امثال 14:4-27

امثال 14:4-27 UCV

بدکاروں کے راستہ پر قدم نہ رکھنا، نہ بدکرداروں کی راہ میں چلنا۔ اُس سے بچنا۔ اُن راہوں پر بھی مت جانا؛ اُس سے مُڑ کر اَپنی راہ الگ لینا۔ کیونکہ بدکار بُرائی کئے بغیر سو نہیں سکتے؛ اَور جَب تک وہ کسی کو گرا نہ دیں، اُنہیں نیند نہیں آتی۔ وہ بدی کی روٹی کھاتے ہیں اَور ظُلم کا انگوری شِیرہ پیتے ہیں۔ راستبازوں کی راہ صُبح کی پہلی کِرن کی مانند ہوتی ہے، جِس کی رَوشنی دوپہر تک بڑھتی ہی جاتی ہے۔ لیکن بدکاروں کی راہ گہری تاریکی کی مانند ہوتی ہے؛ وہ نہیں جانتے کہ وہ کِن چیزوں سے ٹھوکر کھا جایٔیں گے۔ اَے میرے بیٹے! میں جو کچھ کہتا ہُوں اُس پر توجّہ کرو؛ میرے کلام پر کان لگاؤ۔ اُسے اَپنی آنکھوں سے اوجھل نہ ہونے دینا، بَلکہ اُنہیں اَپنے دِل میں رکھنا؛ کیونکہ جو اُسے پا لیتے ہیں، اُن کے لیٔے وہ زندگی ہے اَور اِنسان کے سارے جِسم کے لیٔے صحت۔ سَب سے بڑھ کر اَپنے دِل کی حِفاظت کرنا، کیونکہ وہ زندگی کا سرچشمہ ہے۔ اَپنے مُنہ کو کَج گوئی سے دُور رکھنا؛ اَور بدگوئی کو اَپنے لبوں کے پاس تک نہ آنے دینا۔ تمہاری آنکھیں سامنے ہی دیکھیں، اَور تمہاری نگاہ آگے کی طرف جمی رہے۔ اَپنے پاؤں کے لیٔے ہموار راہیں تیّار کرو اَور اُن ہی پُختہ راہوں پر قدم بڑھاؤ۔ نہ داہنے مُڑو نہ بائیں؛ بَلکہ اَپنے پاؤں کو بدی سے ہٹائے رکھو۔