یَشعیاہ 7
7
عِمّانُوایلؔ کا نِشان
1جَب یُوتامؔ بِن عُزّیاہؔ کا بیٹا آحازؔ یہُودیؔہ کا بادشاہ تھا تَب ارام کے بادشاہ رِضینؔ اَور اِسرائیل کے بادشاہ پِقاحؔ بِن رملیاہؔ نے یروشلیمؔ پر چڑھائی کی لیکن وہ اُس پر غالب نہ آسکے۔
2جَب داویؔد کے گھرانے کو یہ اِطّلاع مِلی، ”ارام اَور اِفرائیمؔ کے درمیان عہد ہو چُکاہے“؛ تو آحازؔ اَور اُس کے لوگوں کے دِل اَیسے دہل گیٔے جَیسے جنگل کے درخت آندھی سے تھرتھراتے ہیں۔
3تَب یَاہوِہ نے یَشعیاہ سے کہا، ”تُو اَپنے بیٹے شِعار یَعشُوبؔ کے ساتھ جا اَور آحازؔ سے اُس جگہ مِل جہاں دھوبیوں کے میدان کو جانے والی راہ پر اُوپر کے چشمہ کی نہر ختم ہوتی ہے۔ 4اَور اُس سے کہہ: ’خبردار رہ، حوصلہ رکھ اَور ڈر مت۔ اُن دو جھُلستے ہُوئے لکڑی کے ٹُنڈوں، رِضینؔ اَور ارام کے اَور رملیاہؔ کے بیٹے کے قہر شدید سے تیرا دِل نہ گھبرائے۔ 5ارام، اِفرائیمؔ اَور رملیاہؔ کے بیٹے نے تیری تباہی کا منصُوبہ باندھا ہے اَور کہتے ہیں: 6”آؤ ہم یہُوداہؔ پر حملہ کریں اَور اُس کے ٹکڑے ٹکڑے کرکے آپَس میں بانٹ لیں اَور طابیل کے بیٹے کو اُس پر بادشاہ مُقرّر کریں۔“ 7لیکن یَاہوِہ قادر یُوں فرماتے ہیں:
” ’وہ اَپنے اِرادہ میں کامیاب نہ ہوں گے،
اَور اَیسا ہرگز نہ ہوگا،
8کیونکہ ارام کا سَر دَمشق ہے،
اَور دَمشق کا سَر رِضینؔ ہے،
پَینسٹھ سال کے اَندر اَندر
اِفرائیمؔ بھی اَیسا تباہ ہوگا کہ بحیثیت اَپنا وُجُود کھو بیٹھے گا۔
9اِفرائیمؔ کا سَر سامریہؔ ہے،
اَور سامریہؔ کا سَر صرف رملیاہؔ کا بیٹا ہے۔
اگر تُم اَپنے ایمان میں ثابت قدم نہ رہے،
تو یقیناً تُم بھی قائِم نہ رہوگے۔‘ “
10یَاہوِہ نے پھر آحازؔ سے کہا: 11”یَاہوِہ اَپنے خُدا سے کویٔی نِشان طلب کر، چاہے وہ گہری گہرائی میں ہو یا بُلند ترین بُلندیوں میں۔“
12لیکن آحازؔ نے کہا، ”میں نہیں مانگوں گا۔ میں یَاہوِہ کی آزمائش نہیں کروں گا۔“
13تَب یَشعیاہ نے کہا، ”اَب سُنو، اَے داویؔد کے خاندان والو! کیا لوگوں کے صبر کو آزمانا ہی کافی نہیں ہے؟ کیا تُم میرے خُدا کے صبر کو بھی آزماؤگے؟ 14اِس لیٔے یَاہوِہ خُود ہی تُمہیں ایک نِشان دے گا: دیکھو ایک کنواری حاملہ ہوگی اَور اُس سے ایک بیٹا پیدا ہوگا اَور اُس کا نام عِمّانُوایلؔ رکھا جایٔےگا۔ 15اَور جَب تک وہ بدی سے اِنکار اَور نیکی کو تسلیم کرنا نہیں جانے گا وہ دہی اَور شہد کھاتا رہے گا۔ 16لیکن اِس سے قبل کہ یہ بچّہ بدی سے گُریز اَور نیکی کو تسلیم کرنا جانے اُن دو بادشاہوں کے مُلک ویران ہو جایٔیں گے جِن سے تُم خوفزدہ ہے۔ 17یَاہوِہ تُجھ پر، تیرے لوگوں پر اَور تیرے باپ کے گھرانے پر اَیسا وقت لایٔے گا جَیسا اِفرائیمؔ کے یہُودیؔہ سے الگ ہونے کے بعد اَب تک نہیں لایا۔ وہ شاہِ اشُور کو لے آئے گا۔“
اشُور، یَاہوِہ کا آلہ
18اُس وقت یَاہوِہ سیٹی کی آواز سے مِصر کے نیل کے دُور دُور کے دریاؤں سے شہد کی مکھّیوں کو اَور اشُور کے مُلک سے زنبوروں کو بُلائیں گے۔ 19وہ سَب آکر ڈھلوان وادیوں، چٹّانوں کی دراڑوں، تمام کانٹے دار جھاڑیوں اَور پانی کے سبھی ذخیروں پر چھا جایٔیں گی۔ 20اُس وقت یَاہوِہ دریائے فراتؔ کے اُس پار سے یعنی اشُور کے بادشاہ سے کرایہ پر لیٔے ہُوئے اُسترے سے تمہارے سَر اَور پاؤں کے بال یہاں تک کہ تمہاری داڑھی بھی مونڈ ڈالیں گے۔ 21اُس وقت ایک آدمی صِرف ایک گائے کی بچھیا اَور دو بکریاں پالے گا۔ 22اَور چونکہ وہ کثرت سے دُودھ دیں گی اِس لیٔے وہ دہی کھائے گا اَور مُلک کے بچے ہُوئے تمام باشِندے دہی اَور شہد کھایٔیں گے۔ 23اُس وقت ہر اُس جگہ جہاں ہزار چاندی کے ثاقلوں کے ہزار انگوری بیلوں کی جگہ میں وہاں صِرف جھاڑیاں اَور اُونٹ کٹارے ہوں گے۔ 24شِکاری وہاں تیر اَور کمان لے کر جایٔیں گے کیونکہ تمام مُلک جھاڑیوں اَور اُونٹ کٹاروں سے بھرا ہوگا۔ 25اُن پہاڑیوں پر جہاں کسی زمانہ میں کُدال سے کھدائی کرکے کاشتکاری کی جاتی تھی، جھاڑیوں اَور اُونٹ کٹاروں کے خوف سے اَب تُو وہاں جانا بھی پسند نہ کریں گے۔ وہ اَیسی جگہیں بَن جایٔیں گی جہاں گائے بَیل کھُلے پھرتے ہیں اَور بھیڑیں دَوڑتی ہیں۔
موجودہ انتخاب:
یَشعیاہ 7: UCV
سرخی
شئیر
کاپی
کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in
اُردو ہم عصر ترجُمہ™، کِتاب مُقدّس
حق اِشاعت © 1999، 2005، 2022، 2024 Biblica, Inc.
کی اِجازت سے اِستعمال کیا جاتا ہے۔
دُنیا بھر میں تمام حق محفوظ۔
Holy Bible, Urdu Contemporary Version™
Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 by Biblica, Inc.
Used with permission.
All rights reserved worldwide.