طِطُس 2
2
انجیل کی خاطِر نیک کام کرنا
1بہرحال تُم وُہی باتیں بَیان کرو جو صحیح تعلیم کے مُطابق مُناسب ہوں۔ 2بُزرگ مَردوں کو سِکھا کہ وہ پرہیزگار، قابلِ اِحترام، اَپنے نفس پر قابُو رکھنے والے، ایمان، مَحَبّت اَور صبر میں پکّے ہوں۔
3اِسی طرح بُزرگ خواتین کو ہدایت دو کہ وہ بھی مُقدّسین کی سِی زندگی بسر کریں اَور تہمت لگانے والی اَور شراب پینے والی نہ ہوں بَلکہ اَچھّی باتوں کی تعلیم دینے والی ہوں۔ 4تبھی وہ جَوان خواتین کو سِکھا سکیں گی کہ وہ اَپنے شوہروں اَور بچّوں کو پیار کریں، 5اَپنے نفس پر قابُو رکھیں اَور پاک دامن ہوں، گھر کا کام کاج کرنے والی اَور مہربان ہوں اَور اَپنے شوہروں کے تابع رہیں تاکہ خُدا کے کلام کی بدنامی نہ ہو۔
6ٹھیک اِسی طرح نوجوانوں کو بھی نصیحت کر کہ وہ اَپنے نفس پر قابُو رکھیں۔ 7تُم سَب باتوں میں اَپنے آپ کو نیک کاموں کو کرنے میں اُن کے لیٔے نمونہ بَن۔ اَور تیری تعلیم میں خُلوص دِلی اَور سنجِیدگی ہو، 8تاکہ جو کچھ تو سِکھائے وہ اَیسا صحیح کلام ہو کہ کویٔی حرف گیری نہ کر سکے اَور کویٔی مُخالف ہم پر عیب لگانے کا موقع نہ پا سکے بَلکہ شرمندہ ہوجائے۔
9غُلاموں کو سِکھا کہ اَپنے مالکوں کے سَب باتوں میں تابع رہیں۔ اُن کے ہر حُکم کی تعمیل کریں اَور کبھی اُلٹ کر جَواب نہ دیں، 10خیانت نہ کریں بَلکہ پُوری وفاداری سے کام کریں تاکہ اُن کے سارے کاموں میں ہمارے مُنجّی خُدا کی تعلیم کی زینت کا باعث ہو سکیں۔
11کیونکہ خُدا کا وہ فضل جو سارے اِنسانوں کی نَجات کا باعث ہے، ظاہر ہو چُکاہے۔ 12وہ فضل ہمیں تربّیت دیتاہے کہ ہم بے دینی اَور دُنیوی خواہِشوں کو چھوڑکر اِس دُنیا میں پرہیزگاری، صداقت اَور خُدا پرستی کے ساتھ زندگی گُزاریں، 13اَور اُس مُبارک اُمّید یعنی اَپنے عظیم خُدا اَور مُنجّی، حُضُور عیسیٰ المسیؔح کے جلال کے ظاہر ہونے کے مُنتظر رہیں، 14جنہوں نے اَپنے آپ کو ہماری خاطِر قُربان کر دیا تاکہ ہمارا فدیہ ہوکر ہمیں ہر طرح کی بے دینی سے چھُڑا لیں اَور ہمیں پاک کرکے اَپنی خاص مِلکیّت کے لیٔے ایک اَیسی اُمّت بنالیں جو نیک کام کرنے میں سرگرم ہو۔
15تُو اِن باتوں کی پُورے اِختیّار کے ساتھ تعلیم دے، تنبیہ کر اَور نصیحت بھی دیتا رہ۔ کویٔی شخص تیری حقارت نہ کرنے پایٔے۔
موجودہ انتخاب:
طِطُس 2: UCV
سرخی
شئیر
کاپی
کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in
اُردو ہم عصر ترجُمہ™، نیا عہدنامہ
حق اِشاعت © 1999، 2005، 2022 Biblica, Inc.
کی اِجازت سے اِستعمال کیا جاتا ہے۔ تمام دُنیا میں سَب حق محفوظ۔
Urdu Contemporary Version™ New Testament
Copyright © 1999, 2005, 2022 by Biblica, Inc.
Used with permission. All rights reserved worldwide.