YouVersion Logo
تلاش

گِنتی 23

23
بِلعاؔم کی پہلی نبُوّت
1بِلعاؔم نے بلقؔ سے کہا، ”میرے لیٔے یہاں سات مذبحے تعمیر کرو اَور میرے لیٔے سات بَیل اَور سات مینڈھے بھی تیّار رکھو۔“ 2بلقؔ نے بِلعاؔم کے کہنے کے مُطابق کیا اَور اُن دونوں نے ہر مذبح پر ایک ایک بَیل اَور ایک ایک مینڈھا قُربان کیا۔
3تَب بِلعاؔم نے بلقؔ سے کہا، ”تُم اَپنی سوختنی نذر کے پاس کھڑے رہو جَب تک میں جاتا ہُوں۔ شاید یَاہوِہ مُجھ سے مُلاقات کرنے آئیں۔ وہ جو کچھ مُجھ پر ظاہر کریں گے میں تُمہیں بتاؤں گا۔“ پھر وہ ایک برہنہ ٹیلے پر جا چڑھا۔
4وہاں خُدا بِلعاؔم سے مِلے اَور بِلعاؔم نے کہا، ”مَیں نے سات مذبحے بنائے ہیں اَور ہر مذبح پر ایک ایک بَیل اَور ایک ایک مینڈھا چڑھایا ہے۔“
5تَب یَاہوِہ نے بِلعاؔم کے مُنہ میں اَپنا کلام ڈالا اَور کہا، ”بلقؔ کے پاس لَوٹ جا اَور اُسے میرا پیغام پہُنچا۔“
6چنانچہ وہ اُس کے پاس لَوٹ کر آیا اَور اُسے مُوآب کے سَب حاکم سمیت اَپنی سوختنی نذر کے پاس کھڑا پایا۔ 7تَب بِلعاؔم نے اَپنا پیغام بَیان کیا:
”بلقؔ نے مُجھے ارام سے،
یعنی شاہِ مُوآب نے، مُجھے مشرقی پہاڑوں سے بُلوایا۔
اَور فرمایا، ’آ جاؤ اَور میری طرف سے یعقوب پر لعنت بھیجو؛
آ جاؤ اَور اِسرائیل کو دھمکاؤ۔‘
8میں اُن پر لعنت کیسے کروں،
جِن پر خُدا نے لعنت نہیں کی؟
میں اُنہیں کیسے دھمکی دُوں،
جنہیں یَاہوِہ نے دھمکی نہیں دی؟
9چٹّانوں کی چوٹیوں پر سے وہ مُجھے نظر آتے ہیں،
اَور پہاڑوں کی اُونچائی سے اُنہیں دیکھتا ہُوں۔
میں اَیسی قوم کو دیکھ رہا ہُوں جو الگ رہتی ہے
اَور دُوسری قوموں میں اَپنا شُمار نہیں کرتی۔
10یعقوب کی خاک کے ذرّوں کو کون گِن سَکتا ہے
یا اِسرائیل کے چوتھے حِصّہ کو کون شُمار کر سَکتا ہے؟
کاش میں راستبازوں کی موت مروں
اَور میرا اَنجام بھی اُن ہی کی مانند ہو!“
11بلقؔ نے بِلعاؔم سے کہا، ”تُونے میرے ساتھ یہ کیا کیا؟ مَیں نے تُجھے اَپنے دُشمنوں پر لعنت کرنے کے لیٔے بُلایا لیکن تُونے اُنہیں برکت دینے کے سِوا کچھ نہ کیا!“
12اُس نے جَواب دیا، ”کیا میں وہ بات نہ کہُوں جو یَاہوِہ نے میرے مُنہ میں ڈالی ہے؟“
بِلعاؔم کی دُوسری نبُوّت
13تَب بلقؔ نے بِلعاؔم سے کہا، ”اَب میرے ساتھ دُوسری جگہ چلو جہاں سے تُم اُن کو دیکھ سکوگے۔ تُم اُن سَب کو تو نہیں لیکن اُن چھاؤنی کے بیرونی حِصّہ کو دیکھ پاؤگے اَور وہاں سے تُم اُن پر میری خاطِر لعنت کرنا۔“ 14چنانچہ وہ اُسے پِسگہؔ کی چوٹی پر ضوفیمؔ کے میدان میں لے گیا اَور وہاں اُس نے سات مذبحے بنائے اَور ہر مذبح پر ایک ایک بَیل اَور ایک ایک مینڈھا چڑھایا۔
15بِلعاؔم نے بلقؔ سے کہا، ”تُم یہاں اَپنی سوختنی نذر کے پاس ٹھہرے رہو جَب تک کہ میں وہاں یَاہوِہ سے مِل لُوں۔“
16اَور یَاہوِہ بِلعاؔم سے ملے اَور اُنہُوں نے اُس کے مُنہ میں اَپنا کلام ڈالا اَور کہا، ”بلقؔ کے پاس لَوٹ جا اَور اُسے یہ پیغام پہُنچا۔“
17چنانچہ وہ اُس کے پاس لَوٹ آیا اَور اُسے مُوآب کے حاکم سمیت اَپنی سوختنی نذر کے پاس کھڑا پایا۔ بلقؔ نے اُس سے پُوچھا، ”یَاہوِہ نے کیا کہا ہے؟“
18تَب اُس نے اَپنا پیغام بَیان کیا:
”اُٹھ اَے بلقؔ اَور سُن؛
اَے اِبن صِفُورؔ! میری بات پر کان لگا۔
19خُدا اِنسان نہیں کہ جھُوٹ بولیں،
اَور نہ وہ آدمؔ زاد ہے کہ اَپنا اِرادہ بدلے۔
کیا جو کچھ وہ کہتے ہیں اُس پر عَمل نہیں کرتے؟
اَورجو وعدہ کرتے ہیں اُسے پُورا نہیں کرتے؟
20مُجھے تو برکت دینے کا حُکم مِلا ہے؛
وہ برکت دے چُکے ہیں اَور مَیں اُسے ردّ نہیں کر سَکتا۔
21”یعقوب میں کویٔی بدبختی نہیں پائی جاتی،
اَور نہ اِسرائیل کی تباہی اُن کی نظر میں ہے۔
یَاہوِہ اُن کا خُدا اُن کے ساتھ ہے؛
اَور بادشاہ کی للکار اُن کے درمیان ہے۔
22خُدا اُنہیں مِصر سے نکال کر لائے ہیں؛
اَور اُن میں جنگلی سانڈ کی سِی طاقت ہے۔
23یعقوب کے خِلاف کویٔی سحر نہیں چلتا،
اَور نہ اِسرائیل کے خِلاف فالگیری ہو سکتی ہے۔
بَلکہ یعقوب اَور اِسرائیل کے حق میں اَب یہ کہا جائے گا،
’دیکھو خُدا نے کیسے عجِیب کام کئے ہیں۔‘
24یہ لوگ شیرنی کی مانند اُٹھتے ہیں،
اَور اَپنے آپ کو اُس شیر کی مانند تن کر کھڑا رکھتے ہیں
جو اُس وقت تک نہیں سُستاتا جَب تک کہ اَپنا شِکار نہ کھالے
اَور اَپنے مقتولوں کا خُون نہ پی لے۔“
25تَب بلقؔ نے بِلعاؔم سے کہا، ”تُم اُن پر نہ تو لعنت کرنا، نہ ہی اُنہیں برکت دینا!“
26بِلعاؔم نے بلقؔ کو جَواب دیا، ”کیا مَیں نے تُمہیں نہیں بتایا کہ میں وُہی کروں گا جو یَاہوِہ فرمائیں گے؟“
بِلعاؔم کی تیسری نبُوّت
27تَب بلقؔ نے بِلعاؔم سے کہا، ”اَچھّا مَیں تُجھے ایک اَور جگہ لے چلتا ہُوں۔ شاید خُدا کو پسند آئے کہ تُو میری خاطِر وہاں سے اُن پر لعنت کرے۔“ 28اَور بلقؔ بِلعاؔم کو پعورؔ کی چوٹی پر لے گیا جہاں سے بنجر علاقہ نظر آتا ہے۔
29بِلعاؔم نے بلقؔ سے کہا، ”میرے لیٔے یہاں سات مذبحے بنا اَور سات بَیل اَور سات مینڈھے تیّار کر۔“ 30بلقؔ نے بِلعاؔم کے کہنے کے مُطابق کیا اَور ہر مذبح پر ایک بَیل اَور ایک مینڈھا چڑھایا۔

موجودہ انتخاب:

گِنتی 23: UCV

سرخی

شئیر

کاپی

None

کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in