لموایلؔ بادشاہ کے اقوال۔ جو اُن کی ماں نے اُنہیں سِکھائے: اَے میرے بیٹے! اَے میرے بطن سے پیدا ہونے والے! جسے مَیں نے اَپنی مَنّتوں کے جَواب میں پایا! اَپنی قُوّت عورتوں پر ضائع نہ کرنا، نہ اَپنی زبردستی اُن پرجو بادشاہوں کو برباد کرتی ہیں۔ بادشاہوں کو، اَے لموایلؔ۔ بادشاہوں کو مےخواری زیب نہیں دیتی، نہ حاکموں کو شراب نوشی، اَیسا نہ ہو کہ وہ پی کر شَریعت کے اَحکام کو بھُول جایٔیں، اَور سارے مظلوموں کو اُن کے حُقُوق سے محروم کر دیں۔ شراب اُنہیں دو جو دَم توڑ رہے ہیں، اَور مَے اُنہیں جو سخت تکلیف میں ہیں! تاکہ وہ پی کر اَپنی تنگ دستی کو فراموش کر سکیں اَور اَپنی تباہ حالی کو پھر یاد نہ کریں۔ بے زبانوں کے لیٔے اَپنا مُنہ کھولو، تاکہ بےکسوں کے حُقُوق کا تحفُّظ ہو سکے۔ اَپنا مُنہ کھولو اَور راستی سے اِنصاف کرو؛ اَور مفلسوں اَور مُحتاجوں کے حُقُوق کی حِفاظت کرو۔ نیک چلن بیوی کون پا سَکتا ہے؟ کیونکہ وہ لعلوں سے بھی زِیادہ قیمتی ہے۔ اُس کے خَاوند کو اُس پر پُورا اِعتماد ہوتاہے اَور کویٔی کمی محسُوس نہیں ہوتی۔ وہ اَپنی زندگی کے تمام ایّام میں، اُس سے بھلائی ہی کرتی ہے، اُسے ضرر نہیں پہُنچاتی۔ وہ اُون اَور کتان جمع کرتی ہے اَور نہایت شوق سے اَپنے ہاتھوں سے کام کرتی ہے۔ وہ سوداگروں کے جہازوں کی مانند، اَپنی خُوراک دُور سے لے آتی ہے۔ ابھی اَندھیرا ہی ہوتاہے کہ وہ اُٹھ جاتی ہے؛ اَور اَپنے خاندان کو کھانا کھِلاتی ہے اَور اَپنی خادِماؤں کو اُن کے حِصّہ کا کام بانٹتی ہے۔ وہ کسی کھیت کے بارے میں سوچتی ہے تو اُسے خرید لیتی ہے؛ اَور اَپنی آمدنی سے تاکستان لگاتی ہے۔ وہ کمر باندھ کر اَپنے کام کاج میں لگ جاتی ہے؛ اُس کے بازو اُس کے کاموں کے لیٔے مضبُوط ہوتے ہیں۔ وہ خیال رکھتی ہے کہ اُس کی تِجارت سُود مند ہو، اُس کا چراغ رات کو نہیں بُجھتا۔ وہ تکلے پر اَپنے ہاتھ سے سُوت تیّار کرتی ہے اَور کپڑا بھی خُود ہی بُنتی ہے۔ وہ مسکینوں کے لیٔے ہتھیلی کھولتی ہے اَور مُحتاجوں کے لیٔے اَپنے ہاتھ بڑھاتی ہے۔ جَب برف باری ہوتی ہے تَب اُسے اَپنے گھر بار کے لیٔے خوف نہیں ہوتا؛ کیونکہ وہ سَب بالوں کے سُرخ لباس پہنے ہُوئے ہوتے ہیں۔ وہ اَپنے بِستر کے لیٔے پلنگ پوش بنا لیتی ہے؛ اُس کا لباس نفیس کتان اَور اَرغوانی رنگ کا ہوتاہے۔ شہر کے پھاٹک پر اُس کے خَاوند کا اِحترام کیا جاتا ہے، جہاں وہ مُلک کے بُزرگوں کے ساتھ بیٹھتا ہے۔ وہ مہین کتانی کپڑے بنا کر اُنہیں فروخت کرتی ہے، اَور سوداگروں کو کمر کے پٹکے مہیا کرتی ہے۔ وہ قُوّت اَور حُرمت سے مُلبّس رہتی ہے؛ اَور آنے والے دِنوں پر ہنستی ہے۔ وہ اَپنا مُنہ حِکمت سے کھولتی ہے، اَور شفقت کی تعلیم اُس کی زبان پر ہوتی ہے۔ وہ اَپنے گھر کے حالات پر نظر رکھتی ہے اَور کاہلی کی روٹی نہیں کھاتی۔ اُس کے بچّے اُٹھ کر اُسے مُبارک کہتے ہیں؛ اَور اُس کا خَاوند بھی، اَور وہ اُس کی یُوں تعریف کرتا ہے: ”کیٔی عورتیں بھلے کام کرتی ہیں، لیکن تُمہیں سَب پر سبقت حاصل ہے۔“ حُسن دھوکا ہے اَور جمال ناپائیدار ہے؛ لیکن یَاہوِہ کا خوف رکھنے والی عورت قابل تعریف ہے۔ اُس کی محنت کا اجر اُسے دو، اَور اُس کے کاموں کی شہر کے پھاٹکوں پر سِتائش کی جائے۔
پڑھیں امثال 31
شئیر
مختلف ترجموں سے موازنہ: امثال 1:31-31
آیات کو محفوظ کریں، Internet کے بغیر پڑھیں، تدریسی video دیکھیں، اور بہت کچھ!
صفحہ اول
بائبل
مطالعاتی منصوبہ
Videos