YouVersion Logo
تلاش

۱-پطرس 1:1-25

۱-پطرس 1:1-25 اُردو ہم عصر ترجُمہ (UCV)

پطر س کی جانِب سے جو حُضُور عیسیٰ المسیؔح کا رسول ہے، اُن برگُزیدہ مہاجِروں اَور عارضی مقیمین کے نام خط، جو پُنطُسؔ، گلِتیؔہ، کپُدکیہ، آسیہؔ اَور صُوبہ بِتُونیہؔ میں جابجا رہتے ہیں۔ اَور خُدا باپ کے علمِ سابق کے مُوافق اَور پاک رُوح کے مُقدّس کرنے سے حُضُور عیسیٰ المسیؔح کے فرمانبردار ہونے اَور اُن کے خُون کے چھڑکے جانے کے لیٔے برگُزیدہ ہویٔے ہیں: تُمہیں کثرت سے فضل اَور اِطمینان حاصل ہوتا رہے۔ ہمارے خُداوؔند عیسیٰ المسیؔح کے خُدا اَور باپ کی حَمد ہو! جِس نے خُداوؔند عیسیٰ المسیؔح کے مُردوں میں سے جی اُٹھنے کے سبب سے اَپنی بڑی رحمت سے ہمیں ایک زندہ اُمّید کے لیٔے نئے سِرے سے پیدا کیا ہے، تاکہ ہم ایک غَیر فانی، بے داغ اَور لازوال مِیراث پائیں جو خُدا کی طرف سے ہمارے لیٔے آسمان پر محفوظ ہے۔ جو تمہارے ایمان کے وسیلہ سے اَور خُدا کی قُدرت سے اُس نَجات کے لیٔے محفوظ ہے جو اِن آخِری وقت میں ظاہر ہونے والی ہے۔ چنانچہ تُم اِن سَب کے درمیان خُوب خُوشی مناتے ہو حالانکہ ہو سَکتا ہے کہ تُمہیں ابھی چند روز کے لیٔے مُختلف آزمائشوں کا سامنا کرنے سے غمزدہ ہونا پڑے۔ اَور یہ آزمائشیں اِس لیٔے آئی ہیں تاکہ تمہارے ثابت ایمان کی صداقت آگ میں تپے ہویٔے فانی سونے سے بھی زِیادہ قیمتی ہو، اَور حُضُور عیسیٰ المسیؔح کے ظاہر ہونے کے وقت تَعریف، جلال اَور عزّت کے لائق ٹھہرے۔ اگرچہ تُم نے حُضُور عیسیٰ کو نہیں دیکھا، مگر پھر بھی اُن سے مَحَبّت کرتے ہو؛ حالانکہ تُم ابھی بھی حُضُور کو اَپنے نظروں کے سامنے نہیں پاتے ہو، پھر بھی اُن پر ایمان رکھتے ہو اَور اَیسی خُوشی مناتے ہو جو بَیان سے باہر اَور جلال سے معموُر ہے، کیونکہ تمہارے ایمان کا آخِری اجر تمہاری رُوحوں کی نَجات ہے۔ اِسی نَجات کی بابت نَبیوں نے بڑی احتیاط سے تفتیش کی اَور اُنہُوں نے اُس فضل کی نبُوّت کی جو تُم پر ہونے والا تھا۔ اُنہُوں نے یہ مَعلُوم کرنے کی کوشش کی کہ المسیؔح کا رُوح جو اُن میں تھا وہ کس وقت اَور کس حالات کے بارے میں بات کر رہاتھا جَب اُس نے المسیؔح کے دُکھ اُٹھانے اَور اُس کے بعد جلال پانے کی بابت نبُوّت کی تھی۔ اُن پر یہ ظاہر کر دیا گیا تھا کہ اُن کی یہ خدمت اَپنے لیٔے نہیں بَلکہ تمہارے لیٔے کر رہے ہیں۔ لہٰذا جو باتیں اُنہُوں نے کہی تھیں اَب خُوشخبری سُنانے وَالوں نے پاک رُوح کی مدد سے جو آسمان سے نازل ہُوا، تُمہیں بتائیں۔ یہ سَب اِتنی خُوبصورت ہے کہ فرشتے بھی اِن باتوں کو باریکی سے سمجھنے کی بڑی آرزُو رکھتے ہیں۔ اِس لیٔے اَپنی عقل سے کام لو اَور ہوشیار رہ کر، مُکمّل سنجِیدگی سے زندگی گُزارو اَور اُس فضل پر پُوری اُمّید رکھو جو تُمہیں حُضُور عیسیٰ المسیؔح کے ظاہر ہونے کے وقت مِلنے والا ہے۔ اَور خُدا کے فرمانبردار فرزندوں کی مانند اُن پُرانی بُری خواہشات کو اَپنی زندگی میں جگہ نہ دو جنہیں اَپنی جہالت کے دِنوں میں پُورا کرنے میں لگے رہتے تھے۔ بَلکہ جِس طرح تمہارا بُلانے والا خُدا پاک ہے اُسی طرح تُم بھی اَپنے سارے چال چلن میں پاک بنو۔ کیونکہ لِکھّا ہے، ”پاک بنو کیونکہ میں پاک ہُوں۔“ اَور جَب تُم اَے باپ کہہ کر خُدا سے دعا کرتے ہو، جو بغیر طرفداری کے ہر شخص کے عَمل کے مُوافق اُس کا اِنصاف کرتا ہے تو تُم بھی دُنیا میں اَپنی مُسافرت کا زمانہ خوف کے ساتھ گُزارو۔ کیونکہ تُم جانتے ہو کہ تُم نے اُس نکمّے چال چلن سے خلاصی پائی ہے جو تُمہیں تمہارے باپ دادا سے مِلا تھا، لیکن یہ مخلصی تُم نے سونے یا چاندی جَیسی فانی چیزوں سے نہیں پائی، بَلکہ ایک بے عیب اَور بے داغ برّے یعنی المسیؔح کے بیش قیمتی خُون سے۔ المسیؔح کو تو دُنیا کی تخلیق سے پیشتر ہی چُن لیا گیا تھا لیکن اِن آخِری دِنوں میں تمہاری خاطِر ظاہر کیا گیا۔ تُم اُسی کے وسیلہ سے خُدا پر ایمان لایٔے ہو، جِس نے حُضُور کو مُردوں میں سے زندہ کیا اَور جلال بَخشا تاکہ تمہارا ایمان اَور اُمّید خُدا پر قائِم ہو۔ چونکہ تُم نے حق کی تابِعداری سے اَپنے آپ کو پاک کیا ہے جِس سے تُم میں بھائیوں کے لیٔے بے رِیا برادرانہ مَحَبّت کا جذبہ پیدا ہو گیا ہے، اِس لیٔے دل و جان سے آپَس میں بے پناہ مَحَبّت رکھو۔ کیونکہ تُم فانی تُخم سے نہیں بَلکہ خُدا کے زندہ اَور اَبدی کلام کے وسیلہ سے نئے سِرے سے پیدا ہویٔے ہو۔ کیونکہ، ”ہر بشر گھاس کی مانِند ہے، اَور اُن کی ساری شان و شوکت میدان کے پھُولوں کی مانِند ہے؛ گھاس سُوکھ جاتی ہے اَور پھُول مُرجھا جاتے ہیں، لیکن خُداوؔند کا کلام اَبد تک قائِم ہے۔“ یہ وُہی خُوشخبری کا کلام ہے جو تُمہیں سُنایا گیا تھا۔

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں ۱-پطرس 1

۱-پطرس 1:1-25 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)

یہ خط عیسیٰ مسیح کے رسول پطرس کی طرف سے ہے۔ مَیں اللہ کے چنے ہوؤں کو لکھ رہا ہوں، دنیا کے اُن مہمانوں کو جو پنطس، گلتیہ، کپدکیہ، آسیہ اور بِتُھنیہ کے صوبوں میں بکھرے ہوئے ہیں۔ خدا باپ نے آپ کو بہت دیر پہلے جان کر چن لیا اور اُس کے روح نے آپ کو مخصوص و مُقدّس کر دیا۔ نتیجے میں آپ عیسیٰ مسیح کے تابع اور اُس کے چھڑکائے گئے خون سے پاک صاف ہو گئے ہیں۔ اللہ آپ کو بھرپور فضل اور سلامتی بخشے۔ خدا ہمارے خداوند عیسیٰ مسیح کے باپ کی تعریف ہو! اپنے عظیم رحم سے اُس نے عیسیٰ مسیح کو زندہ کرنے کے وسیلے سے ہمیں نئے سرے سے پیدا کیا ہے۔ اِس سے ہمیں ایک زندہ اُمید ملی ہے، ایک ایسی میراث جو کبھی نہیں سڑے گی، کبھی نہیں ناپاک ہو جائے گی اور کبھی نہیں مُرجھائے گی۔ کیونکہ یہ آسمان پر آپ کے لئے محفوظ رکھی گئی ہے۔ اور اللہ آپ کے ایمان کے ذریعے اپنی قدرت سے آپ کی اُس وقت تک حفاظت کرتا رہے گا جب تک آپ کو نجات نہ مل جائے، وہ نجات جو آخرت کے دن سب پر ظاہر ہونے کے لئے تیار ہے۔ اُس وقت آپ خوشی منائیں گے، گو فی الحال آپ کو تھوڑی دیر کے لئے طرح طرح کی آزمائشوں کا سامنا کر کے غم کھانا پڑتا ہے تاکہ آپ کا ایمان اصلی ثابت ہو جائے۔ کیونکہ جس طرح آگ سونے کو آزما کر خالص بنا دیتی ہے اُسی طرح آپ کا ایمان بھی آزمایا جا رہا ہے، حالانکہ یہ فانی سونے سے کہیں زیادہ قیمتی ہے۔ کیونکہ اللہ چاہتا ہے کہ آپ کو اُس دن تعریف، جلال اور عزت مل جائے جب عیسیٰ مسیح ظاہر ہو گا۔ اُسی کو آپ پیار کرتے ہیں اگرچہ آپ نے اُسے دیکھا نہیں، اور اُسی پر آپ ایمان رکھتے ہیں گو وہ آپ کو اِس وقت نظر نہیں آتا۔ ہاں، آپ دل میں ناقابلِ بیان اور جلالی خوشی منائیں گے، جب آپ وہ کچھ پائیں گے جو ایمان کی منزلِ مقصود ہے یعنی اپنی جانوں کی نجات۔ نبی اِسی نجات کی تلاش اور تفتیش میں لگے رہے، اور اُنہوں نے اُس فضل کی پیش گوئی کی جو اللہ آپ کو دینے والا تھا۔ اُنہوں نے معلوم کرنے کی کوشش کی کہ مسیح کا روح جو اُن میں تھا کس وقت یا کن حالات کے بارے میں بات کر رہا تھا جب اُس نے مسیح کے دُکھ اور بعد کے جلال کی پیش گوئی کی۔ اُن پر اِتنا ظاہر کیا گیا کہ اُن کی یہ پیش گوئیاں اُن کے اپنے لئے نہیں تھیں، بلکہ آپ کے لئے۔ اور اب یہ سب کچھ آپ کو اُن ہی کے وسیلے سے پیش کیا گیا ہے جنہوں نے آسمان سے بھیجے گئے روح القدس کے ذریعے آپ کو اللہ کی خوش خبری سنائی ہے۔ یہ ایسی باتیں ہیں جن پر فرشتے بھی نظر ڈالنے کے آرزومند ہیں۔ چنانچہ ذہنی طور پر کمربستہ ہو جائیں۔ ہوش مندی سے اپنی پوری اُمید اُس فضل پر رکھیں جو آپ کو عیسیٰ مسیح کے ظہور پر بخشا جائے گا۔ آپ اللہ کے تابع فرمان فرزند ہیں، اِس لئے اُن بُری خواہشات کو اپنی زندگی میں جگہ نہ دیں جو آپ جاہل ہوتے وقت رکھتے تھے۔ ورنہ وہ آپ کی زندگی کو اپنے سانچے میں ڈھال لیں گی۔ اِس کے بجائے اللہ کی مانند بنیں جس نے آپ کو بُلایا ہے۔ جس طرح وہ قدوس ہے اُسی طرح آپ بھی ہر وقت مُقدّس زندگی گزاریں۔ کیونکہ کلامِ مُقدّس میں لکھا ہے، ”اپنے آپ کو مخصوص و مُقدّس رکھو کیونکہ مَیں مُقدّس ہوں۔“ اور یاد رکھیں کہ آسمانی باپ جس سے آپ دعا کرتے ہیں جانب داری نہیں کرتا بلکہ آپ کے عمل کے مطابق آپ کا فیصلہ کرے گا۔ چنانچہ جب تک آپ اِس دنیا کے مہمان رہیں گے خدا کے خوف میں زندگی گزاریں۔ کیونکہ آپ خود جانتے ہیں کہ آپ کو باپ دادا کی بےمعنی زندگی سے چھڑانے کے لئے کیا فدیہ دیا گیا۔ یہ سونے یا چاندی جیسی فانی چیز نہیں تھی بلکہ مسیح کا قیمتی خون تھا۔ اُسی کو بےنقص اور بےداغ لیلے کی حیثیت سے ہمارے لئے قربان کیا گیا۔ اُسے دنیا کی تخلیق سے پیشتر چنا گیا، لیکن اِن آخری دنوں میں آپ کی خاطر ظاہر کیا گیا۔ اور اُس کے وسیلے سے آپ اللہ پر ایمان رکھتے ہیں جس نے اُسے مُردوں میں سے زندہ کر کے عزت و جلال دیا تاکہ آپ کا ایمان اور اُمید اللہ پر ہو۔ سچائی کے تابع ہو جانے سے آپ کو مخصوص و مُقدّس کر دیا گیا اور آپ کے دلوں میں بھائیوں کے لئے بےریا محبت ڈالی گئی ہے۔ چنانچہ اب ایک دوسرے کو خلوص دلی اور لگن سے پیار کرتے رہیں۔ کیونکہ آپ کی نئے سرے سے پیدائش ہوئی ہے۔ اور یہ کسی فانی بیج کا پھل نہیں ہے بلکہ اللہ کے لافانی، زندہ اور قائم رہنے والے کلام کا پھل ہے۔ یوں کلامِ مُقدّس فرماتا ہے، ”تمام انسان گھاس ہی ہیں، اُن کی تمام شان و شوکت جنگلی پھول کی مانند ہے۔ گھاس تو مُرجھا جاتی اور پھول گر جاتا ہے، لیکن رب کا کلام ابد تک قائم رہتا ہے۔“ مذکورہ کلام اللہ کی خوش خبری ہے جو آپ کو سنائی گئی ہے۔

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں ۱-پطرس 1

۱-پطرس 1:1-25 کِتابِ مُقادّس (URD)

پطرؔس کی طرف سے جو یِسُوعؔ مسِیح کا رسُول ہے اُن مُسافِروں کے نام جو پُنطُس۔ گلِتیہ۔ کَپّدُکیہ۔ آسِیہ اور بتُھنیہ میں جا بجا رہتے ہیں۔ اور خُدا باپ کے عِلمِ سابق کے مُوافِق رُوح کے پاک کرنے سے فرمانبردار ہونے اور یِسُوعؔ مسِیح کا خُون چِھڑکے جانے کے لِئے برگُزِیدہ ہُوئے ہیں۔ فضل اور اِطمِینان تُمہیں زِیادہ حاصِل ہوتا رہے۔ ہمارے خُداوند یِسُوعؔ مسِیح کے خُدا اور باپ کی حمد ہو جِس نے یِسُوعؔ مسِیح کے مُردوں میں سے جی اُٹھنے کے باعِث اپنی بڑی رحمت سے ہمیں زِندہ اُمّید کے لِئے نئے سِرے سے پَیدا کِیا۔ تاکہ ایک غَیرفانی اور بے داغ اور لازوال مِیراث کو حاصِل کریں۔ وہ تُمہارے واسطے (جو خُدا کی قُدرت سے اِیمان کے وسِیلہ سے اُس نجات کے لِئے جو آخِری وقت میں ظاہِر ہونے کو تیّار ہے حِفاظت کِئے جاتے ہو) آسمان پر محفُوظ ہے۔ اِس کے سبب سے تُم خُوشی مناتے ہو۔ اگرچہ اب چند روز کے لِئے ضرُورت کی وجہ سے طرح طرح کی آزمایشوں کے سبب سے غم زدہ ہو۔ اور یہ اِس لِئے ہے کہ تُمہارا آزمایا ہُؤا اِیمان جو آگ سے آزمائے ہُوئے فانی سونے سے بھی بُہت ہی بیش قِیمت ہے یِسُوعؔ مسِیح کے ظہُور کے وقت تعرِیف اور جلال اور عِزّت کا باعِث ٹھہرے۔ اُس سے تُم بے دیکھے مُحبّت رکھتے ہو اور اگرچہ اِس وقت اُس کو نہیں دیکھتے تَو بھی اُس پر اِیمان لا کر اَیسی خُوشی مناتے ہو جو بیان سے باہر اور جلال سے بھری ہے۔ اور اپنے اِیمان کا مقصد یعنی رُوحوں کی نجات حاصِل کرتے ہو۔ اِسی نجات کی بابت اُن نبِیوں نے بڑی تلاش اور تحقِیق کی جِنہوں نے اُس فضل کے بارے میں جو تُم پر ہونے کو تھا نبُوّت کی۔ اُنہوں نے اِس بات کی تحقِیق کی کہ مسِیح کا رُوح جو اُن میں تھا اور پیشتر سے مسِیح کے دُکھوں کی اور اُن کے بعد کے جلال کی گواہی دیتا تھا وہ کَون سے اور کَیسے وقت کی طرف اِشارہ کرتا تھا۔ اُن پر یہ ظاہِر کِیا گیا کہ وہ نہ اپنی بلکہ تُمہاری خِدمت کے لِئے یہ باتیں کہا کرتے تھے جِن کی خبر اب تُم کو اُن کی معرفت مِلی جِنہوں نے رُوحُ القُدس کے وسِیلہ سے جو آسمان پر سے بھیجا گیا تُم کو خُوشخبری دی اور فرِشتے بھی اِن باتوں پر غَور سے نظر کرنے کے مُشتاق ہیں۔ اِس واسطے اپنی عقل کی کمر باندھ کر اور ہوشیار ہو کر اُس فضل کی کامِل اُمّید رکھّو جو یِسُوعؔ مسِیح کے ظہُور کے وقت تُم پر ہونے والا ہے۔ اور فرمانبردار فرزند ہو کر اپنی جہالت کے زمانہ کی پُرانی خواہِشوں کے تابِع نہ بنو۔ بلکہ جِس طرح تُمہارا بُلانے والا پاک ہے اُسی طرح تُم بھی اپنے سارے چال چلن میں پاک بنو۔ کیونکہ لِکھا ہے کہ پاک ہو اِس لِئے کہ مَیں پاک ہُوں۔ اور جب کہ تُم باپ کہہ کر اُس سے دُعا کرتے ہو جو ہر ایک کے کام کے مُوافِق بغَیر طرف داری کے اِنصاف کرتا ہے تو اپنی مُسافِرت کا زمانہ خَوف کے ساتھ گُذارو۔ کیونکہ تُم جانتے ہو کہ تُمہارا نِکمّا چال چلن جو باپ دادا سے چلا آتا تھا اُس سے تُمہاری خلاصی فانی چِیزوں یعنی سونے چاندی کے ذرِیعہ سے نہیں ہُوئی۔ بلکہ ایک بے عَیب اور بے داغ برّے یعنی مسِیح کے بیش قِیمت خُون سے۔ اُس کا عِلم تو بِنایِ عالَم سے پیشتر سے تھا مگر ظہُور اخِیر زمانہ میں تُمہاری خاطِر ہُؤا۔ کہ اُس کے وسِیلہ سے خُدا پر اِیمان لائے ہو جِس نے اُس کو مُردوں میں سے جِلایا اور جلال بخشا تاکہ تُمہارا اِیمان اور اُمّید خُدا پر ہو۔ چُونکہ تُم نے حق کی تابِع داری سے اپنے دِلوں کو پاک کِیا ہے جِس سے بھائِیوں کی بے رِیا مُحبّت پَیدا ہُوئی اِس لِئے دِل و جان سے آپس میں بُہت مُحبّت رکھّو۔ کیونکہ تُم فانی تُخم سے نہیں بلکہ غَیرفانی سے خُدا کے کلام کے وسِیلہ سے جو زِندہ اور قائِم ہے نئے سِرے سے پَیدا ہُوئے ہو۔ چُنانچہ ہر بشر گھاس کی مانِند ہے اور اُس کی ساری شان و شوکت گھاس کے پُھول کی مانِند۔ گھاس تو سُوکھ جاتی ہے اور پُھول گِر جاتا ہے۔ لیکن خُداوند کا کلام ابد تک قائِم رہے گا۔ یہ وُہی خُوشخبری کا کلام ہے جو تُمہیں سُنایا گیا تھا۔

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں ۱-پطرس 1