ایُّوب 15:40-24

ایُّوب 15:40-24 UCV

”دریائی گھوڑے کو دیکھو جسے مَیں نے تمہارے ساتھ ساتھ بنایا، جو بَیل کی طرح گھاس کھاتا ہے۔ اُس کا زور اُس کی کمر میں ہے، اَور اُس کے پیٹ کے پٹھّے کس قدر مضبُوط ہیں! اُس کی دُم دیودار کی طرح ہلتی ہے اُس کی رانوں کی نسیں باہم مربوط ہیں؛ اُس کی ہڈّیاں کانسے کی نلیوں کی طرح، اَور اُس کے اَعضا لوہے کی سلاخوں کی مانند ہیں۔ وہ خُدا کی تخلیق کا شاہکار ہے، پھر بھی اُس کا خالق تلوار لے کر ہی اُس کے پاس آسکتا ہے۔ پہاڑیاں اُس کے لیٔے چارا لاتی ہیں، جہاں تمام جنگلی جانور آس پاس کھیلتے کودتے ہیں۔ کنول کے پَودوں کے نیچے وہ لیٹتا ہے، اَور دلدل کے سَرکنڈوں کی آڑ میں چھُپا رہتاہے۔ کنول اَپنی چھاؤں میں اُسے چھُپا لیتے ہیں؛ دریا کے بید کے درخت اُسے گھیر لیتے ہیں۔ اگر دریا میں باڑھ بھی ہو تو وہ نہیں گھبراتا؛ خواہ دریائے یردنؔ اُس کے مُنہ تک چڑھ آئے وہ محفوظ رہتاہے۔ کیا کویٔی اُسے جَب وہ ہوشیار ہو تو پکڑ سَکتا ہے، یا پھندا لگا کر اُس کی ناک چھید کر نتھ پہنا سَکتا ہے؟