YouVersion Logo
تلاش

یہوشُعؔ 1:24-13

یہوشُعؔ 1:24-13 UCV

تَب یہوشُعؔ نے اِسرائیل کے سَب قبیلوں کو شِکیمؔ میں جمع کیا۔ اُنہُوں نے اِسرائیل کے بُزرگوں، اُمرا، قاضیوں اَور اہلکاروں کو بُلایا اَور وہ خُدا کے حُضُور مَیں حاضِر ہُوئے۔ یہوشُعؔ نے سَب لوگوں سے کہا، ”یَاہوِہ، بنی اِسرائیل کے خُدا کا یہ فرمان ہے: ’عرصہ ہُوا جَب تمہارے آباؤاَجداد جِن میں اَبراہامؔ اَور ناحوؔر کا باپ تیراحؔ بھی شامل ہے دریائے فراتؔ کے اُس پار رہتے تھے اَور غَیر معبُودوں کی پرستش کرتے تھے۔ لیکن مَیں نے تمہارے باپ اَبراہامؔ کو دریا کے پار کے مُلک سے لے کر کنعانؔ کے سارے مُلک میں اُس کی رہبری کی اَور اُس کی نَسل بڑھائی۔ مَیں نے اُسے اِصحاقؔ عنایت کیا۔ اَور اِصحاقؔ کو یعقوب اَور عیسَوؔ بخشے۔ اَور مَیں نے عیسَوؔ کو سِعِیؔر کا کوہستانی مُلک دے دیا لیکن یعقوب اَور اُس کے بیٹے مِصر چلے گیٔے۔ ” ’پھر مَیں نے مَوشہ اَور اَہرونؔ کو بھیجا اَور مَیں نے مِصر میں مُصیبتیں برپا کرکے مِصریوں کو خُوب مارا اَور مَیں وہاں سے تُمہیں نکال لایا۔ جَب مَیں تمہارے آباؤاَجداد کو مِصر سے نکال لایا تَب تُم سمُندر کے ساحِل تک جا پہُنچے اَور مِصریوں نے رتھوں اَور گُھڑسواروں کے ساتھ بحرِقُلزمؔ تک اُن کا تعاقب کیا۔ لیکن اُنہُوں نے یَاہوِہ سے اِمداد کے لیٔے فریاد کی اَور اُنہُوں نے تمہارے اَور مِصریوں کے درمیان اَندھیرا کر دیا۔ وہ سمُندر کو اُن کے اُوپر چڑھا لائے اَور اُنہیں غرق کر دیا۔ تُم نے خُود اَپنی آنکھوں سے دیکھا کہ مَیں نے مِصریوں کے ساتھ کیا کیا۔ پھر تُم ایک لمبے عرصہ تک بیابان میں رہے۔ ” ’مَیں تُمہیں امُوریوں کے مُلک میں لے آیا جو یردنؔ کے مشرق میں رہتے تھے۔ وہ تُم سے لڑے لیکن مَیں نے تُمہیں فتح بخشی۔ مَیں نے اُنہیں تمہارے سامنے نِیست و نابود کر دیا اَور تُم اُن کے مُلک پر قابض ہو گئے۔ جَب مُوآب کا بادشاہ بلقؔ بِن صِفُورؔ اِسرائیل پر چڑھائی کی تیّاریاں کرنے لگا تو اُس نے بِلعاؔم بِن بعورؔ کو بُلا بھیجا تاکہ وہ تُم پر لعنت کرے۔ لیکن مَیں نے بِلعاؔم کی ایک نہ سُنی اِس لیٔے وہ مجبُور ہو گیا کہ تُمہیں برکت دے۔ یُوں مَیں نے تُمہیں بلقؔ کے ہاتھ سے چھُڑا لیا۔ ” ’پھر تُم یردنؔ پار ہوکر یریحوؔ آئے اَور یریحوؔ کے باشِندے، امُوری، پَرزّی، کنعانی، حِتّی، گِرگاشی، حِوّیؔ اَور یبُوسی تُم سے لڑے لیکن مَیں نے اُنہیں تمہارے ہاتھ میں کر دیا۔ مَیں نے زنبوروں کو تمہارے آگے بھیجا جنہوں نے اُنہیں اَور دو امُوری بادشاہوں کو تمہارے سامنے سے بھگا دیا۔ یہ تمہاری تلوار یا کمان کا کمال نہیں تھا۔ اِس طرح مَیں نے تُمہیں وہ مُلک عطا کیا جِس پر تُم نے محنت نہ کی تھی اَور وہ شہر عنایت کئے جنہیں تُم نے تعمیر نہیں کیا تھا اَور تُم اُن میں بسے ہُوئے ہو اَور اُن تاکستانوں اَور زَیتُون کے باغوں کا پھل کھاتے ہو جو تمہارے لگائے ہُوئے نہیں ہیں۔‘

پڑھیں یہوشُعؔ 24