YouVersion Logo
تلاش

اِفِسیوں 5

5
1چونکہ تُم خُدا کے عزیز فرزند ہو، اِس لیٔے، خُدا کی مانِند بنو۔ 2اَور مَحَبّت سے چلو، جَیسے المسیح نے ہم سے مَحَبّت کی اَور اَپنے آپ کو ہمارے لیٔے خُوشبو کی طرح خُدا کی نذر کرکے قُربان کیا وَیسے تُم بھی مَحَبّت سے چلو۔
3تُم میں جنسی بدفعلی یا کسی قِسم کی ناپاکی یا لالچ کا نام تک نہ لیا جائے، کیونکہ اِس طرح کے عَمل خُدا کے مُقدّسین کو زیب نہیں دیتے۔ 4تمہارے لیٔے بے شرمی، بےہوُدہ گوئی یا ٹھٹّھابازی کا ذِکر کرنا بھی مُناسب نہیں، بَلکہ تمہاری زبان پر شُکر گُزاری کے کلمے ہوں۔ 5یقین جانو کہ کسی حرام کار، ناپاک یا لالچی شخص کی المسیح اَور خُدا کی بادشاہی میں کویٔی مِیراث نہیں کیونکہ اَیسا شخص بُت پرست کے برابر ہے۔ 6کویٔی تُمہیں فُضول باتوں سے دھوکا نہ دینے پایٔے، کیونکہ اِن ہی گُناہوں کے باعث نافرمان لوگوں پر خُدا کا غضب نازل ہوتاہے۔ 7لہٰذا اَیسے لوگوں کا ساتھ مت دو۔
8کیونکہ المسیح کے آنے سے پہلے تُم تاریکی میں زندگی گزارتے تھے، مگر اَب خُداوؔند میں نُور ہو۔ پس نُور کے فرزندوں کی راہ پر چلو 9کیونکہ نُور کا پھل ہر طرح کی نیکی، راستبازی اَور سچّائی ہے۔ 10اَور تجربہ سے مَعلُوم کرتے رہو کہ خُداوؔند کو کیا پسند ہے۔ 11تاریکی کے بے پھل کاموں میں شریک نہ ہو، بَلکہ اُن پر ملامت کیا کرو۔ 12کیونکہ نافرمان لوگوں کے پوشیدہ کاموں کا ذِکر کرنا بھی شرم کی بات ہے۔ 13لیکن جو شَے رَوشنی میں لائی جاتی ہے وہ سَب صَاف صَاف نظر آنے لگتی ہے کیونکہ نُور سَب کچھ ظاہر کر دیتاہے۔ 14اِسی لیٔے کہا گیا ہے:#5‏:14 یہ بَیان کچھ غَیر بائبل کے ذریعہ، مُمکنہ طور پر ایک مسیحی تسبیح کا حوالہ ہے۔ (بائبل نہیں)‏
”اَے سونے والو جاگو،
اَور مُردوں میں سے جی اُٹھو،
تو المسیح کا نُور تُم پر چمکے گا۔“
15پس غور سے دیکھو کہ کِس طرح چلتےہو، نادانوں کی طرح نہیں بَلکہ داناؤں کی طرح چلو، 16اَور ہر موقع کو غنیمت سمجھو، کیونکہ دِن بُرے ہیں۔ 17اِس لیٔے نادانوں کی طرح زندگی نہ گُزارو، بَلکہ خُداوؔند کی مرضی سمجھنے کی کوشش کرو۔ 18شراب میں متوالے نہ بنو، کیونکہ یہ اِنسان کو بدچلن بنا دیتی ہے۔ بَلکہ، پاک رُوح سے معموُر رہا کرو۔ 19ایک دُوسرے سے زبُور، حَمد و ثنا اَور رُوحانی غزلیں اَور خُداوؔند کی تعریف میں دِل سے گاتے بجاتے رہا کرو، 20ہر بات میں ہمارے خُداوؔند یِسوعؔ المسیح کے نام سے ہمیشہ خُدا باپ کا شُکر کرتے رہو۔
اِزدواجی زندگی کے لئے ہدایات
21اَور المسیح کا خوف کرتے ہویٔے ایک دُوسرے کے تابع رہو۔
22بیویاں اَپنے شوہروں کے اَیسے تابع رہیں جَیسے خُداوؔند کے تابع رہتی ہیں۔ 23کیونکہ شوہر بیوی کا سَر ہے جِس طرح المسیح اَپنے بَدن کا سَر ہیں، اَور اُس کا یعنی اَپنی جماعت کے مُنجّی ہیں۔ 24اُسی طرح شوہر اَپنی بیوی کا سَر ہے، پس جَیسے جماعت المسیح کے تابع ہے وَیسے بیویاں بھی ہر بات میں اَپنے شوہروں کی تابع رہیں۔
25اَے شوہرو! اَپنی بیویوں سے وَیسی ہی مَحَبّت رکھو، جَیسی مَحَبّت المسیح نے اَپنی جماعت سے رکھی اَور اُس کے لیٔے اَپنی جان دے دی 26تاکہ وہ جماعت کو خُدا کے کلام کے ساتھ پانی سے غُسل دے کر صَاف کرے، اَور اُسے مُقدّس بنادے۔ 27اَور اَیسی جلالی جماعت بنا کر اَپنے پاس حاضِر کرے، جِس میں کویٔی داغ یا جھُرّی یا کویٔی اَور نُقص نہ ہو، بَلکہ وہ پاک اَور بے عیب ہو۔ 28اِسی طرح، شوہروں کو بھی چاہئے کہ اَپنی بیویوں سے اَپنے بَدن کی طرح مَحَبّت رکھیں، جو اَپنی بیوی سے مَحَبّت رکھتا ہے وہ گویا اَپنے آپ سے مَحَبّت رکھتا ہے۔ 29کیونکہ کویٔی شخص اَپنے جِسم سے دُشمنی نہیں کرتا، بَلکہ اَپنے جِسم کی اَچھّی طرح پرورش کرتا اَور دیکھ بھال کرتا ہے، جِس طرح المسیح جماعت کا خیال رکھتے ہیں، 30کیونکہ ہم اُن کے بَدن کے اَعضا ہیں۔ 31”کِتاب مُقدّس کا بَیان ہے کہ مَرد اَپنے باپ اَور ماں سے جُدا ہوکر اَپنی بیوی کے ساتھ رہے گا، اَور وہ دونوں مِل کر ایک جِسم ہوں گے۔“#5‏:31 پیدا 2‏:24‏ 32یہ راز کی بات تو بڑی گہری ہے لیکن مَیں سمجھتا ہُوں کہ یہ المسیح اَور جماعت کے باہمی تعلّق کی طرف اِشارہ کرتی ہے۔ 33بہرحال تُم میں سے ہر شوہر کو چاہیے کہ وہ اَپنی بیوی سے اَپنی مانِند مَحَبّت رکھے، اَور بیوی کو بھی چاہیے کہ وہ اَپنے شوہر سے اَدب سے پیش آئے۔

موجودہ انتخاب:

اِفِسیوں 5: UCV

سرخی

شئیر

کاپی

None

کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in