YouVersion Logo
تلاش

۱-توارِیخ 18:21-27

۱-توارِیخ 18:21-27 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)

پھر رب کے فرشتے نے جاد کی معرفت داؤد کو پیغام بھیجا، ”ارَوناہ یبوسی کی گاہنے کی جگہ کے پاس جا کر اُس پر رب کی قربان گاہ بنا لے۔“ چنانچہ داؤد چڑھ کر گاہنے کی جگہ کے پاس آیا جس طرح رب نے جاد کی معرفت فرمایا تھا۔ اُس وقت ارَوناہ اپنے چار بیٹوں کے ساتھ گندم گاہ رہا تھا۔ جب اُس نے پیچھے دیکھا تو فرشتہ نظر آیا۔ ارَوناہ کے بیٹے بھاگ کر چھپ گئے۔ اِتنے میں داؤد آ پہنچا۔ اُسے دیکھتے ہی ارَوناہ گاہنے کی جگہ کو چھوڑ کر اُس سے ملنے گیا اور اُس کے سامنے اوندھے منہ جھک گیا۔ داؤد نے اُس سے کہا، ”مجھے اپنی گاہنے کی جگہ دے دیں تاکہ مَیں یہاں رب کے لئے قربان گاہ تعمیر کروں۔ کیونکہ یہ کرنے سے وبا رُک جائے گی۔ مجھے اِس کی پوری قیمت بتائیں۔“ ارَوناہ نے داؤد سے کہا، ”میرے آقا اور بادشاہ، اِسے لے کر وہ کچھ کریں جو آپ کو اچھا لگے۔ دیکھیں، مَیں آپ کو اپنے بَیلوں کو بھسم ہونے والی قربانیوں کے لئے دے دیتا ہوں۔ اناج کو گاہنے کا سامان قربان گاہ پر رکھ کر جلا دیں۔ میرا اناج غلہ کی نذر کے لئے حاضر ہے۔ مَیں خوشی سے آپ کو یہ سب کچھ دے دیتا ہوں۔“ لیکن داؤد بادشاہ نے انکار کیا، ”نہیں، مَیں ضرور ہر چیز کی پوری قیمت ادا کروں گا۔ جو آپ کی ہے اُسے مَیں لے کر رب کو پیش نہیں کروں گا، نہ مَیں ایسی کوئی بھسم ہونے والی قربانی چڑھاؤں گا جو مجھے مفت میں مل جائے۔“ چنانچہ داؤد نے ارَوناہ کو اُس جگہ کے لئے سونے کے 600 سِکے دے دیئے۔ اُس نے وہاں رب کی تعظیم میں قربان گاہ تعمیر کر کے اُس پر بھسم ہونے والی اور سلامتی کی قربانیاں چڑھائیں۔ جب اُس نے رب سے التماس کی تو رب نے اُس کی سنی اور جواب میں آسمان سے بھسم ہونے والی قربانی پر آگ بھیج دی۔ پھر رب نے موت کے فرشتے کو حکم دیا، اور اُس نے اپنی تلوار کو دوبارہ میان میں ڈال دیا۔

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں ۱-توارِیخ 21

۱-توارِیخ 18:21-27 کِتابِ مُقادّس (URD)

تب خُداوند کے فرِشتہ نے جاد کو حُکم کِیا کہ داؤُؔد سے کہے کہ داؤُد جا کر یبُوسی اُرناؔن کے کھلِیہان میں خُداوند کے لِئے ایک قُربان گاہ بنائے۔ اور داؤُد جاد کے کلام کے مُوافِق جو اُس نے خُداوند کے نام سے کہا تھا گیا۔ اور اُرناؔن نے مُڑ کر اُس فرِشتہ کو دیکھا اور اُس کے چاروں بیٹے جو اُس کے ساتھ تھے چِھپ گئے۔ اُس وقت اُرناؔن گیہُوں داؤتا تھا۔ اور جب داؤُد اُرناؔن کے پاس آیا تب اُرناؔن نے نِگاہ کی اور داؤُد کو دیکھا اور کھلِیہان سے باہر نِکل کر داؤُد کے آگے جُھکا اور زمِین پر سرنِگُون ہو گیا۔ تب داؤُد نے اُرناؔن سے کہا کہ اِس کھلِیہان کی یہ جگہ مُجھے دیدے تاکہ مَیں اِس میں خُداوند کے لِئے ایک قُربان گاہ بناؤُں تُو اِس کا پُورا دام لے کر مُجھے دے تاکہ وبا لوگوں سے دُور کر دی جائے۔ اُرناؔن نے داؤُد سے کہا تُو اِسے لے لے اور میرا مالِک بادشاہ جو کُچھ اُسے بھلا معلُوم ہو کرے۔ دیکھ! مَیں اِن بَیلوں کو سوختنی قُربانیوں کے لِئے اور داؤنے کے سامان اِیندھن کے لِئے اور یہ گیہُوں نذر کی قُربانی کے لِئے دیتا ہُوں۔ مَیں یہ سب کُچھ دِئے دیتا ہُوں۔ داؤُد بادشاہ نے اُرناؔن سے کہا نہیں نہیں بلکہ مَیں ضرُور پُورا دام دے کر تُجھ سے خرِید لُوں گا کیونکہ مَیں اُسے جو تیرا مال ہے خُداوند کے لِئے نہیں لینے کا اور نہ بغَیر خرچ کِئے سوختنی قُربانی چڑھاؤُں گا۔ سو داؤُد نے اُرناؔن کو اُس جگہ کے لِئے چھ سَو مِثقال سونا تول کر دِیا۔ اور داؤُد نے وہاں خُداوند کے لِئے مذبح بنایا اور سوختنی قُربانِیاں اور سلامتی کی قُربانِیاں چڑھائِیں اور خُداوند سے دُعا کی اور اُس نے آسمان پر سے سوختنی قُربانی کے مذبح پر آگ بھیج کر اُس کو جواب دِیا۔ اور خُداوند نے اُس فرِشتہ کو حُکم دِیا۔ تب اُس نے اپنی تلوار پِھر مِیان میں کر لی۔

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں ۱-توارِیخ 21