مُکاشفہ 13
13
سمُندر سے نکلنے والا حَیوان
1وہ اَژدہا سمُندر کی ریت پر جا کھڑا ہُوا۔ اَور میں نے ایک حَیوان کو سمُندر میں سے نکلتے دیکھا۔ اُس کے دس سینگ اَور سات سَر تھے اَور دس سینگوں پر دس شاہی تاج تھے، اَور اُس کے سَب سروں پر کُفر بھرے نام لکھے ہویٔے تھے۔ 2اَورجو حَیوان مَیں نے دیکھا اُس کی شکل تیندوے کی مانند تھی، اَور پاؤں ریچھ کے سے اَور مُنہ شیرببر کا سا تھا۔ اَور اُس اَژدہا نے اَپنی قُدرت، اَپنا بڑا اِختیّار اَور اَپنا تخت اُس حَیوان کے سُپرد کر دیا۔ 3اُس حَیوان کے ایک سَر پر کسی مہلک زخم کا نِشان تھا۔ وہ زخم کاری شفایاب ہو گیا اَور تمام اہلِ دُنیا تعجُّب کرتے ہویٔے اُس حَیوان کے پیچھے چلنے لگے۔ 4اُنہُوں نے اَژدہا کی پرستِش کی کیونکہ اُس نے اَپنا اِختیّار حَیوان کو دے دیا تھا، اَور اُنہُوں نے یہ کہتے ہویٔے اُس حَیوان کی بھی پرستِش کی، ”اِس حَیوان کی مانند کون ہے اَور کون ہے جو اُس سے جنگ کر سَکتا ہے؟“
5اُس حَیوان کو بڑا بول بولنے اَور کُفر بکنے کے لیٔے اُسے ایک مُنہ دیا گیا، اَور اُسے بَیالیس ماہ تک حُکومت کرنے کا اِختیّار دیا گیا۔ 6اَور اُس نے خُدا کی نسبت کُفر بکنے کے لیٔے اَپنا مُنہ کھولا کہ اُس کے نام، اَور اُس کے خیمہ یا قِیام گاہ، اَور آسمانی باشندوں کی نسبت اُن کی خُوب بدگوئی کرے۔ 7اُسے خُدا کے مُقدّسین سے جنگ کرنے اَور اُن پر غالب آنے کی قُوّت دی گئی اَور اُسے ہر قبِیلہ، ہر اُمّت، ہر اہلِ زبان اَور ہر قوم پر اِختیّار دیا گیا۔ 8اَور تمام اہلِ زمین کے سَب باشِندے اُس حَیوان کی پرستِش کریں گے، وہ سَب جِن کے نام اُس بنائے عالِم سے ذبح کیٔے ہویٔے برّہ کی کِتابِ حیات میں درج نہیں کیٔے گیٔے تھے۔
9جِس کے کان ہوں وہ سُن لے۔
10”اگر کویٔی اسیری کے لیٔے ہے،
تو وہ اسیری میں جائے گا۔
اگر کویٔی تلوار سے قتل کرے گا،
وہ تلوار ہی سے قتل کیا جائے گا۔“#13:10 یرم 15:2
اِس کا مطلب ہے کہ خُدا کے مُقدّسین کو صبر اَور ایمان پر قائِم رہنا ضروُری ہے۔
زمین سے نکلنے والا حَیوان
11پھر میں نے ایک حَیوان کو زمین میں سے نکلتے دیکھا۔ اُس کے دو سینگ تھے جو برّہ کے سینگوں کی طرح تھے، لیکن وہ اَژدہا کی طرح بولتا تھا۔ 12وہ پہلے حَیوان کا سارا اِختیّار اُس حَیوان کے سامنے کام میں لاتا تھا اَور دُنیا اَور اُس میں رہنے وَالوں سے اُس حَیوان کی پرستِش کراتا تھا، جِس کا زخم کاری شفایاب ہو گیا تھا۔ 13وہ بَڑے بَڑے معجزانہ نشانات دکھاتا تھا، یہاں تک کہ لوگوں کی نظروں کے عَین سامنے آسمان سے زمین پر آگ نازل کر دیتا تھا۔ 14اَور زمین کے باشندوں کو اُن معجزوں اَور نشانات کے سبب سے، جنہیں اُس حَیوان کے سامنے دکھانے کا اُس کو قُوّت دی گئی تھا، اَور اِن کے ذریعہ اُس نے زمین کے سَب باشندوں کو گُمراہ کیا تھا۔ اَور زمین کے سَب باشندوں کو حُکم دیتا تھا کہ جِس حَیوان کو تلوارکا زخم کاری لگا تھا وہ زندہ ہو گیا ہے، اِس لیٔے اُس کی تعظیم میں بُت بناؤ۔ 15اُسے پہلے حَیوان کی بُت میں جان ڈالنے کا اِختیّار دیا گیا تاکہ حَیوان کے بُت بولنے لگے اَورجو اُس بُت کو سَجدہ کرنے سے منع کریں اُنہیں قتل کروا ڈالے۔ 16اُس نے چھوٹے بَڑے، اَمیر غریب، آزاد غُلام سَب لوگوں کے دائیں ہاتھ یا پیشانی پر ایک خاص نِشان لگوانے کے لیٔے مجبُور کیا، 17تاکہ اُن کے سِوا جِن پر اُس حَیوان کا نِشان یعنی اُس کا نام یا اُس کے نام کا عدد نہ ہو، اَور کویٔی دُوسرا خریدو فروخت نہ کر سکے۔
18یہاں پر حِکمت کی ضروُرت ہے۔ جو عقل رکھتا ہے وہ اِس حَیوان کا عدد گِن لے کیونکہ یہ آدمی کا عدد ہے اَور اُس کا عدد چھ سَو چھیاسٹھ ہے۔
موجودہ انتخاب:
مُکاشفہ 13: UCV
سرخی
شئیر
کاپی
کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in
اُردو ہم عصر ترجُمہ™، نیا عہدنامہ
حق اِشاعت © 1999، 2005، 2022 Biblica, Inc.
کی اِجازت سے اِستعمال کیا جاتا ہے۔ تمام دُنیا میں سَب حق محفوظ۔
Urdu Contemporary Version™ New Testament
Copyright © 1999, 2005, 2022 by Biblica, Inc.
Used with permission. All rights reserved worldwide.