زبُور 1:68-18

زبُور 1:68-18 UCV

خُدا اُٹھیں، اُن کے دُشمن پراگندہ ہوں؛ اُن کے مُخالف اُن کے سامنے سے بھاگ جایٔیں۔ جِس طرح ہَوا دھوئیں کو اُڑا لے جاتی ہے، وَیسے ہی آپ اُنہیں اُڑا دیں؛ جَیسے موم آگ کے سامنے پگھل جاتا ہے، وَیسے ہی بدکار لوگ خُدا کے سامنے فنا ہو جایٔیں۔ لیکن صادق شادمان ہوں اَور خُدا کے سامنے خُوشی منائیں؛ وہ خُوب خُوش اَور مسرُور ہُوں۔ خُدا کے لیٔے نغمہ گاؤ، اُن کے نام کی مدح سرائی کرو، اُن کی تعریف کرو جو بادلوں پر سواری کرتے ہیں۔ اُن کا نام یَاہوِہ ہے۔ اَور اُن کے سامنے خُوشی مناؤ۔ خُدا اَپنے مُقدّس قِیام میں، یتیموں کا باپ اَور بیواؤں کا مُحافظ ہیں۔ خُدا تنہا اِنسان کا گھر بساتے ہیں، اَور قَیدیوں کی نغموں سے قیادت کرتے ہیں؛ لیکن باغی خشک زمین میں رہتے ہیں۔ اَے خُدا، جَب آپ اَپنے لوگوں کے آگے آگے چلے، اَور جَب آپ ویرانے میں سے گزرے، تو زمین کانپ اُٹھی، آسمان نے مینہ برسایا، اَور خُدا کے سامنے یعنی کوہِ سِینؔائی کے خُدا، اَور اِسرائیل کے خُدا کے سامنے، اَے خُدا، آپ نے خُوب مینہ برسایا؛ اَور اَپنی تھکی ہوئی مِیراث کو تازگی بخشی۔ آپ کی اُمّت اُس مُلک میں بس گئی، اَور اَے خُدا، آپ نے اَپنے فیض سے، مسکینوں کی ضرورتیں پُوری کیں۔ خُداوؔند نے جو حُکم دیا، خواتین کی ایک بڑی جماعت نے خُوشخبری کو سُنایا: ”بادشاہ کے دشمن اَور اُن کے لشکر فوراً بھاگ جاتے ہیں؛ اَور لشکرگاہوں میں لوگ مالِ غنیمت تقسیم کرتے ہیں۔ جَب تُم بھیڑوں کے باڑوں میں پڑے سو رہے ہوتے ہو، تو میرے کبُوتر کے بازو چاندی سے، اَور اُس کے پر چمکدار سونے سے منڈھے ہوتے ہیں۔“ جَب قادرمُطلق خُدا نے بادشاہوں کو مُلک میں پراگندہ کیا، تو یُوں لگا گویا کوہِ ضلمُونؔ پر برف باری ہُوئی ہے۔ باشانؔ کے پہاڑ، معبُودوں کے نہایت دلکش پہاڑ ہیں؛ اَور باشانؔ کے پہاڑ بہت اُونچے بھی ہیں۔ لیکن اَے اُونچے پہاڑو! تُم اُس پہاڑ پر کیوں حَسد بھری نظر ڈالتے ہو، جسے خُدا نے اَپنی سکونت کے لیٔے اِنتخاب کیا ہے، اَور جہاں یَاہوِہ اَبد تک سکونت پذیر ہوں گے؟ خُدا کے رتھ ہزارہا ہیں بَلکہ ہزاروں ہزار ہیں؛ خُداوؔند پاک کوہِ سِینؔائی سے اَپنے مَقدِس میں آئے۔ جَب وہ آسمان پر چڑھے، تو قَیدیوں کو اَپنے ساتھ لے گیٔے؛ آپ نے اَپنی اُمّت سے، بَلکہ باغی اِنسانوں سے بھی انعامات قبُول فرمایٔے۔ تاکہ اَے یَاہوِہ، خُدا وہاں سکونت کر سکیں۔