رُومیوں 6:2-29

رُومیوں 6:2-29 UCV

خُدا ”ہر شخص کو اُس کے اعمال کے مُطابق بدلہ دے گا۔“ جو نیک کاموں کی تلاش میں ہیں جلال، عزّت اَور بَقا چاہتے ہیں، اُنہیں وہ اَبدی زندگی عطا فرمائے گا۔ لیکن جو خُود غرض ہیں اَور سچّائی کو ترک کرکے بدی کی پیروی کرتے ہیں، اُن پر خُدا کا قہر اَور غضب نازل ہوگا۔ ہر اِنسان پرجو بدی کرتا ہے مُصیبت اَور تنگی آئے گی: پہلے یہُودی پر، پھر غَیریہُودی پر۔ لیکن ہر اُس شخص کو جو نیکی کرتا ہے اُن سَب کے لیٔے جلال، عزّت اَور اِطمینان ملے گا۔ پہلے یہُودی کو، پھر غَیریہُودی کو۔ کیونکہ خُدا کسی کی طرفداری نہیں کرتا۔ جو لوگ شَریعت پایٔے بغیر گُناہ کرتے ہیں وہ سَب شَریعت کے بغیر ہلاک بھی ہوں گے اَورجو شَریعت کے ماتحت رہ کر گُناہ کرتے ہیں اُن کی عدالت شَریعت کے مُطابق ہوگی۔ کیونکہ شَریعت کے محض سُننے والے خُدا کی نظر میں راستباز نہیں ہوتے بَلکہ شَریعت پر عَمل کرنے والے ہی راستباز قرار دئیے جایٔیں گے۔ البتّہ جَب وہ غَیریہُودی جو شَریعت نہیں رکھتے اَور طبعی طور پر شَریعت کے مُطابق کام کرتے ہیں تو شَریعت نہ رکھتے ہویٔے بھی وہ خُود اَپنے لیٔے ایک شَریعت ہیں۔ اِس طرح وہ یہ ظاہر کرتی ہیں کہ آئین کے تقاضے اُن کے دِلوں پر نقش ہیں اَور اُن کا ضمیر بھی اِس بات کی گواہی دیتاہے اَور اُن کے خیالات بھی کبھی اُن پر اِلزام لگاتے ہیں، کبھی اُنہیں بَری ٹھہراتے ہیں۔ جَیسا کہ اُس خُوشخبری کے مُطابق جِس کا میں اعلان کرتا ہُوں۔ یہ اُس روز ہوگا جَب خُدا یِسوعؔ المسیح، کی مَعرفت آدمیوں کی پوشیدہ باتوں کی عدالت کرےگا۔ اگر تُم یہُودی کَہلاتے ہو؛ اَور شَریعت پر ایمان اَور خُدا کے ساتھ اَپنے رشتہ پر فخر کرتے ہو؛ اگر تُم اُس کی مرضی جانتے ہو اَور شَریعت کی تعلیم پا کر عُمدہ باتیں پسند کرتے ہو؛ اگر تُمہیں اِس بات پر بھی یقین ہے کہ تُم اَندھوں کے رہنما اَور تاریکی میں پڑے ہویٔے لوگوں کے لیٔے رَوشنی ہو، نادانوں کی تربّیت کرنے والے اَور بچّوں کے اُستاد ہو اَور علم اَور حق کا اَنجام شَریعت میں ہے اَور وہ تمہارے پاس ہے تُم جَب اَوروں کو سِکھاتے ہو تُم اَپنے آپ کو کیوں نہیں سِکھاتے؟ تُم جو تبلیغ کرتے ہو کہ چوری نہ کرنا، تُم خُود کیوں چوری کرتے ہو؟ تُم جو کہتے ہو کہ زنا مت کرنا، خُود کیوں زنا کرتے ہو؟ تُم جو بُتوں سے نفرت رکھتے ہو، خُود کیوں بُت خانوں کو لُوٹتے ہو؟ تُم جو شَریعت پر فخر کرتے ہو، خُود کیوں شَریعت کی نافرمانی کرکے خُدا کی بے عزّتی کرتے ہو؟ جَیسا کہ کِتاب مُقدّس میں لِکھّا ہے: ”تمہارے سبب غَیریہُودیوں میں خُدا کے نام پر کُفر بکا جاتا ہے۔“ ختنہ سے فائدہ ہے بشرطیکہ تُم شَریعت پر عَمل کرو۔ لیکن اگر تُم نے شَریعت کی نافرمانی کی تو تمہارا ختنہ نامختونی کے برابر ٹھہرا۔ اگر نامختون لوگ آئین کے تقاضوں پر عَمل کریں تو کیا اُن کی نامختونی ختنہ کے برابر نہ گنی جائے گی؟ وہ شخص جو نامختون ہے مگر شَریعت پر عَمل کرتا ہے تو وہ تُمہیں شَریعت کی نافرمانی کرنے کے لیٔے قُصُوروار نہ ٹھہرائے گا، جَب کہ تمہارے پاس جو شَریعت مَوجُود ہے، اَور تمہارا ختنہ بھی ہو چُکاہے۔ جو محض ظاہری ہو وہ یہُودی نہیں ہوتا اَور نہ ہی وہ ختنہ ہوتاہے جو محض ظاہری اَور جِسمانی ہے۔ بَلکہ یہُودی وُہی ہے جو باطِن میں یہُودی ہے اَور ختنہ وُہی ہے جو دِل کا اَور رُوحانی ہے نہ کہ شَریعت کے وسیلہ سے کیا جاتا ہے۔ اَیسے اِنسان کی تعریف آدمیوں کی طرف سے نہیں بَلکہ خُدا کی طرف سے ہوتی ہے۔