۱-سموئیل 1:10-6
۱-سموئیل 1:10-6 اُردو ہم عصر ترجُمہ (UCV)
تَب شموایلؔ نے تیل کی کُپّی لی اَور اُسے شاؤل کے سَر پر اُنڈیلا اَور اُسے چُوم کر کہنے لگا، ”کیا یہ حقیقت نہیں کہ یَاہوِہ نے تُمہیں اَپنی مِیراث یعنی بنی اِسرائیل کا بادشاہ ہونے کے لیٔے مَسح کیا ہے؟ جَب تُم آج میرے پاس سے چلے جاؤگے، تو راخلؔ کے مقبرہ کے قریب بِنیامین کے علاقہ میں ضِلضعؔ کے مقام پر دو آدمی تُم سے ملیں گے۔ اَور کہیں گے، ’وہ گدھے جنہیں تُم ڈھونڈنے گئے تھے مِل گیٔے ہیں۔ اَب تمہارے باپ نے اُن کے بارے میں فکر کرنا چھوڑ دیا ہے اَور وہ تمہارے لیٔے فِکرمند ہے اَور کہتے ہیں، ”مَیں اَپنے بیٹے کے لیٔے کیا کروں؟“ ‘ ”پھر وہاں سے آگے بڑھ کر جَب تُم تبورؔ کے بڑے بلُوط درخت کے پاس پہُنچوگے تو وہاں تُمہیں تین آدمی ملیں گے جو بیت ایل یعنی خُدا کے گھر کی زیارت کے لیٔے جا رہے ہوں گے۔ ایک بکری کے تین بچّے، دُوسرا تین روٹیاں اَور تیسرا مَے کا ایک مشکیزہ اُٹھائے ہوگا۔ وہ تُمہیں سلام کریں گے اَور دو روٹیاں پیش کریں گے جنہیں تُم قبُول کر لینا۔ ”اَور اُس کے بعد تُم خُدا کے گِبعہؔ تک پہُنچ جاؤ گئے جہاں فلسطینیوں کی ایک چوکی ہے۔ جَب تُم اُس قصبہ میں داخل ہوگے تو تُمہیں نبیوں کا ایک جلوس اُونچے مقام سے نیچے آتا ہُوا ملے گا جِن کے آگے بربط، دف، بانسری اَور سِتار بجائے جا رہے ہوں گے اَور وہ نبُوّت کر رہے ہوں گے۔ تَب یَاہوِہ کا رُوح تُم پر شِدّت سے نازل ہوگا اَور تُم بھی اُن کے ساتھ نبُوّت کرنے لگوگے اَور بالکُل نئی شخصیت بَن جاؤگے۔
۱-سموئیل 1:10-6 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)
پھر سموایل نے کُپّی لے کر ساؤل کے سر پر زیتون کا تیل اُنڈیل دیا اور اُسے بوسہ دے کر کہا، ”رب نے آپ کو اپنی خاص ملکیت پر راہنما مقرر کیا ہے۔ میرے پاس سے چلے جانے کے بعد جب آپ بن یمین کی سرحد کے شہر ضلضخ کے قریب راخل کی قبر کے پاس سے گزریں گے تو آپ کی ملاقات دو آدمیوں سے ہو گی۔ وہ آپ سے کہیں گے، ’جو گدھیاں آپ ڈھونڈنے گئے وہ مل گئی ہیں۔ اور اب آپ کے باپ گدھیوں کی نہیں بلکہ آپ کی فکر کر رہے ہیں۔ وہ کہہ رہے ہیں کہ مَیں کس طرح اپنے بیٹے کا پتا کروں؟‘ آپ آگے جا کر تبور کے بلوط کے درخت کے پاس پہنچیں گے۔ وہاں تین آدمی آپ سے ملیں گے جو اللہ کی عبادت کرنے کے لئے بیت ایل جا رہے ہوں گے۔ ایک کے پاس تین چھوٹی بکریاں، دوسرے کے پاس تین روٹیاں اور تیسرے کے پاس مَے کی مشک ہو گی۔ وہ آپ کو سلام کہہ کر دو روٹیاں دیں گے۔ اُن کی یہ روٹیاں قبول کریں۔ اِس کے بعد آپ اللہ کے جِبعہ جائیں گے جہاں فلستیوں کی چوکی ہے۔ شہر میں داخل ہوتے وقت آپ کی ملاقات نبیوں کے ایک جلوس سے ہو گی جو اُس وقت پہاڑی کی قربان گاہ سے اُتر رہا ہو گا۔ اُن کے آگے آگے ستار، دف، بانسریاں اور سرود بجانے والے چلیں گے، اور وہ نبوّت کی حالت میں ہوں گے۔ رب کا روح آپ پر بھی نازل ہو گا، اور آپ اُن کے ساتھ نبوّت کریں گے۔ اُس وقت آپ فرق شخص میں تبدیل ہو جائیں گے۔
۱-سموئیل 1:10-6 کِتابِ مُقادّس (URD)
پِھر سموئیل نے تیل کی کُپّی لی اور اُس کے سر پر اُنڈیلی اور اُسے چُوما اور کہا کہ کیا یِہی بات نہیں کہ خُداوند نے تُجھے مَسح کِیا تاکہ تُو اُس کی مِیراث کا پیشوا ہو؟ جب تُو آج میرے پاس سے چلا جائے گا تو ضلضح میں جو بِنیمِین کی سرحد میں ہے راخِل کی گور کے پاس دو شخص تُجھے مِلیں گے اور وہ تُجھ سے کہیں گے کہ وہ گدھے جِن کو تُو ڈُھونڈنے گیا تھا مِل گئے اور دیکھ اب تیرا باپ گدھوں کی طرف سے بے فِکر ہو کر تُمہارے لِئے فِکرمند ہے اور کہتا ہے کہ مَیں اپنے بیٹے کے لِئے کیا کرُوں؟ پِھر وہاں سے آگے بڑھ کر جب تُو تبُور کے بلُوط کے پاس پُہنچے گا تو وہاں تِین شخص جو بَیت ایل کو خُدا کے پاس جاتے ہوں گے تُجھے مِلیں گے۔ ایک تو بکری کے تِین بچّے دُوسرا روٹی کے تِین گِردے اور تِیسرا مَے کا ایک مشکِیزہ لِئے جاتا ہو گا۔ اور وہ تُجھے سلام کریں گے اور روٹی کے دو گِردے تُجھے دیں گے۔ تُو اُن کو اُن کے ہاتھ سے لے لینا۔ اور بعد اُس کے تُو خُدا کے پہاڑ کو پُہنچے گا جہاں فِلستِیوں کی چَوکی ہے اور جب تُو وہاں شہر میں داخِل ہو گا تو نبِیوں کی ایک جماعت جو اُونچے مقام سے اُترتی ہو گی تُجھے مِلے گی اور اُن کے آگے سِتار اور دف اور بانسلی اور بربط ہوں گے اور وہ نبُوّت کرتے ہوں گے۔ تب خُداوند کی رُوح تُجھ پر زور سے نازِل ہو گی اور تُو اُن کے ساتھ نبُوّت کرنے لگے گا اور بدل کر اَور ہی آدمی ہو جائے گا۔