1 سلاطین 19
19
ایلیّاہ کا حورِبؔ کو بھاگ جانا
1اَور احابؔ نے اِیزبِلؔ کو ایلیّاہ کے سَب کارناموں کا بَیان کیا اَور یہ بھی بتایا کہ کس طرح ایلیّاہ نے سَب نبیوں کو تلوار سے قتل کر دیا۔ 2لہٰذا، اِیزبِلؔ نے ایک قاصِد کو ایلیّاہ کے پاس اِس پیغام کے ساتھ روانہ کیا، ”اگر کل اِسی وقت، مَیں تمہاری جان اُن نبیوں کی طرح نہ لے لُوں تو معبُود مُجھ سے اَیسا ہی بَلکہ اِس سے بھی بدتر سلُوک کریں۔“
3تَب ایلیّاہ خوفزدہ ہو گیٔے اَور اَپنی جان بچانے کے لیٔے بھاگے اَور جَب وہ یہُوداہؔ کے بیرشبعؔ میں پہُنچے، تو اَپنے خادِم کو اُنہُوں نے وہیں ترک کر دیا۔ 4اَور خُود سارا دِن سفر کرتے ہویٔے بیابان میں پہُنچ گیٔے اَور وہاں ایک جھاؤ کے درخت کے نیچے جا کر بیٹھ گیٔے اَور اِن لفظوں میں اَپنی موت کی دعا مانگی، ”اَے یَاہوِہ، بہت ہو چُکا۔ میری جان لے لے کیونکہ مَیں اَپنے آباؤاَجداد سے بہتر نہیں ہُوں۔“ 5تَب وہ اُس جھاؤ کے درخت کے نیچے لیٹ گیٔے اَور وہیں سو گیٔے۔
اَچانک ایک فرشتہ نے اُنہیں چھُوا اَور کہا، ”اُٹھو اَور کھانا کھاؤ۔“ 6ایلیّاہ نے اَپنے چاروں طرف نگاہ کی تو اَپنے سرہانے اَنگاروں میں پکی ہُوئی ایک روٹی اَور پانی کی صُراحی رکھی دیکھی۔ تَب وہ روٹی کھا کر پانی پی کر پھر لیٹ گیٔے۔
7یَاہوِہ کا فرشتہ دوبارہ اُن کے پاس حاضِر ہُوا، اَور اُنہیں چھُوا اَور کہا، ”اُٹھو، اَور کھانا کھاؤ کیونکہ آپ کو ایک لمبی سفر طے کرنی ہے۔“ 8تَب ایلیّاہ نے اُٹھ کر کھایا پیا اَور اُس کھانے سے قُوّت پا کر چالیس دِن اَور چالیس رات سفر کرتے ہویٔے وہ خُدا کے پہاڑ حورِبؔ پہُنچ گیٔے۔ 9اَور وہاں پہُنچ کر اُنہُوں نے ایک غار میں رات گزاری۔
یَاہوِہ کا ایلیّاہ پر ظاہر ہونا
اَور یَاہوِہ کا یہ کلام ایلیّاہ پر نازل ہُوا: ”اَے ایلیّاہ! تُم یہاں کیا کر رہے ہو؟“
10اُنہُوں نے جَواب دیا، ”قادرمُطلق یَاہوِہ خُدا کا مَیں پُرجوش پیروکار رہا ہُوں۔ لیکن بنی اِسرائیل نے آپ کے عہد کو ترک کر دیا اَور آپ کے مذبحوں کو ڈھا دیا ہے اَور آپ کے نبیوں کو تلوار سے قتل کر ڈالا ہے۔ صِرف مَیں ہی اکیلا بچا ہُوں اَور اَب وہ مُجھے بھی جان سے مار ڈالنا چاہتے ہیں۔“
11یَاہوِہ نے فرمایا، ”باہر نکل کر پہاڑ پر یَاہوِہ کے حُضُور کھڑے ہو جاؤ کیونکہ یَاہوِہ وہاں سے گزرنے والے ہیں۔ اَور جَب ایلیّاہ وہاں کھڑے ہویٔے۔“
تَب ایک بڑی تیز آندھی یَاہوِہ کے آگے گزری اَور پہاڑوں کو چیر کر چٹّانوں کے ٹکڑے ٹکڑے کر دئیے، لیکن یَاہوِہ آندھی میں مَوجُود نہیں تھے۔ اَور آندھی کے بعد ایک زلزلہ آیا لیکن یَاہوِہ زلزلہ میں بھی نہیں تھے۔ 12اَور زلزلہ کے بعد آگ نازل ہُوئی لیکن یَاہوِہ آگ میں بھی مَوجُود نہیں تھے۔ اَور آگ کے بعد ایک ہلکی سِی دھیمی آواز آئی۔ 13جَب ایلیّاہ نے وہ آواز سُنی تو، اُنہُوں نے اَپنے کپڑے سے اَپنا مُنہ ڈھانپ لیا اَور غار سے باہر نکل کر اُس کے دہلیز پر کھڑے ہو گیٔے۔
تَب اُس آواز نے اُن سے دریافت کیا، ”اَے ایلیّاہ! تُم یہاں کیا کر رہے ہو؟“
14اُنہُوں نے جَواب دیا، ”قادرمُطلق یَاہوِہ خُدا کا مَیں پُرجوش پیروکار رہا ہُوں۔ لیکن بنی اِسرائیل نے آپ کے عہد کو ترک کر دیا اَور آپ کے مذبحوں کو ڈھا دیا ہے اَور آپ کے نبیوں کو تلوار سے قتل کر ڈالا ہے۔ صِرف مَیں ہی اکیلا بچا ہُوں اَور اَب وہ مُجھے بھی جان سے مار ڈالنا چاہتے ہیں۔“
15یَاہوِہ نے ایلیّاہ سے فرمایا، ”جِس راستے سے تُم آئے ہو اُسی راستے سے واپس لَوٹ جاؤ اَور دَمشق کے بیابان کو چلے جاؤ۔ جَب تُم وہاں پہُنچ جاؤ تو، حزائیلؔ کو ارام کا بادشاہ ہونے کے لیٔے مَسح کرنا۔ 16اَور یِہُو بِن نِمشیؔ کو بنی اِسرائیل کا بادشاہ ہونے کے لیٔے مَسح کرنا، اَور ابیل مِحولہؔ کے الِیشعؔ بِن شافاطؔ کو اَپنی جگہ نبی ہونے کے لیٔے مَسح کرنا۔ 17تَب اَیسا ہوگا کہ جو حزائیلؔ کی تلوار سے بچ جائے گا اُسے یہُو قتل کرےگا اَورجو یِہُو کی تلوار سے بچ جایٔےگا اُسے الِیشعؔ قتل کر ڈالے گا۔ 18تو بھی میں مُلکِ اِسرائیل میں اُن سات ہزار آدمیوں کو بچا کر رکھوں گا جنہوں نے نہ ہی بَعل معبُود کی پرستش کی ہے اَور نہ ہی اُس کا بوسہ لیا ہے۔“
الِیشعؔ کی بُلاہٹ
19لہٰذا ایلیّاہ وہاں سے روانہ ہویٔے اَور الِیشعؔ بِن شافاطؔ اُنہیں کھیت میں ہل چلاتے ہویٔے مِلے۔ ہل میں بَارہ جوڑی بَیل جوتے ہویٔے تھے۔ اَور بارہویں جوڑی کو وہ خُود چلا رہے تھے۔ ایلیّاہ نے اُن کے پاس جا کر اَپنی چادر اُن پر ڈال دی۔ 20الِیشعؔ اَپنے بَیلوں کو وہیں چھوڑکر ایلیّاہ کے پیچھے دَوڑے اَور ایلیّاہ سے اِلتجا کی، ”مُجھے اِجازت دیجئے کہ میں اَپنے باپ اَور ماں کو چُومُوں اَور اُنہیں اَلوِداع کہُوں، پھر مَیں آپ کے ساتھ ہو لُوں گا۔“
ایلیّاہ نے جَواب دیا، ”واپس لَوٹ جاؤ مَیں تُمہیں روک نہیں رہا ہُوں؟“
21لہٰذا الِیشعؔ ایلیّاہ کے پاس سے واپس لَوٹ آئے، اَور اُنہُوں نے اَپنی جوڑی کے بَیلوں کو لیا اَور اُنہیں ذبح کیا اَور ہل چلانے کے سازوسامان سے گوشت پکا کر لوگوں کو دیا اَور اُنہُوں نے اُسے کھایا۔ اِس کے بعد پھر الِیشعؔ ایلیّاہ کے پیچھے چلنے کے لیٔے روانہ ہُوئے اَور ایلیّاہ کے خادِم بَن گیٔے۔
موجودہ انتخاب:
1 سلاطین 19: UCV
سرخی
شئیر
کاپی
کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in
اُردو ہم عصر ترجُمہ™، کِتاب مُقدّس
حق اِشاعت © 1999، 2005، 2022، 2024 Biblica, Inc.
کی اِجازت سے اِستعمال کیا جاتا ہے۔
دُنیا بھر میں تمام حق محفوظ۔
Holy Bible, Urdu Contemporary Version™
Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 by Biblica, Inc.
Used with permission.
All rights reserved worldwide.