یَاہوِہ نے مَوشہ سے فرمایا، ”کسی کوڑھی کے پاک قرار ٹھہرانے کی رسمی طہارت کے ضوابط یہ ہیں، جَب اُسے کاہِنؔ کے پاس لایا جائے: کاہِنؔ چھاؤنی کے باہر جا کر اُس کا مُعائنہ کرے۔ اَور اگر وہ شخص اَپنی کوڑھ کی بیماری سے شفایاب ہو چُکاہے، تو کاہِنؔ حُکم دے کہ پاک قرار دئیے جانے والے کے لیٔے دو زندہ پاک پرندے اَور دیودار کی لکڑی اَور قِرمزی رنگ کا سُوت اَور زُوفا لایا جائے۔ پھر کاہِنؔ بہتے ہویٔے پانی کے اُوپر مٹّی کے ایک برتن میں اُن دونوں پرندوں میں سے ایک پرندے کو ذبح کرنے کا حُکم دے۔ پھر وہ دُوسرے زندہ پرندہ کو دیودار کی لکڑی اَور قِرمزی سُوت اَور زُوفا ساتھ لے کر اُنہیں اَور اُس زندہ پرندہ کو اُس پرندہ کے خُون میں ڈُبو دے جسے بہتے ہویٔے پانی کے اُوپر ذبح کیا گیا تھا۔ اَور کاہِنؔ اُس پرندہ کے خُون کو سات بار اُس شخص پر چھڑک دے، جو کوڑھ سے پاک و صَاف قرار دیا جا رہاہے، پھر کاہِنؔ اُس شخص کو پاک و صَاف قرار دے اَور اُس زندہ پرندہ کو کھُلے میدان میں چھوڑ دے۔ ”پھر اُس پاک و صَاف قرار دئیے جانے والے شخص کے لیٔے لازِم ہے کہ وہ اَپنے کپڑے دھوئے اَپنے سارے بال مُنڈوائے اَور پانی سے غُسل کرے، تَب وہ رسماً پاک سمجھا جائے گا۔ اِس کے بعد ہی وہ چھاؤنی میں آسکتا ہے، لیکن ضروُری ہے کہ وہ سات دِن تک اَپنے خیمہ سے باہر ہی ٹھہرے۔ اَور ساتویں دِن وہ اَپنے سَر کے بال، داڑھی، اَبرو اَور سارے بال ضروُر مُنڈوا لے؛ لازِم ہے کہ وہ اَپنے کپڑے دھوئے اَور پانی سے غُسل کرے۔ تَب وہ پاک ہوگا۔ ”اَور آٹھویں دِن وہ دو بے عیب نر برّے اَور ایک ایک سالہ بے عیب مادہ برّہ اَور اناج کی نذر کے لیٔے پانچ کِلو کے برابر تیل مِلا ہُوا مَیدہ اَور ایک تہائی لیٹر تیل لے۔ پھر جو کاہِنؔ اُس شخص کو پاک قرار ہونے کا اعلان کر رہاہے، وہ خیمہ اِجتماع کے مدخل پر اُس شخص کو اَور اِن چیزوں کو یَاہوِہ کے حُضُور پیش کرے۔ ”پھر کاہِنؔ ایک نر برّہ اَور ایک تہائی لیٹر تیل کو خطا کی قُربانی کے واسطے اَور ہلانے کی نذر کی قُربانی کے طور پر یَاہوِہ کے حُضُور پیش کرے۔ اِس کے بعد کاہِنؔ اُس نر برّہ کو اُس پاک مَقدِس میں ذبح کرے، جہاں گُناہ کی قُربانی اَور سوختنی نذر کے جانوروں کو ذبح کیا جاتا ہے؛ کیونکہ گُناہ کی قُربانی، خطا کی قُربانی کے مانند کاہِنؔ کا مُقرّر حِصّہ ہے؛ اَور یہ نہایت ہی مُقدّس ہے۔ اَور کاہِنؔ اُس خطا کی قُربانی کا کچھ خُون لے کر پاک قرار دئیے جانے والے شخص کے داہنے کان کی لَو پر، داہنے ہاتھ کے انگُوٹھے پر اَور داہنے پاؤں کے انگُوٹھے پر لگائے۔ اِس کے بعد کاہِنؔ اُس ایک تہائی لیٹر تیل میں سے کچھ تیل لے کر اَپنے بائیں ہاتھ کی ہتھیلی پر اُنڈیل دے، پھر کاہِنؔ اَپنے داہنی ہاتھ کی اُنگشتِ شہادت کو اَپنی بائیں ہتھیلی میں رکھے ہُوئے تیل میں ڈبوئے اَور اَپنی اُنگلی سے اُس تیل کو سات بار یَاہوِہ کے حُضُور چھڑکے۔ اَور کاہِنؔ اَپنی ہتھیلی کے باقی بچے ہویٔے تیل میں سے کچھ پاک قرار دیئے جانے والے کے داہنے کان کی لَو پر، اُس کے داہنے ہاتھ کے انگُوٹھے پر اَور اُس کے داہنے پاؤں کے انگُوٹھے پر لگا دے، جِن پر خطا کی قُربانی کا خُون لگا ہُواہے۔ اَور کاہِنؔ اَپنی ہتھیلی کے باقی بچے ہویٔے تیل کو پاک قرار دئیے جانے والے شخص کے سَر پر بھی لگا دے اَور یَاہوِہ کے حُضُور اُس کے لیٔے کفّارہ دے۔ ”اَور پھر کاہِنؔ گُناہ کی قُربانی پیش کرنے اَور ناپاکی سے پاک قرار دیئے جانے والے کے لیٔے کفّارہ دے۔ اُس کے بعد کاہِنؔ سوختنی نذر کے جانور کو ذبح کرے۔ اَور کاہِنؔ اُسے سوختنی نذر اَور اناج کی نذر کی قُربانی کے ہمراہ مذبح پر چڑھا کر کفّارہ دے اَور وہ پاک ٹھہرے گا۔
پڑھیں اَحبار 14
شئیر
مختلف ترجموں سے موازنہ: اَحبار 1:14-20
آیات کو محفوظ کریں، Internet کے بغیر پڑھیں، تدریسی video دیکھیں، اور بہت کچھ!
صفحہ اول
بائبل
مطالعاتی منصوبہ
Videos