گِنتی 25
25
مُوآب اِسرائیل کو ورغلاتا ہے
1اِسرائیلی شِطِّیمؔ میں رہتے تھے اَور لوگوں نے اُن مُوآبی عورتوں کے ساتھ حرام کاری شروع کر دی، 2جو اُنہیں اَپنے معبُودوں کی قُربانیوں میں آنے کی دعوت دیتی تھیں۔ یہ لوگ وہاں جا کر کھاتے اَور اُن معبُودوں کو سَجدہ کرتے تھے۔ 3اِس طرح بنی اِسرائیل نے پعورؔ کے بَعل کی عبادت میں شرکت کی اَور یَاہوِہ کا قہر اُن پر بھڑکا۔
4یَاہوِہ نے مَوشہ سے کہا: ”اِن لوگوں کے سَب سربراہوں اَور سرغنوں کو لے کر قتل کر اَور اُنہیں یَاہوِہ کے حُضُور دِن کی رَوشنی میں ٹانگ دینا تاکہ یَاہوِہ کا قہرِ شدید بنی اِسرائیل پر سے ٹل جائے۔“
5چنانچہ مَوشہ نے اِسرائیل کے حاکموں سے کہا، ”تمہارے جِن جِن آدمیوں نے پعورؔ کے بَعل کی عبادت میں شرکت کی وہ سَب قتل کئے جایٔیں۔“
6اَور جَب بنی اِسرائیل کی ساری جماعت خیمہ اِجتماع کے دروازہ پر رو رہی تھی تَب ایک اِسرائیلی مَوشہ اَور سَب لوگوں کی آنکھوں کے سامنے ایک مِدیانی عورت کو اَپنے خاندان میں لے آیا۔ 7تَب الیعزرؔ کے بیٹے فِنحاسؔ نے جو اَہرونؔ کاہِنؔ کا پوتا تھا یہ دیکھا تو اُس نے جماعت میں سے اُٹھ کر ہاتھ میں ایک نیزہ لیا۔ 8اَور اُس اِسرائیلی کے پیچھے پیچھے خیمہ میں داخل ہُوا اَور اُس نے اُس اِسرائیلی مَرد اَور اُس عورت دونوں کے پیٹ میں نیزہ بھونک دیا۔ تَب بنی اِسرائیل پر آئی ہُوئی وَبا جاتی رہی 9اَور جتنے لوگ وَبا سے مَرے تھے اُن کی تعداد چوبیس ہزار تھی۔
10یَاہوِہ نے مَوشہ سے کہا، 11”الیعزرؔ کے بیٹے فِنحاسؔ نے جو اَہرونؔ کاہِنؔ کا پوتا ہے میرے قہر کو بنی اِسرائیل پر سے ہٹا دیا کیونکہ اُس نے اُن کے درمیان میرے لیٔے اَپنی غیرت کا اَیسا مظاہرہ کیا کہ مَیں نے اَپنی غیرت کے جوش میں اُنہیں نابود نہیں کیا 12اِس لیٔے اُس سے کہہ کہ میں اُس کے ساتھ اَپنا عہدِ اَمن باندھ رہا ہُوں۔ 13وہ اُس کے اَور اُس کی اَولاد کے لیٔے دائمی کہانت کا عہد ہوگا کیونکہ وہ اَپنے خُدا کے واسطے غیرت مند ہُوا اَور اُس نے بنی اِسرائیل کے لیٔے کفّارہ دیا۔“
14اُس اِسرائیلی مَرد کا نام جو اُس مِدیانی عورت کے ساتھ مارا گیا وہ زِمریؔ تھا جو شمعُونؔ کے خاندان کا سردار سالوؔ کا بیٹا تھا۔ 15اَور اُس مِدیانی عورت کا نام جو ماری گئی تھی کوزبیؔ تھا۔ وہ ضُورؔ کی بیٹی تھی جو ایک مِدیانی خاندان کا قبائلی سردار تھا۔
16یَاہوِہ نے مَوشہ سے کہا، 17”مِدیانیوں کو حریف جان کر مار ڈالو۔ 18کیونکہ اُنہُوں نے بھی جَب تُمہیں دھوکا دیا تو حریف ہی جانا جَیسا پعورؔ کے مُعاملہ میں اَور اُن کی بہن کوزبیؔ کے مُعاملہ میں ہُوا جو مِدیانی سردار کی بیٹی تھی اَور اُس وَبا میں جو پعورؔ کے سبب پھیلی تھی ماری گئی تھی۔“
موجودہ انتخاب:
گِنتی 25: UCV
سرخی
شئیر
کاپی
کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in
اُردو ہم عصر ترجُمہ™، کِتاب مُقدّس
حق اِشاعت © 1999، 2005، 2022، 2024 Biblica, Inc.
کی اِجازت سے اِستعمال کیا جاتا ہے۔
دُنیا بھر میں تمام حق محفوظ۔
Holy Bible, Urdu Contemporary Version™
Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 by Biblica, Inc.
Used with permission.
All rights reserved worldwide.