گِنتی 13

13
مُلک کنعانؔ کا جائزہ
1یَاہوِہ نے مَوشہ سے فرمایا، 2”چند آدمیوں کو روانہ کر کہ وہ مُلکِ کنعانؔ کا جسے میں بنی اِسرائیل کو دے رہا ہُوں جائزہ لیں۔ تُم ہر آبائی قبیلہ کے سرداروں میں سے ایک ایک شخص کو بھیجنا۔“
3چنانچہ مَوشہ نے یَاہوِہ کے حُکم کے مُطابق پارانؔ کے بیابان سے اُنہیں روانہ کیا۔ وہ سَب اِسرائیلی سردار تھے۔
4اُن کے نام یہ ہیں:
رُوبِنؔ کے قبیلہ سے، زکُورؔ کا بیٹا شَمّوعؔ؛
5شمعُونؔ کے قبیلہ سے حَوریؔ کا بیٹا شافاطؔ؛
6یہُوداہؔ کے قبیلہ سے یفُنّہؔ کا بیٹا کالبؔ؛
7یِسَّکاؔر کے قبیلہ سے یُوسیفؔ کا بیٹا اِگالؔ؛
8اِفرائیمؔ کے قبیلہ سے نُونؔ کا بیٹا ہوشِیعؔ؛
9بِنیامین کے قبیلہ سے رفُوؔ کا بیٹا پَلطیؔ؛
10زبُولُون کے قبیلہ سے سودیؔ کا بیٹا گدّی ایل؛
11منشّہ کے قبیلہ سے (جو یُوسیفؔ کا قبیلہ تھا) سُوسیؔ کا بیٹا گدّی؛
12دانؔ کے قبیلہ سے گمّلیؔ کا بیٹا عمّی ایل؛
13آشیر کے قبیلہ سے مِیکاایلؔ کا بیٹا سَتُورؔ؛
14نفتالی کے قبیلہ سے وُفسیؔ کا بیٹا نَحّبِی؛
15گادؔ کے قبیلہ سے ماکیؔ کا بیٹا گیُوایلؔ۔
16یہ اُن لوگوں کے نام ہیں جنہیں مَوشہ نے اُس مُلک کا جائزہ لینے کے لیٔے بھیجا تھا۔ (مَوشہ نے نُونؔ کے بیٹے ہوشِیعؔ کا نام یہوشُعؔ رکھا۔)
17جَب مَوشہ نے اُنہیں مُلکِ کنعانؔ کا جائزہ لینے کے لیٔے بھیجا تو کہا، ”تُم نِیگیوؔ کی طرف سے ہوتے ہویٔے کوہستانی مُلک میں جانا۔ 18اَور دیکھنا کہ وہ مُلک کیسا ہے اَور وہاں کے باشِندے مضبُوط ہیں یا کمزور؛ تھوڑے ہیں یا بہت؛ 19وہ کِس قِسم کے مُلک میں بسے ہویٔے ہیں؟ وہ اَچھّا ہے یا بُرا؟ وہ کیسے شہروں میں رہتے ہیں؟ کیا وہ بغیر فصیلوں کے ہیں یا فصیلدار ہیں؟ 20وہاں کی زمین کیسی ہے؟ کیا وہ زرخیز ہے یا بنجر؟ اَور اُس میں درخت ہیں یا نہیں؟ ہمّت کرکے اَپنے ساتھ اُس مُلک کا کچھ پھل لے آنا۔“ (وہ انگور کی پہلی فصل کا موسم تھا۔)
21چنانچہ اُنہُوں نے جا کر صینؔ کے بیابان مدخل لیبو حماتؔ کی جانِب رحوبؔ تک اُس مُلک کا جائزہ لیا۔ 22وہ نِیگیوؔ سے ہوتے ہویٔے حِبرونؔ تک آئے جہاں عناق کے بیٹے احیمانؔ، شیشائی اَور تلمی رہتے تھے۔ (حِبرونؔ مِصر کے ضعنؔ سے سات سال قبل بسایا گیا تھا۔) 23جَب وہ اِشکلؔ کی وادی میں پہُنچے تو اُنہُوں نے ایک شاخ کاٹ لی جِس میں انگور کا صِرف ایک گُچّھا تھا جسے اُن میں سے دو آدمی ایک لاٹھی پر لٹکایٔے ہویٔے تھے۔ اَور وہ کچھ انار اَور اَنجیر بھی لے آئے۔ 24انگور کے اُس گُچّھے کے سبب جسے اِسرائیلیوں نے وہاں سے کاٹا تھا اُس مقام کا نام وادی اِشکلؔ رکھا گیا۔ 25چالیس دِن کے بعد وہ اُس مُلک کی صورت حال کا جائزہ لے کر لَوٹے۔
صورت حال کی اِطّلاع
26وہ پارانؔ کے بیابان میں قادِسؔ کے مقام پر مَوشہ، اَہرونؔ اَور بنی اِسرائیل کی ساری جماعت کے پاس لَوٹ آئے۔ وہاں اُنہُوں نے اُنہیں اَور تمام لوگوں کو سارا حال بتایا اَور اُنہیں اُس مُلک کے پھل بھی دِکھائے۔ 27اُنہُوں نے مَوشہ کو یہ احوال سُنایا: ”ہم اُس مُلک میں گیٔے جہاں تُم نے ہمیں بھیجا اَور وہاں واقعی دُودھ اَور شہد بہتا ہے اَور یہ پھل بھی وہاں کے ہیں۔ 28لیکن جو لوگ وہاں بستے ہیں وہ بڑے مضبُوط ہیں اَور وہاں کے شہر فصیلدار اَور نہایت بڑے ہیں۔ ہم نے وہاں بنی عناق کو بھی دیکھا۔ 29نِیگیوؔ میں تو عمالیقی آباد ہیں لیکن حِتّی، یبُوسی اَور امُوری کوہستانی علاقہ میں رہتے ہیں اَور کنعانی سمُندر کے پاس اَور یردنؔ کے ساحِل پر بسے ہویٔے ہیں۔“
30تَب کالبؔ نے مَوشہ کے سامنے سَب لوگوں کو چُپ کرایا اَور کہا، ”ہم جا کر کیوں نہ اُس مُلک پر قبضہ کر لیں کیونکہ ہم یقیناً اَیسا کر سکتے ہیں۔“
31لیکن جو لوگ اُس کے ساتھ گیٔے تھے وہ کہنے لگے، ”ہم اُن لوگوں پر حملہ نہیں کر سکتے کیونکہ وہ ہم سے زِیادہ زورآور ہیں۔“ 32اَور اِس طرح اُنہُوں نے بنی اِسرائیل کے درمیان اُس مُلک کے بارے میں جِس کا اُنہُوں نے جائزہ لیا تھا غلط خبر پھیلا دی۔ اُنہُوں نے کہا، ”جِس مُلک کا ہم نے جائزہ لیا وہ اَپنے باشِندوں کو کھا جاتا ہے۔ ہم نے وہاں جتنے لوگ بھی دیکھے وہ سَب بڑے قدآور ہیں۔ 33اَور ہم نے وہاں بنی نفیل کو بھی دیکھا (جو عناقیوں کی نَسل کے نفیلی قوم سے تھے)۔ ہم اُن کے سامنے ٹِڈّوں کی مانند نظر آنے لگے اَور اُنہُوں نے بھی ہمیں ٹِڈّے ہی سمجھا۔“

موجودہ انتخاب:

گِنتی 13: UCV

سرخی

شئیر

کاپی

None

کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in