۱-پطرس 6:1-9
۱-پطرس 6:1-9 اُردو ہم عصر ترجُمہ (UCV)
چنانچہ تُم اِن سَب کے درمیان خُوب خُوشی مناتے ہو حالانکہ ہو سَکتا ہے کہ تُمہیں ابھی چند روز کے لیٔے مُختلف آزمائشوں کا سامنا کرنے سے غمزدہ ہونا پڑے۔ اَور یہ آزمائشیں اِس لیٔے آئی ہیں تاکہ تمہارے ثابت ایمان کی صداقت آگ میں تپے ہویٔے فانی سونے سے بھی زِیادہ قیمتی ہو، اَور حُضُور عیسیٰ المسیؔح کے ظاہر ہونے کے وقت تَعریف، جلال اَور عزّت کے لائق ٹھہرے۔ اگرچہ تُم نے حُضُور عیسیٰ کو نہیں دیکھا، مگر پھر بھی اُن سے مَحَبّت کرتے ہو؛ حالانکہ تُم ابھی بھی حُضُور کو اَپنے نظروں کے سامنے نہیں پاتے ہو، پھر بھی اُن پر ایمان رکھتے ہو اَور اَیسی خُوشی مناتے ہو جو بَیان سے باہر اَور جلال سے معموُر ہے، کیونکہ تمہارے ایمان کا آخِری اجر تمہاری رُوحوں کی نَجات ہے۔
۱-پطرس 6:1-9 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)
اُس وقت آپ خوشی منائیں گے، گو فی الحال آپ کو تھوڑی دیر کے لئے طرح طرح کی آزمائشوں کا سامنا کر کے غم کھانا پڑتا ہے تاکہ آپ کا ایمان اصلی ثابت ہو جائے۔ کیونکہ جس طرح آگ سونے کو آزما کر خالص بنا دیتی ہے اُسی طرح آپ کا ایمان بھی آزمایا جا رہا ہے، حالانکہ یہ فانی سونے سے کہیں زیادہ قیمتی ہے۔ کیونکہ اللہ چاہتا ہے کہ آپ کو اُس دن تعریف، جلال اور عزت مل جائے جب عیسیٰ مسیح ظاہر ہو گا۔ اُسی کو آپ پیار کرتے ہیں اگرچہ آپ نے اُسے دیکھا نہیں، اور اُسی پر آپ ایمان رکھتے ہیں گو وہ آپ کو اِس وقت نظر نہیں آتا۔ ہاں، آپ دل میں ناقابلِ بیان اور جلالی خوشی منائیں گے، جب آپ وہ کچھ پائیں گے جو ایمان کی منزلِ مقصود ہے یعنی اپنی جانوں کی نجات۔
۱-پطرس 6:1-9 کِتابِ مُقادّس (URD)
اِس کے سبب سے تُم خُوشی مناتے ہو۔ اگرچہ اب چند روز کے لِئے ضرُورت کی وجہ سے طرح طرح کی آزمایشوں کے سبب سے غم زدہ ہو۔ اور یہ اِس لِئے ہے کہ تُمہارا آزمایا ہُؤا اِیمان جو آگ سے آزمائے ہُوئے فانی سونے سے بھی بُہت ہی بیش قِیمت ہے یِسُوعؔ مسِیح کے ظہُور کے وقت تعرِیف اور جلال اور عِزّت کا باعِث ٹھہرے۔ اُس سے تُم بے دیکھے مُحبّت رکھتے ہو اور اگرچہ اِس وقت اُس کو نہیں دیکھتے تَو بھی اُس پر اِیمان لا کر اَیسی خُوشی مناتے ہو جو بیان سے باہر اور جلال سے بھری ہے۔ اور اپنے اِیمان کا مقصد یعنی رُوحوں کی نجات حاصِل کرتے ہو۔