۱-سلاطِین 29:4-34
۱-سلاطِین 29:4-34 اُردو ہم عصر ترجُمہ (UCV)
خُدا نے شُلومونؔ کو سمُندر کے کنارے کی ریت کی مانند کثرت سے حِکمت، سمجھ اَور قُوّتِ اِمتیاز عطا کی تھی۔ شُلومونؔ کی حِکمت اہلِ مشرق کی حِکمت سے زِیادہ تھی اَور مِصر کی تمام حِکمت سے بڑھ کر تھی۔ وہ ہر ایک آدمی سے بَلکہ اِزراحی ایتھانؔ سے ہیمانؔ، سے کال کولؔ سے اَور بنی ماحولؔ کے داردعؔ سے بھی زِیادہ دانشمند تھے اَور اُن کی شہرت اِردگرد کی تمام اَقوام میں پھیل گئی تھی۔ شُلومونؔ نے تین ہزار تمثیل کہیں اَور ایک ہزار پانچ نغمے بھی لکھے تھے۔ آپ نے نباتات کے بارے میں اَپنا خیال ظاہر کیا، یعنی لبانونؔ کے دیودار سے لے کر دیواروں پر اُگنے والے زُوفے تک کا بَیان کیا ہے۔ آپ نے چرندوں، پرندوں، رینگنے والے جانداروں اَور مچھلیوں کے متعلّق بھی اَپنا علم ظاہر کیا ہے۔ اَور سَب اَقوام میں سے زمین کے سَب بادشاہوں کی طرف سے جنہوں نے شُلومونؔ کی حِکمت کی شہرت سُنی تھی، لوگ شُلومونؔ کے حکیمانہ اقوال سُننے آتے تھے۔
۱-سلاطِین 29:4-34 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)
اللہ نے سلیمان کو بہت زیادہ حکمت اور سمجھ عطا کی۔ اُسے ساحل کی ریت جیسا وسیع علم حاصل ہوا۔ اُس کی حکمت اسرائیل کے مشرق میں رہنے والے اور مصر کے عالِموں سے کہیں زیادہ تھی۔ اِس لحاظ سے کوئی بھی اُس کے برابر نہیں تھا۔ وہ ایتان اِزراحی اور محول کے بیٹوں ہیمان، کلکول اور دردع پر بھی سبقت لے گیا تھا۔ اُس کی شہرت ارد گرد کے تمام ممالک میں پھیل گئی۔ اُس نے 3,000 کہاوتیں اور 1,005 گیت لکھ دیئے۔ وہ تفصیل سے مختلف قسم کے پودوں کے بارے میں بات کر سکتا تھا، لبنان میں دیودار کے بڑے درخت سے لے کر چھوٹے پودے زوفا تک جو دیوار کی دراڑوں میں اُگتا ہے۔ وہ مہارت سے چوپایوں، پرندوں، رینگنے والے جانوروں اور مچھلیوں کی تفصیلات بھی بیان کر سکتا تھا۔ چنانچہ تمام ممالک کے بادشاہوں نے اپنے سفیروں کو سلیمان کے پاس بھیج دیا تاکہ اُس کی حکمت سنیں۔
۱-سلاطِین 29:4-34 کِتابِ مُقادّس (URD)
اور خُدا نے سُلیماؔن کو حِکمت اور سمجھ بُہت ہی زِیادہ اور دِل کی وُسعت بھی عِنایت کی جَیسی سمُندر کے کنارے کی ریت ہوتی ہے۔ اور سُلیماؔن کی حِکمت سب اہلِ مشرِق کی حِکمت اور مِصرؔ کی ساری حِکمت پر فَوقِیّت رکھتی تھی۔ اِس لِئے کہ وہ سب آدمِیوں سے بلکہ ازراؔخی ایتان اور ہیماؔن اور کل کُوؔل اور دردع سے جو بنی مُحول تھے زِیادہ دانِش مند تھا اور چَوگِرد کی سب قَوموں میں اُس کی شُہرت تھی۔ اور اُس نے تِین ہزار مثلیں کہِیں اور اُس کے ایک ہزار پانچ گِیت تھے۔ اور اُس نے درختوں کا یعنی لُبنان کے دیودار سے لے کر زُوفا تک کا جو دِیواروں پر اُگتا ہے بیان کِیا اور چَوپایوں اور پرِندوں اور رینگنے والے جان داروں اور مچھلِیوں کا بھی بیان کِیا۔ اور سب قَوموں میں سے زمِین کے سب بادشاہوں کی طرف سے جِنہوں نے اُس کی حِکمت کی شُہرت سُنی تھی لوگ سُلیماؔن کی حِکمت کو سُننے آتے تھے۔