۱-سلاطِین 1:19-5

۱-سلاطِین 1:19-5 اُردو ہم عصر ترجُمہ (UCV)

اَور احابؔ نے اِیزبِلؔ کو ایلیّاہ کے سَب کارناموں کا بَیان کیا اَور یہ بھی بتایا کہ کس طرح ایلیّاہ نے سَب نبیوں کو تلوار سے قتل کر دیا۔ لہٰذا، اِیزبِلؔ نے ایک قاصِد کو ایلیّاہ کے پاس اِس پیغام کے ساتھ روانہ کیا، ”اگر کل اِسی وقت، مَیں تمہاری جان اُن نبیوں کی طرح نہ لے لُوں تو معبُود مُجھ سے اَیسا ہی بَلکہ اِس سے بھی بدتر سلُوک کریں۔“ تَب ایلیّاہ خوفزدہ ہو گیٔے اَور اَپنی جان بچانے کے لیٔے بھاگے اَور جَب وہ یہُوداہؔ کے بیرشبعؔ میں پہُنچے، تو اَپنے خادِم کو اُنہُوں نے وہیں ترک کر دیا۔ اَور خُود سارا دِن سفر کرتے ہویٔے بیابان میں پہُنچ گیٔے اَور وہاں ایک جھاؤ کے درخت کے نیچے جا کر بیٹھ گیٔے اَور اِن لفظوں میں اَپنی موت کی دعا مانگی، ”اَے یَاہوِہ، بہت ہو چُکا۔ میری جان لے لے کیونکہ مَیں اَپنے آباؤاَجداد سے بہتر نہیں ہُوں۔“ تَب وہ اُس جھاؤ کے درخت کے نیچے لیٹ گیٔے اَور وہیں سو گیٔے۔ اَچانک ایک فرشتہ نے اُنہیں چھُوا اَور کہا، ”اُٹھو اَور کھانا کھاؤ۔“

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں ۱-سلاطِین 19