YouVersion Logo
تلاش

اِستِثنا 24

24
1اگر کویٔی مَرد کسی عورت سے شادی کر لے لیکن بعد میں اُس میں کویٔی اَیسی شرمناک حرکت کے باعث اُس کے ساتھ رہنے پر راضی نہ ہو، تو وہ طلاق نامہ لِکھ کر اُس کے حوالہ کر دے اَور اُسے اَپنے گھر سے بے دخل کر دے۔ 2اَور اگر اَپنے پہلے شوہر کا گھر چھوڑنے کے بعد وہ کسی دُوسرے آدمی کی بیوی بَن جاتی ہے، 3اَور اُس کا دُوسرا خَاوند بھی اُسے نا پسند کرے اَور طلاق نامہ لِکھ کر اُس کے حوالہ کرے اَور اُسے اَپنے گھر سے بے دخل کر دے یا خُود مَر جائے، 4تَب اُس عورت کا پہلا خَاوند جِس نے اُسے طلاق دیا تھا اُس عورت کے ناپاک ہو جانے کے بعد اُس سے دوبارہ شادی نہ کرنے پایٔے، کیونکہ اَیسا کام یَاہوِہ کی نظر میں مکرُوہ ہے۔ تُم اُس مُلک پر گُناہ نہ لانا جسے یَاہوِہ تمہارے خُدا مِیراث کے طور پر تُمہیں دے رہے ہیں۔
5اگر کسی آدمی کی ابھی حال ہی میں شادی ہُوئی ہے تو اُسے جنگ کے لیٔے ہرگز نہ بھیجا جائے۔ اَور نہ ہی اُسے کویٔی اَور ذمّہ داری سُپرد کی جائے۔ وہ ایک سال تک آزادی سے گھر میں رہے اَور اَپنی نئی بیوی کو خُوش رکھّے۔
6چکّی کو یا اُس کے اُوپر کے پاٹ کو گِروی نہ رکھنا کیونکہ اَیسا کرنا تو گویا اِنسان کی کمائی کے ذریعہ کو ہی رہن رکھنے کے برابر ہوگا۔
7اگر کویٔی شخص اَپنے اِسرائیلی بھائیوں میں سے کسی کو اِغوا کرکے غُلام بنا لے یا بیچ ڈالے اَور پکڑا جائے تو وہ اِغوا کرنے والا شخص مار ڈالا جائے۔ تُم اَیسی بدکاری اَپنے درمیان سے ضروُر دُور کردینا۔
8کوڑھ کی بیماریوں کے بارے میں لیوی کاہِنؔ جو ہدایات دیں، ٹھیک اُن ہی کے مُطابق احتیاط سے عَمل کرنا۔ مَیں نے اُنہیں جو حُکم دیئے ہیں اُن ہی کے مُطابق غور فرما کر عَمل کرنا۔ 9جَب تُم مِصر سے نکل کر آ رہے تھے تَب یَاہوِہ تمہارے خُدا نے راستہ میں مِریمؔ کے ساتھ جو کچھ کیا اُسے یاد رکھنا۔
10جَب تُم اَپنے ہمسایہ کو کسی قِسم کا قرض دو تو جو شَے وہ رہن رکھنا چاہے اُسے لینے کے لیٔے اُس کے گھر میں داخل نہ ہونا۔ 11بَلکہ تُم باہر ہی کھڑے رہنا اَور وہ شخص جسے تُم قرض دے رہے ہو خُود اُس رہن رکھی جانے والی چیز کو تمہارے پاس باہر لایٔے۔ 12اگر وہ شخص مسکین ہو تو اُس کی رہن رکھی ہُوئی چادر کو اوڑھ کر نہ سو جانا۔ 13بَلکہ آفتاب کے غروب ہونے تک اُس کا باہری لباس اُسے لَوٹا دینا تاکہ وہ اُسے اوڑھ کر سو سکے۔ تَب وہ تمہارا شُکرگزار ہوگا اَور یہ یَاہوِہ تمہارے خُدا کی نظر میں تمہارے حق میں راستبازی کا کام گِنا جائے گا۔
14تُم مزدُور کی مفلسی اَور مُحتاجی کا ناجائز فائدہ نہ اُٹھانا خواہ وہ اِسرائیلی بھایٔی ہو یا کویٔی پردیسی ہو جو تمہارے کسی شہر میں رہتا ہو۔ 15تُم ہر روز آفتاب کے غروب ہونے سے پہلے ہی اُس کی مزدُوری دے دیا کرو کیونکہ وہ غریب ہے اَور اُس پر اُس کی آس لگی ہُوئی ہوتی ہے۔ کہیں اَیسا نہ ہو کہ وہ یَاہوِہ سے تمہارے خِلاف فریاد کرے اَور تُم مُجرم ٹھہرو۔
16والدین اَپنے بچّوں کے عِوض میں نہ مارے جایٔیں۔ نہ ہی بچّے اَپنے والدین کی خاطِر مارے جایٔیں۔ ہر ایک اَپنے ہی گُناہ کے سبب سے ماراجائے۔
17کویٔی پردیسی یا یتیم اِنصاف سے محروم نہ رہے اَور نہ کسی بِیوہ کے کپڑے رہن رکھّے جایٔیں۔ 18یاد رکھو کہ تُم مِصر میں غُلام تھے اَور یَاہوِہ تمہارے خُدا نے تُمہیں وہاں سے چھُڑایا۔ اِس لیٔے میں تُمہیں یہ کام کرنے کا حُکم دے رہا ہُوں۔
19جَب تُم اَپنے کھیت کی فصل کاٹ رہے ہو اَور کویٔی پُولا بھُول سے کھیت میں چھُوٹ جائے تو اُسے لینے کے لیٔے لَوٹ کر واپس نہ جانا۔ اُسے پردیسی، یتیم اَور بِیوہ کے لیٔے رہنے دینا تاکہ یَاہوِہ تمہارے خُدا تمہارے سَب کاموں میں جنہیں تُم ہاتھ لگاؤ برکت بخشیں۔ 20جَب تُم اَپنے زَیتُون کے درختوں کو جھاڑو تو شاخوں کو دوبارہ نہ جھاڑنا بَلکہ جو بچا ہو اُسے پردیسی، یتیم اَور بِیوہ کے لیٔے چھوڑ دینا۔ 21جَب تُم اَپنے انگوری باغ کے انگور جمع کرو تو اُس کے بَیلوں کو دوبارہ نہ ٹٹولنا بَلکہ جو بچا ہے اُسے پردیسی، یتیم اَور بِیوہ کے لیٔے چھوڑ دینا۔ 22یاد رکھو کہ تُم مِصر میں غُلام تھے۔ اِس لیٔے میں تُمہیں یہ کام کرنے کا حُکم دے رہا ہُوں۔

موجودہ انتخاب:

اِستِثنا 24: UCV

سرخی

شئیر

کاپی

None

کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in