YouVersion Logo
تلاش

نحمیاہ 1

1
نحمیاہ کی دُعا
1نحمیاہ بِن حکلیاہؔ کے الفاظ:
بیسویں سال کے کِسلیو کے مہینے میں جَب مَیں شُوشنؔ کے قلعہ میں تھا۔ 2تو میرے بھائیوں میں سے ایک جِس کا نام حنانیؔ تھا۔ چند آدمیوں کے ساتھ یہُوداہؔ سے آیا۔ مَیں نے اُس سے پُوچھا کہ وہ یہُودی جو جَلاوطن ہونے سے باقی بچ گیٔے تھے کیسے ہیں اَور یروشلیمؔ کا کیا حال ہے؟
3اُنہُوں نے مُجھے بتایا، ”وہ جو جَلاوطنی سے بچ گیٔے ہیں اَور صُوبہ میں رہتے ہیں بڑی مُصیبت اَور ذِلّت میں ہیں۔ یروشلیمؔ کی دیواریں ٹُوٹی پڑی ہیں اَور اُس کے پھاٹک آگ سے جَلا دیئے گیٔے ہیں۔“
4جَب مَیں نے یہ باتیں سُنیں تو بیٹھ کر رونے لگا۔ مَیں نے کیٔی دِنوں تک ماتم کیا اَور روزہ رکھا اَور آسمان کے خُدا کے حُضُور دعا کی۔ 5پھر مَیں نے کہا:
”یَاہوِہ، آسمان کے خُدائے عظیم اَور مُہیب خُدا، جو اَپنے پیار کے عہد کو اُن لوگوں کے ساتھ رکھتے ہیں جو اُن سے مَحَبّت کرتے ہیں اَور اُن کے اَحکام پر عَمل کرتے ہیں۔ 6اَپنے بندہ کی اِس دُعا کو سُننے کے لیٔے اَپنے کان لگائیں اَور اَپنی آنکھیں کھُلی رکھیں جسے وہ دِن رات آپ کے خادِموں یعنی بنی اِسرائیل کے لیٔے کرتے ہیں۔ مَیں اُن گُناہوں کا اقرار کرتا ہُوں جو ہم اِسرائیلیوں نے، ساتھ ہی میں اَور میرا آبائی خاندان بھی شامل ہے آپ کے خِلاف کئے ہیں۔ 7ہم نے آپ کے خِلاف بڑی بدی کی ہے۔ یعنی ہم نے اُن اَحکام، قوانین اَور آئین کو نہیں مانا جو آپ نے اَپنے بندہ مَوشہ کو دئیے تھے۔
8”اُن ہدایات کو یاد کریں جو آپ نے اَپنے خادِم مَوشہ کو دی تھیں، ’اگر تُم نافرمانی کروگے تو مَیں تُمہیں تمام قوموں کے درمیان پراگندہ کر دُوں گا۔ 9لیکن اگر تُم میری طرف پھروگے اَور میرے حُکموں کو مانوگے تو مَیں تمہارے لوگوں کو خواہ وہ زمین پر کہیں بھی جَلاوطن کئے گیٔے ہُوں جمع کرکے اُس جگہ لاؤں گا جسے مَیں نے اَپنے نام کو قائِم رکھنے کے لئے چُناہے۔‘
10”وہ آپ کے خادِم اَور آپ کے لوگ ہیں جنہیں آپ نے اَپنی بڑی قُوّت اَور قوی ہاتھ کے ذریعہ چھُڑایا۔ 11یَاہوِہ اَپنے اِس خادِم کی دعا سُنیں اَور اَپنے اُن خادِموں کی دعاؤں پرجو آپ کے نام کی بڑی تعظیم کرتے ہیں کان لگائیں۔ جَب آپ کا خادِم اُس شخص (بادشاہ) کے حُضُور میں اَپنی درخواست لے کر جاتا ہے تو اَپنے خادِم پر کرم فرمائیں اَور اُسے کامیابی سے ہمکنار کریں۔“
اُس وقت میں بادشاہ کا ساقی تھا۔

موجودہ انتخاب:

نحمیاہ 1: UCV

سرخی

شئیر

کاپی

None

کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in