YouVersion Logo
تلاش

۱-سلاطِین 40:7-51

۱-سلاطِین 40:7-51 کِتابِ مُقادّس (URD)

اور حِیراؔم نے حَوضوں اور بیلچوں اور کٹوروں کو بھی بنایا۔ پس حِیراؔم نے وہ سب کام جِسے وہ سُلیماؔن بادشاہ کی خاطِر خُداوند کے گھر میں بنا رہا تھا تمام کِیا۔ یعنی دونوں سُتُون اور سُتُونوں کی چوٹی پر کے تاجوں کے دونوں پِیالے اور سُتُونوں کی چوٹی پر کے تاجوں کے دونوں پِیالوں کو ڈھانکنے کی دونوں جالِیاں۔ اور دونوں جالِیوں کے لِئے چار سَو انار یعنی سُتُونوں پر کے تاجوں کے دونوں پِیالوں کے ڈھانکنے کی ہر جالی کے لِئے اناروں کی دو دو قطاریں۔ اور دسوں کُرسِیاں اور دسوں کُرسِیوں پر کے دسوں حَوض۔ اور وہ بڑا حَوض اور بڑے حَوض کے نِیچے کے بارہ بَیل۔ اور وہ دیگیں اور بیلچے اور کٹورے یہ سب ظُرُوف جو حِیراؔم نے سُلیماؔن بادشاہ کی خاطِر خُداوند کے گھر میں بنائے جھلکتے ہُوئے پِیتل کے تھے۔ بادشاہ نے اُن سب کو یَردن کے مَیدان میں سُکات اور ضرتاؔن کے بِیچ کی چِکنی مِٹّی والی زمِین میں ڈھالا۔ اور سُلیماؔن نے اُن سب ظُرُوف کو بغَیر تولے چھوڑ دِیا کیونکہ وہ بُہت سے تھے۔ سو اُس پِیتل کا وزن معلُوم نہ ہو سکا۔ اور سُلیماؔن نے وہ سب ظُرُوف بنائے جو خُداوند کے گھر میں تھے یعنی وہ سونے کا مذبح اور سونے کی میز جِس پر نذر کی روٹی رہتی تھی۔ اور خالِص سونے کے وہ شمعدان جو اِلہام گاہ کے آگے پانچ دہنے اور پانچ بائیں تھے اور سونے کے پُھول اور چراغ اور چِمٹے۔ اور خالِص سونے کے پِیالے اور گُل تراش اور کٹورے اور چمچے اور عُودسوز اور اندرُونی گھر یعنی پاکترِین مکان کے دروازہ کے لِئے اور گھر کے یعنی ہَیکل کے دروازہ کے لِئے سونے کے قبضے۔ یُوں وہ سب کام جو سُلیماؔن بادشاہ نے خُداوند کے گھر میں بنایا ختم ہُؤا اور سُلیماؔن اپنے باپ داؤُد کی مخصُوص کی ہُوئی چِیزوں یعنی سونے اور چاندی اور ظُرُوف کو اندر لایا اور اُن کو خُداوند کے گھر کے خزانوں میں رکھّا۔

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں ۱-سلاطِین 7

۱-سلاطِین 40:7-51 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)

حیرام نے باسن، بیلچے اور چھڑکاؤ کے کٹورے بھی بنائے۔ یوں اُس نے رب کے گھر میں وہ سارا کام مکمل کیا جس کے لئے سلیمان بادشاہ نے اُسے بُلایا تھا۔ اُس نے ذیل کی چیزیں بنائیں: دو ستون، ستونوں پر لگے پیالہ نما بالائی حصے، بالائی حصوں پر لگی زنجیروں کا ڈیزائن، زنجیروں کے اوپر لگے انار (فی بالائی حصہ 200 عدد)، 10 ہتھ گاڑیاں، اِن پر کے پانی کے 10 باسن، حوض بنام سمندر، اِسے اُٹھانے والے بَیل کے 12 مجسمے، بالٹیاں، بیلچے اور چھڑکاؤ کے کٹورے۔ یہ تمام سامان جو حیرام نے سلیمان کے حکم پر رب کے گھر کے لئے بنایا پیتل سے ڈھال کر پالش کیا گیا تھا۔ بادشاہ نے اُسے وادیٔ یردن میں سُکات اور ضرتان کے درمیان ڈھلوایا۔ وہاں ایک فونڈری تھی جہاں حیرام نے گارے کے سانچے بنا کر ہر چیز ڈھال دی۔ اِس سامان کے لئے سلیمان بادشاہ نے اِتنا زیادہ پیتل استعمال کیا کہ اُس کا کُل وزن معلوم نہ ہو سکا۔ رب کے گھر کے اندر کے لئے سلیمان نے درجِ ذیل سامان بنوایا: سونے کی قربان گاہ، سونے کی وہ میز جس پر رب کے لئے مخصوص روٹیاں پڑی رہتی تھیں، خالص سونے کے 10 شمع دان جو مُقدّس ترین کمرے کے سامنے رکھے گئے، پانچ دروازے کے دہنے ہاتھ اور پانچ اُس کے بائیں ہاتھ، سونے کے وہ پھول جن سے شمع دان آراستہ تھے، سونے کے چراغ اور بتی کو بجھانے کے اوزار، خالص سونے کے باسن، چراغ کو کترنے کے اوزار، چھڑکاؤ کے کٹورے اور پیالے، جلتے ہوئے کوئلے کے لئے خالص سونے کے برتن، مُقدّس ترین کمرے اور بڑے ہال کے دروازوں کے قبضے۔ رب کے گھر کی تکمیل پر سلیمان بادشاہ نے وہ سونا چاندی اور باقی تمام قیمتی چیزیں رب کے گھر کے خزانوں میں رکھوا دیں جو اُس کے باپ داؤد نے رب کے لئے مخصوص کی تھیں۔

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں ۱-سلاطِین 7