مُقرّر کیا ہے۔ اَور حُضُور عیسیٰ المسیؔح نے ہماری خاطِر اِس لیٔے جان دی کہ خواہ ہم زندہ ہوں یا مُردہ، ہم سَب مِل کر حُضُور عیسیٰ کے ساتھ ہی جِئیں۔ اِس لیٔے تُم ایک دُوسرے کی حوصلہ اَفزائی کرو اَور ترقّی کا باعث بنو، جَیسا کہ تُم کر بھی رہے ہو۔
۱-تِھسّلُنیکیوں 1:5-11 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)
بھائیو، اِس کی ضرورت نہیں کہ ہم آپ کو لکھیں کہ یہ سب کچھ کب اور کس موقع پر ہو گا۔ کیونکہ آپ خود خوب جانتے ہیں کہ خداوند کا دن یوں آئے گا جس طرح چور رات کے وقت گھر میں گھس آتا ہے۔ جب لوگ کہیں گے، ”اب امن و امان ہے،“ تو ہلاکت اچانک ہی اُن پر آن پڑے گی۔ وہ اِس طرح مصیبت میں پڑ جائیں گے جس طرح وہ عورت جس کا بچہ پیدا ہو رہا ہے۔ وہ ہرگز نہیں بچ سکیں گے۔ لیکن آپ بھائیو تاریکی کی گرفت میں نہیں ہیں، اِس لئے یہ دن چور کی طرح آپ پر غالب نہیں آنا چاہئے۔ کیونکہ آپ سب روشنی اور دن کے فرزند ہیں۔ ہمارا رات یا تاریکی سے کوئی واسطہ نہیں۔ غرض آئیں، ہم دوسروں کی مانند نہ ہوں جو سوئے ہوئے ہیں بلکہ جاگتے رہیں، ہوش مند رہیں۔ کیونکہ رات کے وقت ہی لوگ سو جاتے ہیں، رات کے وقت ہی لوگ نشے میں دُھت ہو جاتے ہیں۔ لیکن چونکہ ہم دن کے ہیں اِس لئے آئیں ہم ہوش میں رہیں۔ لازم ہے کہ ہم ایمان اور محبت کو زرہ بکتر کے طور پر اور نجات کی اُمید کو خود کے طور پر پہن لیں۔ کیونکہ اللہ نے ہمیں اِس لئے نہیں چنا کہ ہم پر اپنا غضب نازل کرے بلکہ اِس لئے کہ ہم اپنے خداوند عیسیٰ مسیح کے وسیلے سے نجات پائیں۔ اُس نے ہماری خاطر اپنی جان دے دی تاکہ ہم اُس کے ساتھ جئیں، خواہ ہم اُس کی آمد کے دن مُردہ ہوں یا زندہ۔ اِس لئے ایک دوسرے کی حوصلہ افزائی اور تعمیر کرتے رہیں، جیسا کہ آپ کر بھی رہے ہیں۔