۱-سلاطِین 15:19-21
۱-سلاطِین 15:19-21 اُردو ہم عصر ترجُمہ (UCV)
یَاہوِہ نے ایلیّاہ سے فرمایا، ”جِس راستے سے تُم آئے ہو اُسی راستے سے واپس لَوٹ جاؤ اَور دَمشق کے بیابان کو چلے جاؤ۔ جَب تُم وہاں پہُنچ جاؤ تو، حزائیلؔ کو ارام کا بادشاہ ہونے کے لیٔے مَسح کرنا۔ اَور یِہُو بِن نِمشیؔ کو بنی اِسرائیل کا بادشاہ ہونے کے لیٔے مَسح کرنا، اَور ابیل مِحولہؔ کے الِیشعؔ بِن شافاطؔ کو اَپنی جگہ نبی ہونے کے لیٔے مَسح کرنا۔ تَب اَیسا ہوگا کہ جو حزائیلؔ کی تلوار سے بچ جائے گا اُسے یہُو قتل کرےگا اَورجو یِہُو کی تلوار سے بچ جایٔےگا اُسے الِیشعؔ قتل کر ڈالے گا۔ تو بھی میں مُلکِ اِسرائیل میں اُن سات ہزار آدمیوں کو بچا کر رکھوں گا جنہوں نے نہ ہی بَعل معبُود کی پرستش کی ہے اَور نہ ہی اُس کا بوسہ لیا ہے۔“ لہٰذا ایلیّاہ وہاں سے روانہ ہویٔے اَور الِیشعؔ بِن شافاطؔ اُنہیں کھیت میں ہل چلاتے ہویٔے مِلے۔ ہل میں بَارہ جوڑی بَیل جوتے ہویٔے تھے۔ اَور بارہویں جوڑی کو وہ خُود چلا رہے تھے۔ ایلیّاہ نے اُن کے پاس جا کر اَپنی چادر اُن پر ڈال دی۔ الِیشعؔ اَپنے بَیلوں کو وہیں چھوڑکر ایلیّاہ کے پیچھے دَوڑے اَور ایلیّاہ سے اِلتجا کی، ”مُجھے اِجازت دیجئے کہ میں اَپنے باپ اَور ماں کو چُومُوں اَور اُنہیں اَلوِداع کہُوں، پھر مَیں آپ کے ساتھ ہو لُوں گا۔“ ایلیّاہ نے جَواب دیا، ”واپس لَوٹ جاؤ مَیں تُمہیں روک نہیں رہا ہُوں؟“ لہٰذا الِیشعؔ ایلیّاہ کے پاس سے واپس لَوٹ آئے، اَور اُنہُوں نے اَپنی جوڑی کے بَیلوں کو لیا اَور اُنہیں ذبح کیا اَور ہل چلانے کے سازوسامان سے گوشت پکا کر لوگوں کو دیا اَور اُنہُوں نے اُسے کھایا۔ اِس کے بعد پھر الِیشعؔ ایلیّاہ کے پیچھے چلنے کے لیٔے روانہ ہُوئے اَور ایلیّاہ کے خادِم بَن گیٔے۔
۱-سلاطِین 15:19-21 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)
رب نے جواب میں کہا، ”ریگستان میں اُس راستے سے ہو کر واپس جا جس نے تجھے یہاں پہنچایا ہے۔ پھر دمشق چلا جا۔ وہاں حزائیل کو تیل سے مسح کر کے شام کا بادشاہ قرار دے۔ اِسی طرح یاہو بن نِمسی کو مسح کر کے اسرائیل کا بادشاہ قرار دے اور ابیل محولہ کے رہنے والے الیشع بن سافط کو مسح کر کے اپنا جانشین مقرر کر۔ جو حزائیل کی تلوار سے بچ جائے گا اُسے یاہو مار دے گا، اور جو یاہو کی تلوار سے بچ جائے گا اُسے الیشع مار دے گا۔ لیکن مَیں نے اپنے لئے اسرائیل میں 7,000 افراد کو بچا لیا ہے، اُن تمام لوگوں کو جو اب تک نہ بعل دیوتا کے سامنے جھکے، نہ اُس کے بُت کو بوسہ دیا ہے۔“ الیاس وہاں سے چلا گیا۔ اسرائیل میں واپس آ کر اُسے الیشع بن سافط ملا جو بَیلوں کی بارہ جوڑیوں کی مدد سے ہل چلا رہا تھا۔ خود وہ بارھویں جوڑی کے ساتھ چل رہا تھا۔ الیاس نے اُس کے پاس آ کر اپنی چادر اُس کے کندھوں پر ڈال دی اور رُکے بغیر آگے نکل گیا۔ الیشع فوراً اپنے بَیلوں کو چھوڑ کر الیاس کے پیچھے بھاگا۔ اُس نے کہا، ”پہلے مجھے اپنے ماں باپ کو بوسہ دے کر خیرباد کہنے دیجئے۔ پھر مَیں آپ کے پیچھے ہو لوں گا۔“ الیاس نے جواب دیا، ”چلیں، واپس جائیں۔ لیکن وہ کچھ یاد رہے جو مَیں نے آپ کے ساتھ کیا ہے۔“ تب الیشع واپس چلا گیا۔ بَیلوں کی ایک جوڑی کو لے کر اُس نے دونوں کو ذبح کیا۔ ہل چلانے کا سامان اُس نے گوشت پکانے کے لئے جلا دیا۔ جب گوشت تیار تھا تو اُس نے اُسے لوگوں میں تقسیم کر کے اُنہیں کھلا دیا۔ اِس کے بعد الیشع الیاس کے پیچھے ہو کر اُس کی خدمت کرنے لگا۔
۱-سلاطِین 15:19-21 کِتابِ مُقادّس (URD)
خُداوند نے اُسے فرمایا تُو اپنے راستہ لَوٹ کر دمشق کے بیابان کو جا اور جب تُو وہاں پُہنچے تو تُو حزاؔئیل کو مَسح کر کہ اراؔم کا بادشاہ ہو۔ اور نِمسی کے بیٹے یاہُو کو مَسح کر کہ اِسرائیلؔ کا بادشاہ ہو اور ابیل محُوؔلہ کے الِیشع بِن سافط کو مَسح کر کہ تیری جگہ نبی ہو۔ اور اَیسا ہو گا کہ جو حزاؔئیل کی تلوار سے بچ جائے گا اُسے یاہُو قتل کرے گا اور جو یاہُو کی تلوار سے بچ رہے گا اُسے الِیشع قتل کر ڈالے گا۔ تَو بھی مَیں اِسرائیلؔ میں سات ہزار اپنے لِئے رکھ چھوڑُوں گا یعنی وہ سب گُھٹنے جو بعل کے آگے نہیں جُھکے اور ہر ایک مُنہ جِس نے اُسے نہیں چُوما۔ سو وہ وہاں سے روانہ ہُؤا اور سافط کا بیٹا الِیشع اُسے مِلا جو بارہ جوڑی بَیل اپنے آگے لِئے ہُوئے جوت رہا تھا اور وہ خُود بارھوِیں کے ساتھ تھا اور ایلیّاہؔ اُس کے برابر سے گُذرا اور اپنی چادر اُس پر ڈال دی۔ سو وہ بَیلوں کو چھوڑ کر ایلیّاہؔ کے پِیچھے دَوڑا اور کہنے لگا مُجھے اپنے باپ اور اپنی ماں کو چُوم لینے دے پِھر مَیں تیرے پِیچھے ہو لُوں گا۔ اُس نے اُس سے کہا کہ لَوٹ جا۔ مَیں نے تُجھ سے کیا کِیا ہے؟ تب وہ اُس کے پِیچھے سے لَوٹ گیا اور اُس نے اُس جوڑی بَیل کو لے کر ذبح کِیا اور اُن ہی بَیلوں کے سامان سے اُن کا گوشت اُبالا اور لوگوں کو دِیا اور اُنہوں نے کھایا۔ تب وہ اُٹھا اور ایلیّاہؔ کے پِیچھے روانہ ہُؤا اور اُس کی خِدمت کرنے لگا۔