رُومیوں 22:11-36

رُومیوں 22:11-36 UCV

لہٰذا خُدا کی مہربانی اَور سختی دونوں پر غور کرو، سختی اُن پرجو گِر گیٔے، مہربانی تُم پر بشرطیکہ تُم خُدا کی مہربانی پر بھروسا رکھو ورنہ تُمہیں بھی کاٹ ڈالا جائے گا۔ اگر یہُودی بھی بےاِعتقادی میں نہ رہیں تو پیوند کیٔے جایٔیں گے، کیونکہ خُدا اُنہیں پھر سے پیوند کرنے پر قادر ہے۔ جَب تُم اُس کے درخت سے جو طبعی طور پر جنگلی زَیتُون ہے، خِلاف طَبع اَچھّے زَیتُون کے درخت میں پیوند کیٔے گئے ہو تُو یہ جو اصل ڈالیاں ہیں اَپنے ہی زَیتُون کے درخت میں بہ آسانی ضروُر پیوند کی جایٔیں گی۔ اَے بھائیو اَور بہنوں! مُجھے منظُور نہیں کہ تُم اِس راز سے ناواقِف رہو اَور اَپنے آپ کو عقلمند سمجھنے لگو۔ وہ راز یہ ہے کہ اِسرائیلؔ کا ایک حِصّہ کسی حَد تک سخت دِل ہو گیا ہے اَور جَب تک خُدا کے پاس آنے والے غَیریہُودیوں کی تعداد پُوری نہیں ہو جاتی وہ وَیسا ہی رہے گا۔ تَب تمام اِسرائیلؔ نَجات پایٔےگا۔ چنانچہ کِتاب مُقدّس میں لِکھّا ہے: ”نَجات دِہندہ صِیّونؔ سے آئے گا؛ اَور وہ بے دینی کو یعقوب سے دُور کرےگا۔ اَور اُن کے ساتھ میرا یہ عہد ہوگا جَب مَیں اُن کے گُناہ دُور کر دُوں گا۔“ انجیل کو قبُول نہ کرنے کی وجہ سے وہ تمہارے نزدیک خُدا کے دُشمن ٹھہرے لیکن برگُزیدہ قوم ہونے کے باعث اَور ہمارے آباؤاَجداد کی وجہ سے وہ خُدا کے عزیز ہیں۔ کیونکہ خُدا کی نِعمتیں اَور اُس کا اِنتخاب غیرمتبدل ہے۔ چنانچہ تُم غَیریہُودی بھی کبھی نافرمان تھے لیکن یہُودیوں کی نافرمانی کے سبب سے اَب تُم پر خُدا کا رحم ہُواہے۔ اِسی طرح اَب یہُودی نافرمانی کرتے ہیں تاکہ تُم پر رحم ہونے کے باعث اُن پر بھی رحم ہو۔ اِس لیٔے کہ خُدا نے سَب کو نافرمانی میں گِرفتار ہونے دیا تاکہ وہ سَب پر رحم فرمایٔے۔ واہ! خُدا کی نِعمت، خُدا کی حِکمت اَور اُس کا علم بےحد گہرا ہے! اُس کے فیصلے سمجھ سے کِس قدر باہر ہیں، اَور اُس کی راہیں بے نِشان ہیں! ”کِس نے خُداوؔند کی عقل کو سمجھا؟ یا کون اُس کا مُشیر ہُوا؟“ ”کون ہے جِس نے خُدا کو کچھ دیا، کہ جِس کا بدلہ اُسے دیا جائے؟“ کیونکہ سَب چیزیں خُدا ہی کی طرف سے ہیں، اَور خُدا کے وسیلہ سے ہیں اَور خُدا ہی کے لیٔے ہیں۔ خُدا کی تمجید ہمیشہ تک ہوتی رہے! آمین۔