گِنتی 15
15
مزید قُربانیاں
1یَاہوِہ نے مَوشہ سے فرمایا، 2”بنی اِسرائیل سے مُخاطِب ہو اَور اُن سے فرما، ’جَب تُم اُس مُلک میں داخل ہو جاؤ جو میں تُمہیں رہنے کے لیٔے دے رہا ہُوں 3اَور تُم یَاہوِہ کے لیٔے گائے بَیل یا بھیڑ بکریوں کی آتِشی قُربانیاں اَور اناج کی نذریں پیش کرو جو یَاہوِہ کے لیٔے فرحت بخش خُوشبو ہُوں۔ خواہ وہ سوختنی نذریں یا کسی خاص مَنّت کے ذبیحے، رضا کی قُربانیاں یا عیدوں کی قُربانیاں ہُوں۔ 4تو جو شخص اَپنا نذرانہ لایٔے وہ یَاہوِہ کے حُضُور چوتھائی ہین#15:4 چوتھائی ہین تقریباً ایک لیٹر تیل مِلا ہُوا ایفہ کا دسواں حِصّہ#15:4 ایفہ کا دسواں حِصّہ تقریباً ایک کِلو چھ سَو گرام مَیدہ اناج کی قُربانی کے طور پر گذرانے۔ 5اَور سوختنی نذر کے ہر برّہ یا ذبیحہ کے پیچھے چوتھائی ہین مَے تپاون کے طور پر تیّار کرے۔
6” ’ہر مینڈھے کے ساتھ تہائی ہین#15:6 تہائی ہین تقریباً 1.3 لیٹر تیل مِلا ہُوا ایفہ کا پانچواں حِصّہ#15:6 ایفہ کا پانچواں حِصّہ تقریباً تین کِلو دو سو گرام مَیدہ اناج کی قُربانی کے طور پر، 7اَور تہائی ہین مَے تپاون کے طور پر تیّار کرنا۔ اِسے یَاہوِہ کے حُضُور فرحت بخش خُوشبو کے طور پر پیش کرنا۔
8” ’جَب تُو یَاہوِہ کے حُضُور سوختنی نذر یا خاص مَنّت کے ذبیحے یا سلامتی کی نذر کے ذبیحہ کے طور پر بچھڑا تیّار کرے 9تو اُس بچھڑے کے ساتھ نِصف ہین تیل#15:9 نِصف ہین تیل تقریباً 1.9 لیٹر مِلا ہُوا ایفہ کے تین دہائی#15:9 ایفہ کے تین دہائی تقریباً پانچ کِلوگرام حِصّہ کے برابر مَیدہ اناج کی قُربانی کے طور پر، 10اَور نِصف ہین مَے تپاون کے طور پر بھی لانا۔ یہ یَاہوِہ کے حُضُور غِذا کی فرحت بخش خُوشبو والی آتِشی قُربانی ہوگی۔ 11ہر بَیل یا مینڈھا اَور ہر برّہ یا بکرا اِسی طرح تیّار کیا جائے۔ 12تُم جتنے بھی جانور تیّار کرو ہر ایک کے ساتھ اَیسا ہی کرنا۔
13” ’ہر ایک اِسرائیلی باشِندہ جَب یَاہوِہ کے حُضُور فرحت بخش خُوشبو کے طور پر آتِشی قُربانی پیش کر دے تو وہ یہ سَب کام اِسی طریقہ سے کیا کرے۔ 14آنے والی پُشتوں میں جَب کبھی کویٔی پردیسی یا کسی اَور شخص جو تمہارے ساتھ بُودوباش کرتا ہو یَاہوِہ کے حُضُور فرحت بخش خُوشبو کے طور پر غِذا کی آتِشی قُربانی پیش کرے تو وہ بھی ہُوبہو وَیسا ہی کرے جَیسا تُم کرتے ہو۔ 15جماعت میں تمہارے لیٔے اَور تمہارے ساتھ رہنے والے پردیسی کے لیٔے ایک سے فرمان ہُوں اَور پُشت در پُشت یہ دائمی فرمان ہمیشہ کے لیٔے رہے گا۔ یَاہوِہ کے آگے تُم اَور پردیسی برابر ہیں۔ 16تمہارے لیٔے اَور تمہارے درمیان رہنے والے پردیسیوں کے لیٔے ایک ہی آئین اَور طریقے ہوں گے۔‘ “
17یَاہوِہ نے مَوشہ سے فرمایا، 18”بنی اِسرائیل سے مُخاطِب ہو اَور اُن سے فرما: جَب تُم اُس مُلک میں داخل ہو جاؤ، جہاں میں تُمہیں لیٔے جاتا ہُوں 19اَور تُم اُس مُلک کی پیداوار میں سے کھاؤ تو اُس کا کچھ حِصّہ یَاہوِہ کے لیٔے نذر کرنا۔ 20اَپنے پہلے گوندھے ہویٔے آٹے کی ایک روٹی پیش کرنا اَور اُسے کھلیان کے نذرانہ کے طور پر گذراننا۔ 21تمہاری آنے والی پُشتیں اَپنے پہلے گوندھے ہویٔے آٹے میں سے یَاہوِہ کے لیٔے یہ نذرانہ دیا کریں۔
غَیر اِرادتاً سرزد گُناہوں کی قُربانیاں
22” ’اگر تُم غَیر اِرادتاً یَاہوِہ کے مَوشہ کو دئیے ہویٔے اِن اَحکام میں سے کسی پر عَمل نہ کرو، 23یعنی جِس دِن سے یَاہوِہ نے حُکم دینا شروع کیا تَب سے تمام اَحکام جو یَاہوِہ نے آنے والی پُشتوں کے لیٔے مَوشہ کی مَعرفت دئیے۔ 24اَور اگر یہ غَیر اِرادتاً ہُوا ہو اَور جماعت کو اُس کا علم نہ ہو تو ساری جماعت ایک بچھڑا سوختنی نذر کے طور پر پیش کرے تاکہ وہ یَاہوِہ کے حُضُور فرحت بخش خُوشبو ہو اَور اُس کے ساتھ آئین کے مُطابق اُس کی اناج کی قُربانی اَور اُس کا تپاون#15:24 تپاون انگوری شِیرہ بھی ہو سکتا ہے بھی چڑھائے اَور گُناہ کی قُربانی کے طور پر ایک بکرا پیش کرے۔ 25یُوں کاہِنؔ بنی اِسرائیل کی ساری جماعت کے لیٔے کفّارہ دے اَور وہ بخش دئیے جایٔیں گے کیونکہ یہ خطا دانستہ طور پر نہیں ہُوئی تھی اَور اُنہُوں نے اَپنی خطا کے عِوض یَاہوِہ کے حُضُور آتِشی قُربانی اَور گُناہ کی قُربانی پیش کر دی تھی۔ 26تَب بنی اِسرائیل کی ساری جماعت اَور اُن کے ساتھ رہنے والے پردیسی مُعاف کئے جایٔیں گے کیونکہ سبھی لوگ اِس نادانستہ خطا میں شریک تھے۔
27” ’لیکن اگر صِرف ایک ہی شخص غَیر اِرادتاً گُناہ کرے تو وہ یک سالہ بکری گُناہ کی قُربانی کے طور پر پیش کرے 28اَور کاہِنؔ غَیر اِرادتاً گُناہ کرنے والے کی خاطِر یَاہوِہ کے حُضُور میں کفّارہ دے اَور جَب اُس کے لیٔے کفّارہ دے دیا جائے گا تو وہ مُعافی پایٔےگا۔ 29غَیر اِرادتاً گُناہ کرنے والے ہر شخص کے لیٔے ایک ہی آئین ہو خواہ وہ مُلک اِسرائیل کا باشِندہ ہو یا غَیراِسرائیلی۔
30” ’لیکن جو شخص جان بوجھ کر گُناہ کرے خواہ وہ مُلک اِسرائیل کا باشِندہ ہو یا غَیراِسرائیلی ہو وہ یَاہوِہ کی اہانت کرتا ہے اَور وہ شخص اَپنے لوگوں میں سے کاٹ ڈالا جائے۔ 31چونکہ اُس نے یَاہوِہ کے کلام کی تحقیر کی اَور اُن کی حُکم عُدولی کی اِس لیٔے وہ شخص ضروُر کاٹ ڈالا جائے۔ اُس کا گُناہ اُسی کے سَر لگے گا۔‘ “
سَبت توڑنے والوں کو سزائے موت
32جَب بنی اِسرائیل بیابان میں رہتے تھے تَب ایک شخص سَبت کے دِن لکڑیاں جمع کرتا ہُوا پایا گیا۔ 33جنہوں نے اُسے لکڑیاں جمع کرتے ہویٔے پایاتھا وہ اُسے مَوشہ اَور اَہرونؔ اَور ساری جماعت کے پاس لے آئے 34اَور اُنہُوں نے اُسے حِراست میں رکھا کیونکہ یہ واضح نہ تھا کہ اُس کے ساتھ کیا سلُوک کیا جائے۔ 35تَب یَاہوِہ نے مَوشہ سے فرمایا، ”یہ آدمی مار ڈالا جائے۔ ساری جماعت چھاؤنی کے باہر اُسے سنگسار کرے۔“ 36چنانچہ جَیسا یَاہوِہ نے مَوشہ کو حُکم دیا تھا اُسی کے مُطابق جماعت نے اُسے چھاؤنی کے باہر لے جا کر سنگسار کیا اَور وہ مَر گیا۔
کُرتوں کے کناروں پر جھالریں لگانا
37یَاہوِہ نے مَوشہ سے کہا، 38”بنی اِسرائیل سے مُخاطِب ہو اَور اُن سے کہہ کہ وہ پُشت در پُشت اَپنے کُرتوں کے کناروں پر جھالریں لگائیں اَور ہر جھالر پر ایک نیلا ڈورا ٹانکیں۔ 39یہ جھالریں اَیسی ہُوں کہ جَب اُن پر تمہاری نگاہ پڑے تو یَاہوِہ کے سَب اَحکام تُمہیں یاد آئیں تاکہ تُم اُن پر عَمل کرو اَور اَپنے دِل اَور آنکھوں کی خواہشوں کی پیروی میں کویٔی فاحِشہ حرکت نہ کر بیٹھو۔ 40تَب تُم یاد کرکے میرے سَب حُکموں پر عَمل کروگے اَور اَپنے خُدا کے واسطے مُقدّس ہوگے۔ 41مَیں یَاہوِہ تمہارا خُدا ہُوں جو تُمہیں مِصر سے نکال لایا تاکہ تمہارا خُدا ٹھہروں۔ مَیں یَاہوِہ تمہارا خُدا ہُوں۔“
موجودہ انتخاب:
گِنتی 15: UCV
سرخی
شئیر
کاپی

کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in
اُردو ہم عصر ترجُمہ™، کِتاب مُقدّس
حق اِشاعت © 1999، 2005، 2022، 2024 Biblica, Inc.
کی اِجازت سے اِستعمال کیا جاتا ہے۔
دُنیا بھر میں تمام حق محفوظ۔
Holy Bible, Urdu Contemporary Version™
Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 by Biblica, Inc.
Used with permission.
All rights reserved worldwide.