YouVersion Logo
تلاش

زکریاؔہ 12

12
یروشلیمؔ کے دُشمنوں کا خاتِمہ
1بنی اِسرائیل کی بابت یَاہوِہ کی نبُوّت۔
یَاہوِہ جو آسمان کو پھیلانے والے اَور زمین کی بُنیاد ڈالنے والے اَورجو اِنسان کے اَندر اُس کی رُوح پیدا کرتے ہیں، وہ یُوں فرماتے ہیں، 2”مَیں یروشلیمؔ کو اُس کے اِردگرد کے سَب لوگوں کے لیٔے ایک لڑکھڑا دینے والا پیالہ بناؤں گا۔ یہُودیؔہ اَور یروشلیمؔ کا محاصرہ کیا جائے گا۔ 3اُس روز جَب دُنیا کی ساری قومیں یروشلیمؔ کے مقابل جمع ہوں گی، تو مَیں یروشلیمؔ کو ساری قوموں کے لیٔے جنبش نہ کھانے والی چٹّان بنا دُوں گا۔ وہ سَب جو اُس کو ہٹانے کی کوشش کریں گے، خُود زخمی ہو جایٔیں گے۔ 4یَاہوِہ فرماتے ہیں کہ اُس روز مَیں ہر گھوڑے کو خوفزدہ اَور اُس کے سوار کو پاگل کر دُوں گا۔“ لیکن بنی یہُوداہؔ کے گھرانے پر مہربانی کروں گا اَور غَیر قوموں کے سَب گھوڑوں کو اَندھا کر دُوں گا۔ 5تَب بنی یہُوداہؔ کے سردار اَپنے دِل میں کہیں گے، یروشلیمؔ کے لوگ قُوّت والے ہیں کیونکہ قادرمُطلق یَاہوِہ اُن کے خُدا ہیں۔
6اُس دِن مَیں بنی یہُوداہؔ کے سرداروں کو لکڑی کے ڈھیر میں آگ کے برتن کی مانند بنا دُوں گا جو لکڑیوں کے گٹھّے کو جَلا کر راکھ کردیتی ہے یا اُس مشعل کی مانند بنا دُوں گا جو اناج کے پُولوں کے درمیان جلتی رہتی ہے۔ یعنی وہ اَپنی داہنے اَور بائیں طرف اَور اُن کے گِردونواح کے سَب لوگوں کو جَلا کر راکھ کر دیں گے۔ لیکن یروشلیمؔ کے باشِندے اَپنی جگہ محفوظ رہیں گے۔
7یَاہوِہ پہلے بنی یہُوداہؔ کی قِیام گاہوں کو بچائیں گے تاکہ داویؔد کے گھرانے کی شوکت اَور یروشلیمؔ کے باشِندوں کی شان یہُودیؔہ کے باشِندوں سے بڑھ کر نہ ہو۔ 8اُس دِن یَاہوِہ خُود یروشلیمؔ کے باشِندوں کی حِفاظت کریں گے تاکہ اُن میں سَب سے کمزور بھی داویؔد کی مانند طاقتور ہوگا اَور داویؔد کا گھرانا خُدا کے مانند اَور یَاہوِہ کے اُس فرشتہ کی مانند ہوں گے جو اُن کے آگے آگے چلتا ہو۔ 9اَور اُس دِن مَیں اُن سَب مُخالف قوموں کو ہلاک کرنے کی قصد سے نکلوں گا جو یروشلیمؔ پر حملہ کریں گی۔
چھیدے ہُوئے کے لئے ماتم
10اَور مَیں داویؔد کے گھرانے اَور یروشلیمؔ کے باشِندوں پر فضل اَور مناجات کی رُوح نازل کروں گا، وہ اُس پر جسے اُنہُوں نے چھید ڈالا نظر کریں گے اَور اُس کے لئے اَیسا ماتم کریں گے جَیسے کویٔی اَپنے اِکلوتے بیٹے کے لیٔے کرتا ہے۔ اَور اِس کے لیے اِس طرح غمگین ہوں گے جَیسے کوئی اَپنے پہلوٹھے کے لیے غمگین ہوتاہے۔
11اَور اُس دِن یروشلیمؔ میں بڑا ماتم ہوگا جَیسا مگِدّوؔ کی وادی میں ہددؔ رِمّونؔ نے کیا تھا۔ 12اَور سارا مُلک ماتم کرےگا۔ یعنی ہر ایک گھرانا اَور اُن کی بیویوں کے ساتھ الگ الگ، داویؔد کا گھرانا اَور اُن کی بیویاں الگ، ناتنؔ کا گھرانا اَور اُن کی بیویاں الگ، 13لیوی کا گھرانا اَور اُن کی بیویاں الگ، شِمعیؔ کا گھرانا اَور اُن کی بیویاں الگ 14اَور باقی بچے ہُوئے سَب گھرانے کے لوگ اَور اُن کی بیویاں الگ الگ ماتم کریں گی۔

موجودہ انتخاب:

زکریاؔہ 12: UCV

سرخی

شئیر

کاپی

None

کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in