YouVersion Logo
تلاش

گِنتی 18

18
کاہِنوں اَور لیویوں کی ذمّہ داریاں
1یَاہوِہ نے اَہرونؔ سے کہا، ”پاک مَقدِس کے خِلاف سرزد ہونے والے گُناہوں کا بار تُم پر، تمہارے بیٹوں اَور تمہارے آبائی خاندان پر ہوگا۔ اَور کہانت کے خِلاف سرزد ہونے والے گُناہوں کا بار صِرف تُم پر اَور تمہارے بیٹوں پر ہوگا۔ 2جَب تُم اَور تمہارے بیٹے عہد کے خیمہ کے آگے خدمت کریں تو اَپنے آبائی قبیلہ سے اَپنے لیوی بھائیوں کو بھی اَپنے ساتھ لے آیا کریں تاکہ وہ تمہارے ساتھ مِل کر تمہاری مدد کریں۔ 3وہ تُمہیں جَوابدہ ہوں گے اَور وہ خیمہ کی ساری خدمت اَنجام دیں لیکن وہ پاک مَقدِس کے سازوسامان یا مذبح کے نزدیک نہ جایٔیں۔ کہیں اَیسا نہ ہو کہ وہ اَور تُم دونوں مارے جاؤ۔ 4وہ تمہارے ساتھ مِل کر خیمہ اِجتماع کی حِفاظت کے ذمّہ دار ہوں گے جِس میں خیمہ کے سَب کام شامل ہیں۔ اَور جہاں تُم ہو وہاں کویٔی دُوسرا نہ آنے پایٔے۔
5”پاک مَقدِس اَور مذبح کی حِفاظت تُم ہی کرنا تاکہ آئندہ بنی اِسرائیل پر قہر نازل نہ ہو۔ 6مَیں نے خُود تمہارے لیوی بھائیوں کو بنی اِسرائیل کے درمیان سے تمہاری مدد کے لیٔے مُنتخب کیا ہے اَور اُنہیں یَاہوِہ کے لیٔے وقف کیا ہے تاکہ وہ خیمہ اِجتماع میں خدمت بجا لائیں۔ 7لیکن مذبح سے تعلّق رکھنے والی ہر چیز کی اَور پردہ کے اَندر کی کہانت کی خدمات صِرف تُم اَور تمہارے بیٹے ہی اَنجام دیں۔ کہانت کی خدمت کا شرف میں تُمہیں بخشتا ہُوں۔ اگر کویٔی اَور پاک مَقدِس کے قریب آ جائے تو وہ جان سے مار ڈالا جائے۔“
کاہِنوں اَور لیویوں کے لیٔے ہدیئے
8تَب یَاہوِہ نے اَہرونؔ سے کہا، ”مَیں نے خُود تُمہیں اُن نذرانوں کی ذمّہ داری دی ہے جو مُجھے پیش کئے جاتے ہیں۔ جتنے پاک نذرانے بنی اِسرائیل میرے حُضُور پیش کرتے ہیں وہ سَب میں تُمہیں اَور تمہارے بیٹوں کو تمہارے حق میں دائمی حِصّہ کے طور پر دے رہا ہُوں۔ 9نہایت پاک نذرانوں میں سے جو حِصّہ آگ سے بچایا جائے وہ تمہارا ہوگا۔ وہ نذرانے جنہیں وہ نہایت پاک قُربانیوں کے طور پر مُجھے پیش کرتے ہیں خواہ وہ اناج کی نذر، گُناہ کی قُربانی یا خطا کی قُربانیاں ہُوں سَب تُم اَور تمہارے بیٹوں کے لیٔے ہیں۔ 10تُم اُن کو نہایت مُقدّس جان کر کھانا۔ صِرف مَرد اُنہیں کھایٔیں۔ اَور تُم اُنہیں پاک ماَننا۔
11”اَور یہ بھی تمہارا ہوگا: جِتنا نذرانہ بنی اِسرائیل ہلانے کی نذروں کی قُربانی کے لیٔے دیں اُسے میں تُمہیں اَور تمہارے بیٹوں اَور بیٹیوں کو اُن کا حق دائمی حِصّہ کے طور پر دیتا ہُوں اُن کا اَبدی حق مُقرّر کر دے رہا ہُوں۔ تمہارے خاندان کا ہر شخص جو رسماً پاک ہو اُنہیں کھا سَکتا ہے۔
12”بہترین زَیتُون کا تیل، بہترین نئے انگوری شِیرے اَور اناج جسے وہ اَپنی پہلی فصل کے پہلے پھل کے طور پر یَاہوِہ کو پیش کرتے ہیں وہ سَب میں تُمہیں دیتا ہُوں۔ 13اَپنے مُلک کا سارا پہلا پھل جسے وہ یَاہوِہ کے لیٔے لائیں تمہارا ہوگا۔ تمہارے خاندان کا ہر شخص جو رسماً پاک ہو اُنہیں کھا سَکتا ہے۔
14”بنی اِسرائیل کی جو یَاہوِہ کے لیٔے مخصُوص کی ہُوئی ہر شَے تمہاری ہوگی۔ 15ہر رِحم کا پہلا بچّہ خواہ وہ اِنسان ہو یا حَیوان جو یَاہوِہ کو نذر کیا گیا ہو تمہارا ہے۔ لیکن تُم اِنسان کے پہلوٹھے اَور ناپاک جانوروں کے پہلوٹھے نر بچّوں کو فدیہ لے کر چھوڑ دینا۔ 16جَب وہ ایک مہینے کے ہُوں تَب تُم اُنہیں اُن کی فدیہ کی مُقرّرہ قیمت لے کر چھوڑا دینا جو پاک مَقدِس کے بیس گِیرہ کی ثاقل کے حِساب سے چاندی کی پانچ ثاقل#18‏:16 پانچ ثاقل تقریباً اٹھّاون گرام ہوگی۔
17”لیکن گائے، بھیڑ اَور بکری کے پہلوٹھوں کا فدیہ نہ لینا۔ وہ مُقدّس ہیں۔ تُو اُن کا خُون مذبح پر چھڑکنا اَور اُن کی چربی آتِشی قُربانی کے طور پر جَلا دینا تاکہ وہ یہ یَاہوِہ کے حُضُور غِذا کی فرحت بخش خُوشبو ٹھہرے۔ 18جِس طرح ہلانے کی نذر کی قُربانی کا سینہ اَور داہنی ران تمہارے ہیں اُسی طرح اُن کا گوشت بھی تمہارا ہوگا۔ 19بنی اِسرائیل کی یَاہوِہ کو پیش کی ہُوئی مُقدّس قُربانیوں کی نذروں میں سے جو کچھ الگ رکھا جائے اُسے میں تُمہیں اَور تمہارے بیٹوں اَور بیٹیوں کو تمہارے مُقرّرہ حِصّہ کے طور پر دے دیتا ہُوں۔ یہ یَاہوِہ کے حُضُور تمہارے اَور تمہاری نَسل کے لیٔے نمک کا دائمی عہد ہے۔“
20یَاہوِہ نے اَہرونؔ سے کہا، ”اُن کے مُلک میں تمہاری کویٔی مِیراث نہ ہوگی اَور نہ اُن کے درمیان تمہارا کویٔی حِصّہ ہوگا۔ میں ہی بنی اِسرائیل میں تمہارا حِصّہ اَور تمہاری مِیراث ہُوں۔
21”اَور مَیں نے لیویوں کو اُس خدمت کے عِوض جو وہ خیمہ اِجتماع میں اَنجام دیتے ہیں اِسرائیل کی ساری دہ یکی مِیراث کے طور پر دی ہے۔ 22آئندہ بنی اِسرائیل خیمہ اِجتماع کے نزدیک ہرگز نہ آئیں۔ کہیں اَیسا نہ ہو کہ گُناہ اُن کے سَر لگے اَور وہ مَر جایٔیں۔ 23بَلکہ لیوی ہی خیمہ اِجتماع کی خدمت کریں اَور وُہی اُن کا بارِ گُناہ اُٹھایا کریں۔ یہ آئندہ پُشتوں کے لیٔے دائمی فرمان ہے۔ اَور بنی اِسرائیل کے درمیان اُنہیں کویٔی مِیراث نہ ملے۔ 24اِس کے عِوض مَیں نے اُس دہ یکی کو جو اِسرائیلی نذر کے طور پر یَاہوِہ کے حُضُور پیش کرتے ہیں لیویوں کی مِیراث قرار دیا ہے۔ اِس لیٔے مَیں نے اُن کے حق میں کہا ہے: ’بنی اِسرائیل کے درمیان اُنہیں کویٔی مِیراث نہ ملے۔‘ “
25یَاہوِہ نے مَوشہ سے کہا، 26”لیویوں سے مُخاطِب ہو اَور اُن سے کہہ: ’جَب تُم بنی اِسرائیل سے وہ دہ یکی لو جسے میں تُمہیں مِیراث میں دیتا ہُوں تَب تُم اُس دہ یکی کا دسواں حِصّہ یَاہوِہ کے حُضُور میں اُٹھانے کی قُربانی کے نذرانے کے طور پر گذراننا۔ 27تمہارا یہ نذرانہ تمہارے حق میں کھلیان کے اناج یا مے کے حوض کی طرح سمجھا جائے گا۔ 28اِس طریقہ سے تُم بھی اَپنی سَب دہ یکیوں میں سے جو تُم بنی اِسرائیل کی طرف سے پاؤگے یَاہوِہ کے حُضُور نذرانہ پیش کرنا۔ اُن دہ یکیوں میں سے یَاہوِہ کا حِصّہ اَہرونؔ کاہِنؔ کو دینا۔ 29ہر نذرانہ جو تُمہیں دیا جائے اُس کا بہترین اَور مُقدّس حِصّہ یَاہوِہ کے لیٔے مخصُوص کرکے الگ طور پر پیش کیا جائے۔‘
30”لیویوں سے کہہ: ’جَب تُم بہترین حِصّہ کی قُربانی کے طور پر پیش کروگے تو وہ تمہارے حق میں کھلیان کی پیداوار یا مے کے حوض کے طور پر گِنا جائے گا۔ 31اَور بقیّہ حِصّہ کو تُم اَور تمہارے خاندان کے لوگ کہیں بھی کھا سکتے ہیں کیونکہ وہ خیمہ اِجتماع میں تمہاری خدمت کا مُعاوضہ ہے۔ 32اَور تُم اُس میں کا بہترین حِصّہ کی قُربانی کے طور پر دینے سے اِس مُعاملہ میں مُجرم نہ ٹھہروگے۔ تُم بنی اِسرائیل کے مُقدّس نذرانوں کو ہرگز ناپاک نہ کرنا ورنہ مارے جاؤگے۔‘ “

موجودہ انتخاب:

گِنتی 18: UCV

سرخی

شئیر

کاپی

None

کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in