YouVersion Logo
تلاش

زبُور 33

33
زبُور 33
1اَے راستبازو، یَاہوِہ کے حُضُور خُوشی سے گاؤ؛
کیونکہ اُن کی سِتائش کرنا راستبازوں کو زیب دیتاہے۔
2سِتار کے ساتھ یَاہوِہ کی سِتائش کرو؛
دس تار والے بربط کے ساتھ اُس کے لیٔے نغمہ سرائی کرو۔
3یَاہوِہ کے لیٔے کویٔی نیا نغمہ گاؤ؛
اَچھّی طرح ساز بجاؤ اَور خُوشی سے للکارو۔
4کیونکہ یَاہوِہ کا یہ کلام حق اَور راست ہے؛
اَور اُس کے سَب کام وفاداری کے ہیں۔
5یَاہوِہ راستبازی اَور اِنصاف کو پسند کرتا ہے؛
زمین اُس کی لافانی مَحَبّت سے معموُر ہے۔
6آسمان یَاہوِہ کے کلام سے،
اَور اجرامِ فلکی اُس کے مُنہ کے دَم سے بنے۔
7وہ سمُندر کا پانی گویا مرتبان میں جمع کرتا ہے؛
اَور گہرے سمُندروں کو اَپنے مخزنوں میں رکھتے ہیں۔
8ساری زمین یَاہوِہ سے ڈرے؛
جہان کے سَب باشِندے اُس کا خوف مانیں۔
9کیونکہ اُنہُوں نے فرمایا اَور زمین وُجُود میں آئی؛
اُنہُوں نے حُکم دیا اَور یہ قائِم ہو گئی۔
10یَاہوِہ قوموں کے منصُوبوں کو خاک میں مِلا دیتاہے؛
اَور اُمّتوں کے اِرادوں کو پُورا نہیں ہونے دیتا۔
11لیکن یَاہوِہ کے منصُوبے اَبد تک،
اَور اُس کے دِل کے اِرادے پُشت در پُشت قائِم رہتے ہیں۔
12مُبارک ہے وہ قوم، جِس کا خُدا یَاہوِہ ہے،
اَور وہ اُمّت، جسے اُنہُوں نے اَپنی مِیراث کے لیٔے چُن لیا۔
13یَاہوِہ آسمان میں سے نیچے نگاہ کرتا ہے،
اَور سَب بنی آدمؔ کو دیکھتا ہے؛
14وہ اَپنی قِیام گاہ سے
زمین کے سَب باشِندوں پر نظر رکھتے ہیں۔
15وُہی ہیں جو سَب کے دِلوں کو بناتے ہیں،
اَور اُن کے سَب کاموں کا خیال رکھتے ہیں۔
16کویٔی بادشاہ اَپنی فَوج کی کثرت ہی کے باعث سلامت نہیں رہتا؛
اَور کسی سُورما کو اُس کی بڑی قُوّت بچا نہ سکے گی۔
17فتح کے لئے گھوڑے پر اُمّید رکھنا فُضول ہے؛
اَپنی بڑی قُوّت کے باوُجُود وہ بچا نہیں سَکتا۔
18دیکھو، یَاہوِہ کی آنکھیں اُس سے ڈرنے والوں پر،
اَور اُن پر لگی رہتی ہیں جِن کی اُمّید اُس کی لافانی مَحَبّت پر ہے،
19تاکہ وہ اُنہیں موت سے چھُڑائے
اَور قحط کے وقت صحیح و سالِم رکھے۔
20ہم یَاہوِہ پر آس لگائے بیٹھے ہیں؛
وہ ہماری مدد اَور ہماری سِپر ہے۔
21اُس میں ہمارے دِل شادمان ہیں،
کیونکہ اُس کے پاک نام پر ہمارا توکّل ہے۔
22اَے یَاہوِہ، آپ کی لافانی مَحَبّت ہم پر ہو،
ہماری آپ ہی پر آس ہے۔

موجودہ انتخاب:

زبُور 33: UCV

سرخی

شئیر

کاپی

None

کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in