YouVersion Logo
تلاش

1 پطرس 1

1
1پطر س کی جانِب سے جو حُضُور عیسیٰ المسیؔح کا رسول ہے،
اُن برگُزیدہ مہاجِروں اَور عارضی مقیمین کے نام خط، جو پُنطُسؔ، گلِتیؔہ، کپُدکیہ، آسیہؔ اَور صُوبہ بِتُونیہؔ میں جابجا رہتے ہیں۔ 2اَور خُدا باپ کے علمِ سابق کے مُوافق اَور پاک رُوح کے مُقدّس کرنے سے حُضُور عیسیٰ المسیؔح کے فرمانبردار ہونے اَور اُن کے خُون کے چھڑکے جانے کے لیٔے برگُزیدہ ہویٔے ہیں:
تُمہیں کثرت سے فضل اَور اِطمینان حاصل ہوتا رہے۔
زندہ اُمّید کے لیٔے خُدا کی حَمد
3ہمارے خُداوؔند عیسیٰ المسیؔح کے خُدا اَور باپ کی حَمد ہو! جِس نے خُداوؔند عیسیٰ المسیؔح کے مُردوں میں سے جی اُٹھنے کے سبب سے اَپنی بڑی رحمت سے ہمیں ایک زندہ اُمّید کے لیٔے نئے سِرے سے پیدا کیا ہے، 4تاکہ ہم ایک غَیر فانی، بے داغ اَور لازوال مِیراث پائیں جو خُدا کی طرف سے ہمارے لیٔے آسمان پر محفوظ ہے۔ 5جو تمہارے ایمان کے وسیلہ سے اَور خُدا کی قُدرت سے اُس نَجات کے لیٔے محفوظ ہے جو اِن آخِری وقت میں ظاہر ہونے والی ہے۔ 6چنانچہ تُم اِن سَب کے درمیان خُوب خُوشی مناتے ہو حالانکہ ہو سَکتا ہے کہ تُمہیں ابھی چند روز کے لیٔے مُختلف آزمائشوں کا سامنا کرنے سے غمزدہ ہونا پڑے۔ 7اَور یہ آزمائشیں اِس لیٔے آئی ہیں تاکہ تمہارے ثابت ایمان کی صداقت آگ میں تپے ہویٔے فانی سونے سے بھی زِیادہ قیمتی ہو، اَور حُضُور عیسیٰ المسیؔح کے ظاہر ہونے کے وقت تَعریف، جلال اَور عزّت کے لائق ٹھہرے۔ 8اگرچہ تُم نے حُضُور عیسیٰ کو نہیں دیکھا، مگر پھر بھی اُن سے مَحَبّت کرتے ہو؛ حالانکہ تُم ابھی بھی حُضُور کو اَپنے نظروں کے سامنے نہیں پاتے ہو، پھر بھی اُن پر ایمان رکھتے ہو اَور اَیسی خُوشی مناتے ہو جو بَیان سے باہر اَور جلال سے معموُر ہے، 9کیونکہ تمہارے ایمان کا آخِری اجر تمہاری رُوحوں کی نَجات ہے۔
10اِسی نَجات کی بابت نَبیوں نے بڑی احتیاط سے تفتیش کی اَور اُنہُوں نے اُس فضل کی نبُوّت کی جو تُم پر ہونے والا تھا۔ 11اُنہُوں نے یہ مَعلُوم کرنے کی کوشش کی کہ المسیؔح کا رُوح جو اُن میں تھا وہ کس وقت اَور کس حالات کے بارے میں بات کر رہاتھا جَب اُس نے المسیؔح کے دُکھ اُٹھانے اَور اُس کے بعد جلال پانے کی بابت نبُوّت کی تھی۔ 12اُن پر یہ ظاہر کر دیا گیا تھا کہ اُن کی یہ خدمت اَپنے لیٔے نہیں بَلکہ تمہارے لیٔے کر رہے ہیں۔ لہٰذا جو باتیں اُنہُوں نے کہی تھیں اَب خُوشخبری سُنانے وَالوں نے پاک رُوح کی مدد سے جو آسمان سے نازل ہُوا، تُمہیں بتائیں۔ یہ سَب اِتنی خُوبصورت ہے کہ فرشتے بھی اِن باتوں کو باریکی سے سمجھنے کی بڑی آرزُو رکھتے ہیں۔
پاک زندگی بسر کرو
13اِس لیٔے اَپنی عقل سے کام لو اَور ہوشیار رہ کر، مُکمّل سنجِیدگی سے زندگی گُزارو اَور اُس فضل پر پُوری اُمّید رکھو جو تُمہیں حُضُور عیسیٰ المسیؔح کے ظاہر ہونے کے وقت مِلنے والا ہے۔ 14اَور خُدا کے فرمانبردار فرزندوں کی مانند اُن پُرانی بُری خواہشات کو اَپنی زندگی میں جگہ نہ دو جنہیں اَپنی جہالت کے دِنوں میں پُورا کرنے میں لگے رہتے تھے۔ 15بَلکہ جِس طرح تمہارا بُلانے والا خُدا پاک ہے اُسی طرح تُم بھی اَپنے سارے چال چلن میں پاک بنو۔ 16کیونکہ لِکھّا ہے، ”پاک بنو کیونکہ میں پاک ہُوں۔“#1‏:16 اَحبا 11‏:44،45؛ 19‏:2‏‏
17اَور جَب تُم اَے باپ کہہ کر خُدا سے دعا کرتے ہو، جو بغیر طرفداری کے ہر شخص کے عَمل کے مُوافق اُس کا اِنصاف کرتا ہے تو تُم بھی دُنیا میں اَپنی مُسافرت کا زمانہ خوف کے ساتھ گُزارو۔ 18کیونکہ تُم جانتے ہو کہ تُم نے اُس نکمّے چال چلن سے خلاصی پائی ہے جو تُمہیں تمہارے باپ دادا سے مِلا تھا، لیکن یہ مخلصی تُم نے سونے یا چاندی جَیسی فانی چیزوں سے نہیں پائی، 19بَلکہ ایک بے عیب اَور بے داغ برّے یعنی المسیؔح کے بیش قیمتی خُون سے۔ 20المسیؔح کو تو دُنیا کی تخلیق سے پیشتر ہی چُن لیا گیا تھا لیکن اِن آخِری دِنوں میں تمہاری خاطِر ظاہر کیا گیا۔ 21تُم اُسی کے وسیلہ سے خُدا پر ایمان لایٔے ہو، جِس نے حُضُور کو مُردوں میں سے زندہ کیا اَور جلال بَخشا تاکہ تمہارا ایمان اَور اُمّید خُدا پر قائِم ہو۔
22چونکہ تُم نے حق کی تابِعداری سے اَپنے آپ کو پاک کیا ہے جِس سے تُم میں بھائیوں کے لیٔے بے رِیا برادرانہ مَحَبّت کا جذبہ پیدا ہو گیا ہے، اِس لیٔے دل و جان سے آپَس میں بے پناہ مَحَبّت رکھو۔ 23کیونکہ تُم فانی تُخم سے نہیں بَلکہ خُدا کے زندہ اَور اَبدی کلام کے وسیلہ سے نئے سِرے سے پیدا ہویٔے ہو۔ 24کیونکہ،
”ہر بشر گھاس کی مانِند ہے،
اَور اُن کی ساری شان و شوکت میدان کے پھُولوں کی مانِند ہے؛
گھاس سُوکھ جاتی ہے اَور پھُول مُرجھا جاتے ہیں،
25لیکن خُداوؔند کا کلام اَبد تک قائِم ہے۔“#1‏:25 یسع 40‏:6‏-8‏
یہ وُہی خُوشخبری کا کلام ہے جو تُمہیں سُنایا گیا تھا۔

موجودہ انتخاب:

1 پطرس 1: UCV

سرخی

شئیر

کاپی

None

کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in