YouVersion Logo
تلاش

مُکاشفہ 9

9
1جَب پانچویں فرشتہ نے اَپنا نرسنگا پھُونکا تو میں نے آسمان سے زمین پر گِرا ہُوا ایک ستارہ دیکھا۔ اَور اُس ستارے کو اتھاہ گڑھے کی کُنجی دی گئی۔ 2جَب اُس نے اتھاہ گڑھے کو کھولا تو اُس میں سے ایک بڑی بھٹّی کا سا دھواں اُٹھا۔ اُس دھوئیں کے باعث سُورج اَور ساری فِضا تاریک ہو گئی۔ 3اَور اُس دھوئیں میں سے ٹِڈّیاں نِکل کر زمین پر پھیل گئیں، اَور اُنہیں زمین کے بِچھُّوؤں کی سِی طاقت دی گئی۔ 4اَور اُن سے کہا گیا کہ زمین کی گھاس اَور کسی ہرے پَودے یا درخت کو نُقصان نہ پہنچانا سِوائے اُن لوگوں کے جِن کی پیشانیوں پر خُدا کی مُہر نہیں ہے۔ 5اُنہیں کسی کو مار ڈالنے کا نہیں لیکن صِرف پانچ ماہ تک لوگوں کو اَذیّت دینے کا اِختیّار دیا گیا۔ یہ اَیسی اَذیّت تھی جو اِنسان کو بِچھُّو کے ڈنک مارنے سے ہوتی ہے۔ 6اُن دِنوں میں لوگ موت کی تلاش کریں گے مگر اُسے ہر گز نہ پائیں گے اَور مَرنے کی آرزُو کریں گے مگر موت اُن سے دُور بھاگے گی۔
7وہ ٹِڈّیاں اُن گھوڑوں کی طرح دکھائی دے رہی تھیں جو لڑائی کے لیٔے تیّار کیٔے گیٔے ہوں۔ اُن ٹِڈّیوں کے سروں پر گویا سونے کے تاج تھے اَور اُن کے چہرے اِنسانی چہروں کے مُشابہ تھے۔ 8اَور اُن کے بال عورتوں کے بالوں کی طرح تھے اَور دانت شیرببر کے دانتوں جَیسے تھے۔ 9اُن کے بکتر لوہے کے بکتروں کی مانند تھے اَور اُن کے پروں کی آواز اَیسی تھی جَیسے میدان جنگ میں لاتعداد رتھوں اَور گھوڑوں کے دَوڑنے سے پیدا ہوتی ہے۔ 10اُن کی دُمیں بِچھُّوؤں کی دُموں کی طرح تھیں جِن میں ڈنک تھے اَور اُن دُموں کو اَیسی طاقت دی گئی تھی کہ وہ پانچ ماہ تک لوگوں کو سخت تکلیف دیتی رہیں۔ 11اتھاہ گڑھے کا فرشتہ اُن کا بادشاہ تھا۔ اُس کا نام عِبرانی زبان میں ابدّونؔ اَور یُونانی میں اپُلیّونؔ یعنی غارت گر ہے۔
12پہلا افسوس تو ہو چُکا۔ ابھی دو افسوس اَور باقی ہیں۔
13جَب چھٹے فرشتہ نے اَپنا نرسنگا پھُونکا تو میں نے خُدا کے سامنے والی سُنہری قُربان گاہ کے چار سینگوں میں سے ایک آواز آتی سُنی۔ 14جو اُس چھٹے فرشتہ کو جو نرسنگا لیٔے ہویٔے تھا، یہ کہہ رہی تھی، ”اُن چار فرشتوں کو جو بَڑے دریائے فراتؔ کے پاس بندھے ہویٔے ہیں، کھول دے۔“ 15چنانچہ وہ چاروں فرشتے کھول دئیے گیٔے، جو اُس خاص گھڑی، دِن اَور اُسی مہینے اَور سال کے لیٔے ایک تہائی اِنسانوں کو مار ڈالنے کے لیٔے تیّار رکھے گیٔے تھے۔ 16اَور میرے سُننے کے مُطابق اُن کے گُھڑ سوار فَوجیوں کی تعداد بیس کروڑ کی تھی۔
17وہ گھوڑے اَور وہ سوار جنہیں میں نے اَپنی رُویا میں دیکھا تھا، اَیسے بکتر پہنے ہویٔے تھے جو آگ کی طرح سُرخ، سُنبل کی طرح نیلے اَور گندھک کی طرح زرد تھے اَور اُن گھوڑوں کے سَر شیرببر کے سَر کی مانند تھے۔ اُن کے مُنہ سے آگ، دھواں اَور گندھک نکلتی تھی۔ 18اُن کے مُنہ سے نکلی ہویٔی اِن تین وباؤں یعنی آگ، دھوئیں اَور گندھک کے باعث ایک تہائی اِنسانوں کا حِصّہ ہلاک ہو گیا۔ 19اُن گھوڑوں کی طاقت اُن کے مُنہ اَور دُموں میں تھی؛ یہ دُمیں سانپوں کی مانند تھیں جِن میں سَر لگے ہویٔے تھے جِن سے وہ تباہی مچاتے تھے۔
20اَور باقی آدمیوں نے جو اِن آفتوں سے نہ مَرے تھے، اَپنے ہاتھوں کے کاموں سے تَوبہ نہ کی، اُنہُوں نے اُن شَیاطِین اَور بُتوں کی جو سونے، چاندی، پیتل، پتّھر اَور لکڑی کی بنی ہُوئی تھیں، اُن کی پرستِش کرنے سے باز نہیں آئے جو نہ تو دیکھ سکتی ہیں نہ سُن سکتی ہیں اَور نہ چل پھر سکتی ہیں۔ 21اَورجو قتل، جادُوگری، جنسی بدفعلی اَور چوری اُنہُوں نے کی تھی اُن کاموں سے تَوبہ نہ کی۔

موجودہ انتخاب:

مُکاشفہ 9: UCV

سرخی

شئیر

کاپی

None

کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in