جَب وہ یروشلیمؔ کے نَزدیک پہُنچے اَور کوہِ زَیتُون پر بیت فگے کے پاس آئے، تو حُضُور عیسیٰ نے اَپنے دو شاگردوں کو یہ حُکم دے کر آگے بھیجا، ”اَپنے سامنے والے گاؤں میں جاؤ، وہاں داخل ہوتے ہی تُمہیں ایک گدھی بندھی ہُوئی، اَور اُس کے ساتھ اُس کا بچّہ بھی ہوگا۔ اُنہیں کھول کر میرے پاس لے آنا۔ اَور اگر کویٔی تُم سے کُچھ کہے تو اُس سے کہنا کہ خُداوؔند کو اِن کی ضروُرت ہے، وہ فوراً ہی اُنہیں بھیج دے گا۔“ یہ اِس لیٔے ہُوا کہ جو کُچھ نبی کی مَعرفت فرمایا گیا تھا، وہ پُورا ہو جائے: ”صِیّونؔ کی بیٹی سے کہو کہ ’تیرا بادشاہ تیرے پاس آتا ہے، وہ حلیم ہے اَور گدھے پر سوار ہے، ہاں گدھی کے بچّے پر، بوجھ ڈھونے والے کے بچّے پر۔‘ “ چنانچہ شاگرد روانہ ہوئے اَور جَیسا حُضُور عیسیٰ نے اُنہیں حُکم دیا تھا وَیسا ہی کیا۔ وہ گدھے اَور اُس کے بچّے کو لے آئے اَور اَپنے کپڑے اُن پر ڈال دئیے اَور حُضُور اُس پر سوار ہو گیٔے۔ اَور ہُجوم میں سے بہت سے لوگوں نے اَپنے کپڑے راستے میں بچھا دئیے اَور بعض نے درختوں کی ڈالیاں کاٹ کاٹ کر راستہ میں پھیلا دیں۔ اَور وہ ہُجوم جو حُضُور عیسیٰ کے آگے آگے اَور پیچھے پیچھے چل رہاتھا، نعرے لگانے لگا، ”اِبن داؤؔد کی ہوشعنا!“ ”مُبارک ہے وہ جو خُداوؔند کے نام سے آتا ہے!“ ”عالمِ بالا پر ہوشعنا!“ اَور جَب حُضُور عیسیٰ یروشلیمؔ شہر میں داخل ہویٔے تو سارے شہر میں ہلچل مچ گئی اَور لوگ پُوچھنے لگے کہ، ”یہ کون ہے؟“ ہُجوم نے کہا، ”یہ صُوبہ گلِیل کے شہر ناصرتؔ کے نبی حُضُور عیسیٰ ہیں۔“ اَور حُضُور عیسیٰ بیت المُقدّس کے صحنوں میں داخل ہویٔے اَور آپ وہاں سے خریدو فروخت کرنے وَالوں کو باہر نکالنے لگے۔ آپ نے پیسے تبدیل کرنے والے صرّافوں کے تختے اَور کبُوتر فروشوں کی چَوکیاں اُلٹ دیں۔ اَور حُضُور عیسیٰ نے اُن سے کہا، ”لِکھّا ہے، ’میرا گھر دعا کا گھر کہلائے گا،‘ مگر تُم نے اُسے ’ڈاکوؤں کا اڈّا بنا رکھا ہے۔‘“ تَب کیٔی اَندھے اَور لنگڑے بیت المُقدّس میں حُضُور کے پاس آئے اَور آپ نے اُنہیں شفا بخشی۔ لیکن جَب اہم کاہِنؔوں اَور شَریعت کے عالِموں نے آپ کے معجزے دیکھے اَور لڑکوں کو بیت المُقدّس میں، ”اِبن داؤؔد کی ہوشعنا“ پُکارتے دیکھا تو خفا ہو گیٔے۔ ”اَور اُنہُوں نے حُضُور عیسیٰ سے پُوچھا، کیا آپ سُن رہے ہیں کہ یہ بچّے کیا نعرے لگا رہے ہیں؟“ حُضُور عیسیٰ نے اُن سے فرمایا، ”ہاں، میں سُن رہا ہُوں، کیاتُم نے یہ کبھی نہیں پڑھا، ” ’بچّوں اَور شیرخواروں کے لبوں سے بھی اَے خُداوؔند، آپ نے، اَپنی حَمد کروائی‘؟“ اَور تَب حُضُور اُنہیں چھوڑکر شہر سے باہر اَور بیت عنیّاہ گاؤں میں گیٔے اَور رات کو وہیں رہے۔ اَور جَب صُبح کو پھر حُضُور عیسیٰ شہر کی طرف جا رہے تھے تو آپ کو بھُوک لگی۔ حُضُور نے راہ کے کنارے اَنجیر کا درخت دیکھا اَور وہ نَزدیک پہنچاتو سِوائے پتّوں کے اُس میں اَور کُچھ نہ پایا۔ لہٰذا آپ نے درخت سے فرمایا، ”آئندہ تُجھ میں کبھی پھل نہ لگے۔“ اَور اُسی وقت اَنجیر کا درخت سُوکھ گیا۔ شاگردوں نے یہ دیکھا تو حیران ہوکر پُوچھنے لگے کہ، ”یہ اَنجیر کا درخت ایک دَم کیسے سُوکھ گیا؟“ حُضُور عیسیٰ نے جَواب دیا، ”میں تُم سے سچ کہتا ہُوں کہ اگر تُم ایمان رکھو اَور شک نہ کرو تو، تُم نہ صِرف وُہی کرو گے جو اَنجیر کے درخت کے ساتھ ہُوا، لیکن اگر اِس پہاڑ سے بھی کہو گے، ’اَپنی جگہ سے اُکھڑ جا اَور سمُندر میں جا گِر،‘ تو یہ بھی ہو جائے گا۔ اَورجو کُچھ دعا میں ایمان کے ساتھ مانگوگے وہ سَب تُمہیں مِل جائے گا۔“
پڑھیں متّی 21
سنیں متّی 21
دوسروں تک پہنچائیں
مختلف ترجموں سے موازنہ: متّی 1:21-22
آیات کو محفوظ کریں، Internet کے بغیر پڑھیں، تدریسی video دیکھیں، اور بہت کچھ!
صفحہ اول
بائبل
مطالعاتی منصوبہ
Videos