یہوشُعؔ 6
6
1اہلِ یریحوؔ نے بنی اِسرائیل کی وجہ سے شہر کا پھاٹک مضبُوطی سے بند کیا ہُوا تھا۔ نہ کویٔی باہر جاتا اَور نہ کویٔی اَندر آتا تھا۔
2تَب یَاہوِہ نے یہوشُعؔ سے کہا، ”دیکھ، مَیں نے یریحوؔ کو اُس کے بادشاہ اَور زبردست سُورماؤں سمیت تمہارے ہاتھ میں کر دیا ہے۔ 3تمام مُسلّح مَردوں کو لے کر شہر کے گِرد گشت لگاؤ۔ چھ دِن تک اَیسا ہی کرتے رہو 4اَور سات کاہِنؔ صوفار یعنی مینڈھوں کے سینگوں کے سات نرسنگے لیٔے ہُوئے صندُوق کے آگے آگے چلیں۔ ساتویں دِن تُم شہر کے گِرد سات بار گشت لگانا اَور کاہِنؔ اَپنے نرسنگے پھُونکتے رہیں۔ 5جَب تُم اُنہیں نرسنگوں کو زور سے پھُونکتے سُنو تو سَب لوگ زور سے نعرے لگائیں۔ اُس وقت شہر کی فصیل گِر جائے گی اَور لوگ اُس پر اَپنے اَپنے سامنے سیدھے چڑھ جایٔیں گے۔“
6چنانچہ یہوشُعؔ بِن نُونؔ نے کاہِنوں کو بُلاکر اُن سے کہا، ”یَاہوِہ کے عہد کے صندُوق کو اُٹھالو اَور سات کاہِنؔ اُس کے آگے آگے نرسنگے لیٔے ہُوئے چلیں۔“ 7اَور اُنہُوں نے لوگوں کو حُکم دیا، ”آگے بڑھو اَور شہر کے گِرد گشت لگاؤ اَور مُسلّح مَرد یَاہوِہ کے عہد کے صندُوق کے آگے آگے چلیں۔“
8اَور جَب یہوشُعؔ لوگوں سے یہ باتیں کہہ چُکے تو وہ سات کاہِنؔ جو یَاہوِہ کے سامنے سات نرسنگے لیٔے ہُوئے تھے اَپنے نرسنگے پھُونکتے ہُوئے چلے اَور یَاہوِہ کا عہد کا صندُوق اُن کے پیچھے پیچھے چلا۔ 9مُسلّح سپاہی اُن کاہِنوں کے آگے آگے چلے جو نرسنگے پھُونک رہے تھے اَور پچھلے سپاہی صندُوق کے پیچھے پیچھے چلے اَور نرسنگوں کی آواز لگاتار گونج رہی تھی۔ 10یہوشُعؔ نے لوگوں کو حُکم دیا تھا، ”نہ تو جنگ کا نعرہ لگانا نہ اَپنی آوازیں بُلند کرنا بَلکہ اَپنے مُنہ بند رکھنا اَور جَب مَیں تُمہیں للکارنے کا حُکم دُوں تَب للکارنا!“ 11اِس طرح اُنہُوں نے یَاہوِہ کے عہد کے صندُوق کا ایک بار شہر کے گِرد چکّر لگوایا۔ پھر وہ سَب چھاؤنی میں واپس ہُوئے اَور رات وہیں گزاری۔
12دُوسرے دِن یہوشُعؔ صُبح سویرے اُٹھے اَور کاہِنوں نے یَاہوِہ کے عہد کا صندُوق اُٹھایا۔ 13اَور وہ سات کاہِنؔ نرسنگے لیٔے ہُوئے یَاہوِہ کے عہد کے صندُوق کے آگے آگے چل رہے تھے اَور نرسنگے پھُونکتے جا رہے تھے۔ مُسلّح آدمی اُن کے آگے تھے اَور عقب والے سپاہی یَاہوِہ کے صندُوق کے پیچھے اَور نرسنگوں کی آواز گونجتی چلی جا رہی تھی۔ 14اِس طرح دُوسرے دِن بھی اُنہُوں نے شہر کے گِرد ایک بار چکّر لگایا اَور پھر چھاؤنی میں آ گئے۔ وہ چھ دِن تک اَیسا ہی کرتے رہے۔
15ساتویں دِن وہ علی الصبح اُٹھ کر اِسی طرح شہر کے گِرد گھُومے۔ اُس دِن اُنہُوں نے شہر کے سات چکّر لگائے۔ 16ساتویں بار جَب کہ کاہِنوں نے زور سے نرسنگے پھُونکے تَب یہوشُعؔ نے لوگوں کو حُکم دیا، ”للکارو! کیونکہ یَاہوِہ نے یہ شہر تُمہیں دے دیا ہے! 17یہ شہر اَورجو کچھ اِس کے اَندر ہے سَب یَاہوِہ کی نذر کیا جائے گا۔ صِرف راحبؔ فاحِشہ اَور اُس کے ساتھ اُس کے گھر کے سَب لوگ زندہ بچیں گے کیونکہ اُس نے ہمارے بھیجے ہُوئے جاسُوسوں کو پناہ دی تھی۔ 18لیکن نذر کی مخصُوص چیزوں کو ہاتھ نہ لگانا۔ کہیں اُن میں سے کویٔی شَے لے کر اَپنے اُوپر تباہی نہ لے آنا۔ اَیسا کروگے تو تُم اِسرائیل کی چھاؤنی پر تباہی لاؤگے اَور اُس پر کویٔی آفت کھڑی کر دوگے۔ 19سَب چاندی اَور سونا اَور کانسے اَور لوہے کے سارے ظروف یَاہوِہ کے لیٔے مُقدّس ہیں اَور وہ اُن ہی کے خزانہ میں جایٔیں گے۔“
20پھر نرسنگے پھُونکے گیٔے اَور لوگوں نے للکارنا شروع کیا اَور جَب نرسنگوں کی آواز سُن کر لوگوں نے زور سے للکارا تو دیوار گِر گئی اَور ہر آدمی سیدھا اَندر کی طرف لپکا اَور اُنہُوں نے شہر پر قبضہ کر لیا۔ 21اُنہُوں نے شہر کو یَاہوِہ کی نذر کیا اَور اُس کے اَندر کی ہر جاندار چیز کو یعنی مَردوں اَور عورتوں جَوانوں اَور ضعیفوں مویشیوں بھیڑوں اَور گدھوں الغرض ہر کسی کو تلوار سے مار ڈالا۔
22یہوشُعؔ نے اُن دو آدمیوں سے جنہوں نے مُلک میں جاسُوسی کی تھی کہا، ”اَپنی قَسم کے مُطابق اُس فاحِشہ کے گھر جاؤ، اُسے اَور جتنے لوگ اُس کے گھر میں ہُوں اُنہیں نکال لاؤ۔“ 23چنانچہ وہ نوجوان جنہوں نے جاسُوسی کی تھی اَندر چلے گیٔے اَور راحبؔ کو اُس کے والدین اَور بھائیوں اَور اُن سَب کو جو اُن کے یہاں تھے نکال لایٔے۔ اُنہُوں نے اُس کے پُورے خاندان کو نکال لیا اَور اُنہیں بنی اِسرائیل کی چھاؤنی کے باہر ایک جگہ بِٹھا دیا۔
24پھر اُنہُوں نے سارے شہر کو اَورجو کچھ اُس میں تھا آگ لگا کر پھُونک ڈالا لیکن چاندی اَور سونے کو اَور کانسے اَور لوہے کے ظروف کو یَاہوِہ کے گھر کے خزانہ میں محفوظ کر دیا۔ 25لیکن یہوشُعؔ نے راحبؔ فاحِشہ اَور اُس کے خاندان کو اَور اُن سَب کو جو اُس کے ساتھ تھے سلامت بچا لیا کیونکہ اُس نے اُن آدمیوں کو چھپایا تھا جنہیں یہوشُعؔ نے جاسُوسوں کے طور پر یریحوؔ بھیجا تھا اَور آج کے دِن تک اُس کی بُودوباش اِسرائیل کے درمیان ہے۔
26اُس وقت یہوشُعؔ نے یہ قَسم کھائی کہ: ”وہ شخص یَاہوِہ کے حُضُور ملعُون ٹھہرے گا، جو اِس یریحوؔ شہر کو پھر سے تعمیر کرنے کا بیڑا اُٹھائے:
”اُس کی بُنیاد رکھےگا؛
وہ اَپنے بڑے بیٹے کو کھو دے گا،
اَور اَپنے چُھوٹے بیٹے کی جان گنوا کر
اُس کے پھاٹک لگوائے گا۔“
27اَور یَاہوِہ یہوشُعؔ کے ساتھ تھے اَور سارے مُلک میں اُن کی شہرت پھیل گئی۔
موجودہ انتخاب:
یہوشُعؔ 6: UCV
سرخی
شئیر
کاپی
کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in
اُردو ہم عصر ترجُمہ™، کِتاب مُقدّس
حق اِشاعت © 1999، 2005، 2022، 2024 Biblica, Inc.
کی اِجازت سے اِستعمال کیا جاتا ہے۔
دُنیا بھر میں تمام حق محفوظ۔
Holy Bible, Urdu Contemporary Version™
Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 by Biblica, Inc.
Used with permission.
All rights reserved worldwide.